آتش بازی کے باعث حادثات بھی پیش آئے، بھگدڑ بھی مچی، ہوائی فائرنگ سے لوگ زخمی بھی ہوئے، موسم کی سختیوں کے باعث کئی جگہ جشن متاثر۔
EPAPER
Updated: January 02, 2025, 10:27 AM IST | Dubai
آتش بازی کے باعث حادثات بھی پیش آئے، بھگدڑ بھی مچی، ہوائی فائرنگ سے لوگ زخمی بھی ہوئے، موسم کی سختیوں کے باعث کئی جگہ جشن متاثر۔
۳۱؍دسمبرکی شب پوری دنیا میں نئے سال کی تقریبات کا انعقاد جوش و خروش سے کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ۲۰۲۵ء کا آغاز دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ میں آتش بازی اور لیزر شو سے کیا گیا۔ دبئی میں ’تھرٹی فرسٹ‘ کو دنیا بھر سے سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ آذربائیجان میں، لوگوں نے دوہرا جشن منایا کیونکہ۳۱؍ دسمبر کو آذربائیجان کا یوم یکجہتی بھی تھا۔ ہزاروں باشندے بحیرہ کیسپین کے ساحل پر واقع نیشنل پارک میں جمع ہوئے، آتش بازی کے باعث دارالحکومت کی فضا جگمگااٹھی۔ عراق کے شہر اربیل میں نئے سال کے موقع پر ہزاروں عراقی سڑکوں پر نکل آئے۔ روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی سڑکوں کو برقی قمقوں سے سجا یا گیااور جم کر آتش بازی کی گئی۔ شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپ میں نئے سال کا جشن موسیقی اور رقص کے ساتھ منایا گیا۔ بلجیم کے برسلز میں ’تھرتی فرسٹ نائٹ ‘ کو آتش بازی کے شو کا انعقاد کیا گیا۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس کی شانسیلیزے بولیوارڈ پر جمع ہونے والے ہزاروں افراد نے روشنیوں کے شوز کے ساتھ نئے سال کی آمد کا جشن منایا۔ لندن میں ٹیمز ندی کے کنارے بھی رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ امریکہ کے شہر نیو یارک سٹی میں نئے سال کی تقریبات کے لیے مقبول ترین مقام ٹائمز اسکوائر میں مختلف تقریبات کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر نصب کرسٹل بال زمین سے۱۳۰؍ فٹ کی بلندی پر پہنچایا گیا۔ ۷۰۰؍ پاؤنڈ وزنی اور۲۴۸۸؍ کرسٹلز سے سجے اس بال نے قوس وقزح کے سارے رنگ بکھیرے۔ امریکہ کی دیگر ریاستوں میں بھی ٹائم زون کے مطابق سال نو کا جشن منایا گیا۔ اس موقع پر آسمان رنگا رنگ روشنیوں سے نہا گیا۔ کیلیفورنیا میں رنگا رنگ فلاور پریڈ ہوئی اور پھولوں سے بھرے فلوٹس سے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست جارجیا میں نئے سال کا استقبال منفرد انداز میں ایک بہت بڑے دھماکے سے کیا گیا۔ ۳۱؍ دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب۱۲؍ بجتے ہی ایک خالی عمارت کو دھماکے سے اڑایا گیا جس کی منظوری ریاستی حکومت نے پہلے ہی دے رکھی تھی۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جھیل اونٹاریو پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں لوگ نئے سال کی تقریبات کے لیے کوپاکابانا ساحل پر جمع ہوئے اور سال۲۰۲۵ء کا استقبال آتش بازی کے ساتھ کیا۔
کہاں کیا حادثات ہوئے ؟
ہالینڈ:ژاندام کے پولین برگ ضلع میں نئے سال کے موقع پر کی جانے والی آتش بازی کے نتیجے میں کئی مقامات پر آتشزدگی کے واقعات درج کئےگئے۔ ایمسٹرڈیم میں پولیس نے کئی لوگوں کو حراست میں لے لیا جو دکانوں اور راہگیروں پر آتشی مادہ پھینک رہے تھے۔
دوحہ: قطر کے دارالحکومت کے مضافاتی علاقے لوسیل میں نئے سال کی آتش بازی اور موسیقی کے پروگرام کے بعد ایک سب وے اسٹیشن میں داخل ہونے والے درجنوں لوگ زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس میں بدھ کو یہ اطلاع دی گئی۔ ابتدائی طور پر جشن کو مقامی وقت کے مطابق۲؍ بجے تک بڑھا دیا، گیا جبکہ ملک کی واحد مخصوص نئے سال کے جشن کی جگہ پر پروگرام مقامی وقت کے مطابق ایک بجے بجے ختم ہوا۔ بہت سے لوگ قریب کے سب وے اسٹیشن کے بند ہونے سے پہلے وہاں پہنچنے کیلئے دوڑ پڑے، جس کے نتیجے میں لوسیل اسکوائر اور سب وے اسٹیشن پر بھیڑ جمع ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق، پولیس فورس نے ہجوم پر قابو پانے کی کوشش کی اور لاٹھیوں اور کوڑوں کا استعمال کیا گیا۔
جاپان: ٹوکیو میں منگل کی رات ٹوکیو اسکائی ٹری کے قریب ایک رہائشی علاقے میں آگ لگنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔ یہ واقعہ ٹوکیو اسکائی ٹری کے قریب پیش آیا، جو جاپان کا سب سے اونچا براڈکاسٹنگ ٹاور اور ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔ شمالی جاپان میں شدید برف باری کی وجہ سے چٹوز ایئرپورٹ پر۴۰؍ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اس علاقے میں نئے سال کی تقریبات متاثر ہوئیں۔
پاکستان : کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نو پر ہوائی فائرنگ میں خواتین اور بچوں سمیت۲۵؍ افراد زخمی ہوگئے۔ حکومت کے منع کرنے اور پولیس کی کڑی نظر کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے۱۲؍بجتے ہی ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ہوائی فائرنگ کے الزام میں ۱۱؍ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
برطانیہ:برطانیہ میں خراب موسم کے باعث نئے سال کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا۔ حالانکہ لندن میں حسب معمول جشن منایاگیا۔ ملک میں تیز ہواؤں، تیز بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
جنوبی کوریا:یہاں گزشتہ دنوں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے باعث امسال نئے سال کا جشن نہ مناتے ہوئے سوگ منایا گیا۔
فلپائن : فلپائن کے محکمہ صحت (ڈی ایچ او) نے بدھ کو کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے دوران ملک بھر میں پٹاخوں سے۳۴۰؍ افراد زخمی ہو ئے۔
جرمنی:یہاں نئے سال پر کی جانے والی آتش بازی کے باعث حادثات میں ۵؍ افراد افراد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ ’اے ایف پی‘ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے۱۳؍ اہلکار زخمی ہوئے۔