• Sat, 13 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیاکپ: پاکستان نے عمان کو ۹۳؍رن سے روند دیا

Updated: September 13, 2025, 3:37 PM IST | Dubai

پاکستان نے ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت عمان کو ۹۳؍ رن سے شکست دی۔ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کیا

Saim Ayub.Photo:INN
صائم ایوب۔ تصویر:آئی این این

پاکستان نے ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت عمان کو ۹۳؍ رن  سے شکست دی۔۱۶۱؍ رن کا ہدف حاصل کرنے اتری عمان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم نے۲؍ رن پر پہلا وکٹ گنوا دیا۔ صائم ایوب نے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر کپتان جتندر سنگھ کو بولڈ کر دیا۔نئی گیند سے پہلا اوور کرانے والے شاہین شاہ آفریدی نے محض ۲؍ رن دیئے۔ دونوں رن سنگل سے آئے۔

صائم ایوب نے لگاتار دوسرے اوور کی پہلی گیند پر وکٹ لیا۔ انہوں نے عامر کلیم کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔   اپنے پچھلے اوور میں انہوں نے کپتان جتندر (ایک)کو پویلین کا راستہ دکھایا تھا۔ عمان نے پاور پلے کے اندر ہی جلد اپنے سلامی بلے بازوں کی وکٹ گنوا دیں ۔ ساتویں اوور میں عمان نے تیسرا وکٹ گنوایا۔ عمان کے بلے بازوں نے مایوس کیا اور وکٹ گرنے کا سلسلہ  جاری رہا۔ ۹؍ویں اوور میں سفیان مقیم کی گیند پر دو کھلاڑیوں نے اپنا وکٹ گنوا دیا۔ سفیان نے ونایک شکلا (۲؍ رن ) کو شاہین شاہ آفریدی کے ڈائرکٹ تھرو پر رن آؤٹ کروایا۔ اس کے بعد اسی اوور کی پانچویں گیند پر سفیان نے حماد مرزا (۲۷؍ رن) کو سلمان آغا کے ہاتھوں  کیچ کروایا۔ اس طرح مقیم نے ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔  ۱۶۱؍ رن کا ہدف حاصل کرنے اتری عمان  نے۵۰؍ رن پر اپنے ۷؍ وکٹ گنوا  دیئے تھے۔  عمان نے جلد ہی۱۲؍ اوور میں اپنا آٹھواں کھلاڑی بھی گنوا دیا۔ شاہین شاہ نے پاکستان کو ۸؍ویں کامیابی دلاتے ہوئے فیصل شاہ (ایک رن) کو بولڈ کیا۔ پاکستان کے گیندبازوں کے سامنے عمان کے بلے باز بے بس نظر آئے اور جلدہی ٹیم نے اپنا نواں وکٹ بھی گنوا دیا۔۱۳؍ ویں اوور میں عمان نے حسنین شاہ کا وکٹ گنوادیا انہیں فہیم اشرف نے اپنا شکار بنایا ۔   پاکستان کی جانب سے  صائم، مقیم اور فہیم نے۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔

یہ بھی پڑھیئے:ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کو جاپان کیخلاف محتاط رہنا ہوگا

اس سے قبل بلے بازی کے لیے اُتری پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پہلے ہی اوور میں شاہ فیصل نے صائم ایوب (صفر) کو شکار بنا لیا۔ اس کے بعد محمد حارث بلے بازی کے لیے آئے اور صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے۸۵؍ رن کی شراکت ہوئی۔۱۱؍ویں اوور میں کلیم نے صاحب زادہ فرحان (۲۹؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔  اس کے بعد فخر زمان بلے بازی کے لیے آئے اور محمد حارث کے ساتھ کریز پر جمے رہنے کی کوشش کی، لیکن۱۳؍ویں اوور میں عامر نے حارث کو بولڈ کر کے پاکستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ محمد حارث نے۴۳؍ گیندوں پر ۷؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگاتے ہوئے ۶۶؍ رن بنائے۔ اسی اوور میں عامر نے اگلی ہی گیند پر کپتان سلمان علی آغا (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ 
۱۷؍ویں اوور میں فیصل نے حسن نواز (۹؍رن) کو آؤٹ کر کے عمان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد فیصل نے۱۹؍ویں اوور میں محمد نواز (۱۹؍رن) کو آؤٹ کر کے اپنا تیسرا وکٹ حاصل کیا۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان بڑا اسکور کھڑا کرے گا لیکن عامر اور فیصل نے پاکستان کے منصوبے ناکام بنا  دیئے۔ آخری اوور کرانے آئے محمد ندیم نے فہیم اشرف (۸؍رن) کو آؤٹ کیا۔  پاکستان کی ٹیم نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۱۶۰؍رن بنائے۔ فخر زمان۱۶؍ گیندوں پر۲۳؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ۲؍ رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔  عمان کی طرف سے عامر کلیم نے ۳؍ وکٹ لئے۔ شاہ فیصل کو ۲؍ وکٹ ملیں جبکہ محمد ندیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK