Updated: October 03, 2025, 2:19 PM IST
| New York
امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے، جب ایلون مسک نے اس پر’’ووک‘‘ اور ٹرانس جینڈر نظریات کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے صارفین سے سبسکرپشن منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ اس مہم کے بعد کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں ایک دن سے بھی کم وقت میں تقریباً۱۵؍ ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
نیٹ فلکس کو نقصان کا سامنا ہے۔ تصویر: آئی این این
امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کی مارکیٹ ویلیو میں صرف ایک دن کے اندرتقریباً ۱۵؍ ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے، جب ارب پتی ایلون مسک نے سبسکرپشن منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹ فلکس’’ووک‘‘ مواد کے ذریعے بچوں میں ٹرانس جینڈر نظریات کو فروغ دے رہا ہے۔ نیٹ فلکس کے شیئرز۳ء۴؍ فیصد گر گئے اور ڈیڑھ دن میں جمعرات کو جی ایم ٹی دو بجکر ۳۵؍ منٹ بجے تک فی شیئر قیمت۱۱۴۰ء۵۰؍ ڈالر پر آگئی۔ اسٹاک اینالیسس ڈاٹ کام کے اعداد و شمار کے مطابق، کمپنی کی مارکیٹ ویلیو بدھ کو تقریباً۴۹۸؍ ارب ڈالر تھی جو جمعرات کو کم ہو کر ۹ء۴۸۲؍ارب ڈالر رہ گئی۔
نیٹ فلکس پر تنازع اس وقت شروع ہوا جب اس پر الزام لگا کہ اس کے کچھ شوز’’ووک‘‘(woke) مواد پھیلا رہے ہیں، خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنا کر۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر’’کینسل نیت فلکس‘ کا ہیش ٹیگ وائرل ہوگیا۔ مسک بھی اس تنازع میں شامل ہو گئے اور صارفین سے سبسکرپشن منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی بچوں کیلئے منفی پیغام دے رہی ہے اور جسے وہ’’ٹرانس جینڈر پروپیگنڈا‘‘ قرار دیتے ہیں، اس کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے اپنے زیر ملکیت پلیٹ فارم’ ایکس‘ پر لکھا:’’اپنے بچوں کی صحت کیلئے نیٹ فلکس منسوخ کریں۔ ‘‘ایک وکالتی گروپ’’ GLAAD‘‘ کی۲۰۲۲ء کی تحقیق کے مطابق، نیٹ فلکس ہمیشہ ان اولین اداروں میں شامل رہا ہے جو متنازع’’ ایل جی بی ٹی کیو پلس‘‘کہانیوں اور کرداروں کو نمایاں طور پر فروغ دیتے ہیں اور ان نمائندگیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
جب سے مسک نے اپنی مہم شروع کی ہے، بہت سے صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنی سبسکرپشن منسوخی کے اسکرین شاٹس شیئر کئے ہیں۔ مسک کے بیانات نے مالی دباؤ کو مزید بڑھا دیا جس کے نتیجے میں نیٹ فلکس کے حصص مسلسل تیسرے دن بھی گرے اور کمپنی کی مارکیٹ ویلیو سے اربوں ڈالر ختم ہوگئے۔