صدر رام چندر پوڈل کے ترجمان نے اعلان کیا کہ صدر نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرکےعبوری حکومت کو قیادت سونپی ہے۔
EPAPER
Updated: September 13, 2025, 2:25 PM IST | Agency | Kathmandu
صدر رام چندر پوڈل کے ترجمان نے اعلان کیا کہ صدر نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرکےعبوری حکومت کو قیادت سونپی ہے۔
نیپال کا سیاسی بحران حل کرنے کیلئے جاری مذاکرات نتیجہ خیز رہے۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ کی رات صدر رام چندر پوڈل نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور عبوری وزیراعظم کے طور پر سابق جسٹس سشیلا کارکی کو نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔صدر کے ترجمان کرن پوکھریل نے اس کی اطلاع ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سبکدوش جسٹس سشیلا کارکی کا انتخاب اس لئے عمل میں آیا کہ کیونکہ ملک کی نئی نسل ( جنریشن زی ) جس نے اولی حکومت کا تختہ پلٹ دیا، کی اکثریت چاہتی ہے کہ سابق چیف جسٹس عبوری سربراہ مقرر کی جائیں۔ رپورٹ کےمطابق پارلیمان کو تحلیل کرکے عبوری کابینہ تشکیل دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ اوم پرکاش آریل کو عبوری وزیر بنایا جاسکتا ہے۔جنریش زی کے نمائندے کو بھی عبوری کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے کی کشیدگی کے بعد اب نیپال میں حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ ملک میں کچھ سڑکیں اب بھی بند ہیں جبکہ فوج کا گشت بھی جاری ہے، علاوہ ازیں شام۷؍ سے صبح۶؍ بجے تک کرفیو نافذ ہے۔ کچھ مقامات پر مظاہرے اور تشدد کی اطلاعات ہیں۔ گزشتہ پیر سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر۵۱؍ ہو گئی ہے۔ کھٹمنڈو پوسٹ نے سوشل میڈیا ایکس پر یہ اطلاع دی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ نیپال پولیس کے شریک ترجمان، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رمیش تھاپا نے جمعہ کو بتایا کہ مرنے والوں میں۴۷؍ نیپالی شہری، ۳؍ پولیس اہلکار، ایک ہندوستانی شہری شامل ہے۔ مہاراج گنج کے تریبھون یونیورسٹی ٹیچنگ اسپتال میں مرنے والوں میں سے۳۶؍ کی لاشیں رکھی گئی ہیں۔ ان لاشوں کا پوسٹ مارٹم یہاں کیا گیا۔