ہندوستان کے سابق اسپن گیندباز دلیپ دوشی کا ۷۷؍سال کی عمر میں لندن میں منگل کے روز انتقال ہو گیا۔ ۱۹۴۷ء میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے لندن میں آخری سانسیں لیں۔
EPAPER
Updated: June 25, 2025, 1:31 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستان کے سابق اسپن گیندباز دلیپ دوشی کا ۷۷؍سال کی عمر میں لندن میں منگل کے روز انتقال ہو گیا۔ ۱۹۴۷ء میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے لندن میں آخری سانسیں لیں۔
ہندوستان کے سابق اسپن گیندباز دلیپ دوشی کا ۷۷؍سال کی عمر میں لندن میں منگل کے روز انتقال ہو گیا۔ ۱۹۴۷ء میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے لندن میں آخری سانسیں لیں۔ ان کے انتقال سے کرکٹ کی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوشی اپنے کرکٹ کریئر کے بعد ایک کامیاب ہندی کمنٹیٹر کے طور پر بھی بہت مقبول رہے۔
کسی تعارف کے محتاج نہیں
فرسٹ کلاس کرکٹ میں ۸۹۸؍وکٹیں حاصل کرنے والے دلیپ دوشی نے ۲۳۸؍ فرسٹ کلاس مقابلوں میں ۴۳؍بار ایک اننگز میں ۵؍یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ ۶؍ بار ایک میچ میں ۱۰؍وکٹیں بھی ان کے نام ہیں۔ ان کے انتقال پر سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن نے کہا کہ وہ اپنے پیچھے مہارت، عزم اور بہترین کارکردگی کی ایک بھرپور وراثت چھوڑ گئے ہیں۔ حال ہی میں دوشی کو بی سی سی آئی نے ایک تقریب میں اعزاز سے بھی نوازا تھا۔ وہ اس مہینے کے آغاز میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں بھی شامل ہوئے تھے۔
لندن میں انتقال
خبروں کے مطابق بائیں ہاتھ کے اسپن گیندباز دلیپ دوشی کا انتقال دل سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے ہوا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق دوشی گزشتہ کئی برسوں سے لندن میں ہی رہ رہے تھے۔ ان کے خاندان میں اہلیہ کالندی، بیٹا نین اور بیٹی وشاکھا شامل ہیں۔ بیٹا نین انگلینڈ کی کاؤنٹی کرکٹ ’سرے‘ اور مہاراشٹر کے سوراشٹر سے کرکٹ کھیل چکا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کریئر
۱۹۷۰ءکی دہائی میں ۳۲؍سال کی عمر میں کرکٹ میں قدم رکھنے والے دلیپ دوشی کا بین الاقوامی کریئر طویل نہیں رہا۔ انہوں نے ۱۹۸۰ء کی دہائی میں بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔ دوشی نے اپنی خودنوشت ’اسپن پنچ‘ میں کرکٹ کریئر پر تفصیل سے بات کی ہے۔
بی سی سی آئی نے دلیپ دوشی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیااوراپنے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر دلیپ دوشی کی تصویر شیئر کر کے اس دکھ بھری خبر کے بارے میں معلومات دی۔ اس پیغام میں بورڈ نے کہا’’بی سی سی آئی سابق اسپن گیندباز دلیپ دوشی کے انتقال پر غم کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا لندن میں انتقال ہو گیا۔ اوپر والا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔ ‘‘
کیسا رہا دلیپ دوشی کا کرکٹ کریئر
۳۳؍ٹیسٹ میچوں میں ۱۱۴؍وکٹیں حاصل کرنے والے دلیپ دوشی کتنے کامیاب اسپنر رہے، اس کا اندازہ اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ۶؍ بار ایک اننگز میں ۵؍ وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی کی انجام دیا۔ ون ڈے کرکٹ میں بھی دوشی بہت کفایتی گیندباز ثابت ہوئے۔ انہوں نے ۱۵؍میچوں میں ۲۲؍وکٹیں حاصل کیں۔ دلیپ دوشی ہندوستانی گھریلو کرکٹ کے علاوہ کاؤنٹی کرکٹ میں بھی کھیلے۔ انہوں نے سوراشٹر اور بنگال کی ٹیم کے ساتھ بھی کرکٹ کھیلی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی کاؤنٹی کرکٹ میں دوشی نے وارکشائر اور ناٹنگھم شائر کیلئے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔
کمبلے اور سچن نے تعزیت کا اظہار کیا
سابق اسپن گیندباز اور کپتان رہے انل کمبلے نے دلیپ دوشی کے انتقال پر’ ایکس‘ پر لکھا ’’دلیپ بھائی کے انتقال کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا۔ خدا ان کے خاندان اور دوستوں کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔ ‘‘ کمبلے نے دوشی کے بیٹے نین کو دوست بتا کر ان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔
عظیم بلے باز سچن تینڈولکر نے بھی دلیپ دوشی کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم اپر لکھا’’میں دلیپ بھائی سے پہلی بار ۱۹۹۰ء میں برطانیہ میں ملا تھا اور اس دورے پر انہوں نے نیٹ پر میرے لئے گیند بازی بھی کی تھی۔ وہ مجھ سے بہت پیار کرتے تھے، اور میں نے بھی ان کے جذبات کا جواب دیا۔ دلیپ بھائی جیسے گرمجوش دل والے شخص کی بہت یاد آئے گی۔ میں ان کی کرکٹ سے متعلق بات چیت کو بہت یاد کروں گا۔ ‘‘