Updated: November 25, 2026, 8:35 PM IST
| Dhaka
اینٹی آپریشن جرنلسٹس فرنٹ کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی برطرفی کے بعد گزشتہ ۲۶؍ مہینوں کے دوران ۸۴؍ صحافیوں کو گرفتار کیا گیا، ۱۹؍ ہلاک ہوئے اور ۴۴۶؍ پر قتل کے مقدمات درج کیے گئے۔ رپورٹ میں یونس اور طارق رحمان کے ادوار میں میڈیا اداروں پر حملوں، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے، ویب سائٹس کی بندش اور صحافیوں پر ریاستی جبر کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
اینٹی آپریشن جرنلسٹس فرنٹ نامی تنظیم کی جانب سے مرتب کردہ ایک نئی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی برطرفی کے بعد گزشتہ ۲۶؍ مہینوں کے دوران ۸۴؍ صحافیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ۱۹؍ صحافی قتل ہوئے یا غیر فطری حالات میں ہلاک ہوئے، ۱۱۸؍ پر حملے کئے گئے یا انہیں زخمی کیا گیا اور ۴۴۶؍ صحافیوں کو قتل اور ’’اجتماعی قتل‘‘ کے مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔ ’’آزاد میڈیا پر ریاستی جبر: یونس-طارق دور کا ایک سیاہ باب (اگست ۲۰۲۴ء اکتوبر ۲۰۲۶ء )‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی اس رپورٹ میں صحافیوں کے خلاف قانونی انتقام، جسمانی تشدد، بینک اکاؤنٹس منجمد کئے جانے، سفری پابندیوں اور ’’انسانیت کے خلاف جرائم‘‘ سمیت جھوٹے فوجداری الزامات کے سینکڑوں واقعات کا ریکارڈ پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ اس عرصے میں ۱۲۰۰؍ سے زائد صحافیوں کو ان کی ملازمتوں سے برطرف یا فارغ کر دیا گیا، جبکہ حکام نے ۱۶۸؍ پریس ایکریڈیٹیشن کارڈز اور ۷۰۰؍ پریس کلب رکنیتیں منسوخ یا معطل کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر ۵۴؍ صحافیوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کی گئی، `بنگلہ دیش فنانشل انٹیلی جنس یونٹ (بی ایف آئی یو) کی ہدایات پر ۴۷؍ بینک اکاؤنٹس معطل کئے گئے، ۱۹؍ میڈیا اداروں پر حملے کئے گئے یا انہیں آگ لگا دی گئی اور ۵۰؍ سے زائد صحافی بغیر ضمانت کے جیلوں میں قید ہیں۔رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ۳۰۰؍ سے زیادہ صحافیوں کو ہوائی اڈوں یا پاسپورٹ کے حوالے سے غیر اعلانیہ پابندیوں کا سامنا ہے اور کم از کم ۶۲؍ صحافیوں اور سیاسی تجزیہ کاروں پر ٹی وی ٹاک شوز میں شرکت کے حوالے سے غیر رسمی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے ٹیلی کام ریگولیٹر نے ۲۰۰؍ سے زائد نیوز ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے اور ناقدین کو `پیگاسس اسپائی ویئر اور اے آئی پر مبنی نگرانی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے ملک واپسی میں سہولت کے مطالبے پر سخت ردعمل
اینٹی آپریشن جرنلسٹس فرنٹ کے ممبر سیکرٹری شیخ جمال نے دی ٹیلی گراف آن لائن کو بتایا، ’’غیر قانونی (محمد) یونس انتظامیہ نے جنگِ آزادی کی علامتوں اور یادگاروں سے لے کر اولیاء اور صوفیاء کے مزارات اور ذرائع ابلاغ تک ہر چیز کو نشانہ بنانا اپنی ریاستی پالیسی بنا لیا تھا۔‘‘ جمال نے متعدد میڈیا ہاؤسز کے دفاتر میں ہجوم کی توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے سلسلے کی نشاندہی کی، جن میں بی ٹی وی، ایکاتر ٹی وی، سوموئے ٹی وی، ڈی بی سی، گان بنگلہ، اے ٹی این نیوز، اے ٹی این بنگلہ، مائی ٹی وی، بیجوئے ٹی وی، نیوز ۲۴؍، آمادر ارتھونیتی، آمادر نوتن سوموئے، دینک مکھ پاترو، کالر کانتھو، بنگلہ دیش پرتی دن، ڈیلی سن، بنگلہ نیوز، پرتھم آلو اور دی ڈیلی اسٹار شامل ہیں۔جمال نے کہا، ’’اگرچہ اس ملک میں ماضی میں بھی مختلف اوقات میں صحافیوں کو مظالم کا سامنا رہا ہے، لیکن یونس دور نے ایک نیا اور خطرناک عنصر متعارف کرایا، ہجوم کے تشدد کو ہوا دینا۔ ٹیلی ویژن اسٹیشنوں اور اخبارات کے دفاتر کو آگ لگانے والوں جن کا مقصد وہاں کام کرنے والے صحافیوں کو قتل کرنا تھاکو سزا سے استثنیٰ دے کر یونس نے ایک شرمناک مثال قائم کی۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ یونس کی نگراں حکومت کے بعد طارق رحمان کی حکومت نے بھی ’’جبر کا یہی سلسلہ‘‘ جاری رکھا ہوا ہے اور صحافیوں کو بغیر مقدمہ چلائے جیلوں میں قید رکھا ہوا ہے۔ جمال نے کہا، ’’شہریار کبیر، مزمل بابو، شیامل دتہ، شکیل احمد اور فرزانہ روپا جیسی شخصیات یونس اور طارق رحمان کی قیادت والی انتظامیہ کے تحت دو سال سے زائد عرصے سے قید ہیں‘‘ اور مزید کہا کہ حکومتی مداخلت کی وجہ سے عدالتوں نے بار بار ان کی ضمانت مسترد کی ہے۔ جمال نے یہ بھی بتایا، ’’یونس کی ایک سازش کی وجہ سے مجھے بھی قتل کے ایک جھوٹے مقدمے میں ساڑھے تین ماہ جیل کاٹنی پڑی اور بالآخر ہائی کورٹ کے حکم پر میری رہائی ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی نامور صحافیوں کیلئے بغیر مقدمہ چلائے حراست میں رکھنا ریاست کا معمول کا طریقہِ سزا بن چکا ہے۔ ستمبر ۲۰۲۴ء سے ۷۴؍ سالہ شہریار کبیرجو ایک سینئر صحافی اور بنگلہ دیش کی جنگِ آزادی کے محقق ہیں کی حراست کو اقوامِ متحدہ کے ورکنگ گروپ آن آربیٹریری ڈیٹینشن نے بھی غیر قانونی اور من مانی قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اقوامِ متحدہ کے اس گروپ نے وہیل چیئر تک محدود کبیر کی طبی ضروریات سے مبینہ غفلت کو ’’غیر انسانی اور تضحیک آمیز‘‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کاشم پور جیل کی نم کوٹھری میں مناسب فزیوتھراپی اور خصوصی طبی علاج کے بغیر انہیں مستقل طور پر مفلوج ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ملائیشیا: علماء کا بین الاقوامی اجتماع، انورابراہیم کو خصوصی’’سند حدیث‘‘کا اعزاز
رپورٹ میں ۲۱؍ اگست ۲۰۲۴ء سے قتل کے کئی مقدمات میں ایکاتر ٹی وی کی فرزانہ روپا اور شکیل احمد کی ۷۷۰؍ دنوں سے زائد طویل حراست کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ جمال نے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں شیامل دتہ، مزمل بابو اور فرزانہ روپا کے خلاف چلنے والے مقدمات کا بھی ذکر کیا، جہاں انہیں ان کی صحافتی ذمہ داریوں، نشریات اور دیگر پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے جڑے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کا سامنا ہے۔تاہم، ایسا بھی نہیں ہے کہ شیخ حسینہ کے دورِ حکومت میں صحافت مکمل طور پر آزاد تھی۔ ان کے دور میں بھی پریس فریڈم انڈیکس میں بنگلہ دیش کئی درجے نیچے گر کر ۲۰۲۴؍ میں ان کی برطرفی سے عین قبل ۱۶۵؍ ویں نمبر پر آ گیا تھا۔ ۲۰۲۵ء میں اس کی درجہ بندی بہتر ہو کر ۱۴۹؍ ویں نمبر پر پہنچی، لیکن ۲۰۲۶ء میں یہ دوبارہ گر کر ۱۵۲؍ ویں نمبر پر آ گئی۔ `رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز سمیت صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیمیں حسینہ کے دور میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں صحافیوں کی گرفتاریوں، بدسلوکی اور جبری گمشدگیوں پر باقاعدگی سے رپورٹس دیتی رہی ہیں۔ ایک موقع پر شیخ حسینہ نے مہنگائی پر رپورٹنگ کرنے پر اخبار `پرتھم آلو کو بنگلہ دیش کے ’’عوام کا دشمن‘‘ قرار دیا تھا۔ ان کے دور میں بھی صحافیوں اور ناقدین کو حراست میں لینے، مقدمات چلانے اور ڈرانے دھمکانے کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی ) ایکٹ ۲۰۰۶ء ، ڈجیٹل سیکیورٹی ایکٹ ۲۰۱۸ء اور بعد ازاں سائبر سیکیورٹی ایکٹ ۲۰۲۳ء جیسے قوانین کا استعمال کیا گیا۔ ۲۰۲۴؍ءمیں حسینہ کے اقتدار کے خاتمے کے بعد صحافیوں میں محتاط امید پیدا ہوئی تھی کہ میڈیا پر عائد سخت ترین قوانین جن کا اطلاق سوشل میڈیا پوسٹس پر بھی ہوتا ہے کو منسوخ کر کے’’حالات درست کئے جائیں گے۔ ‘‘ `ڈھاکہ ٹریبیون کے ایڈیٹر ظفر سبحان نے `دی گارڈین کو بتایا تھا کہ اگرچہ حسینہ کے دورِ حکومت کے ابتدائی چند سال آزادیِ صحافت کے لحاظ سے نسبتاً بہتر تھے، لیکن ۲۰۱۴ء کے انتخابات کے اپوزیشن کے بائیکاٹ کے بعد منظرنامہ مکمل طور پر بدل گیا کیونکہ حکومت کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔ تاہم، شیخ جمال نے اس بات پر اصرار کیا کہ عوامی لیگ کی حکومت کے دوران آزادیِ صحافت کی صورتحال کہیں زیادہ بہتر تھی۔