• Thu, 20 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ اور نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کی جمعہ کو وہائٹ ہاؤس میں ملاقات

Updated: November 20, 2025, 7:05 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعہ کو نیویارک شہر کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی سے وہائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔ خیال رہے کہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے ممدانی کو بار بار ’’کمیونسٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ جھوٹا دعویٰ بھی کیا کہ وہ انہیں ملک بدر کر سکتے ہیں۔

Zohran Mamdani (right) Donald Trump (left). Photo: INN
ظہران ممدانی( دائیں) ڈونالڈ ٹرمپ (بائیں)۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعہ کو نیویارک شہر کے نو منتخب میئر، ظہران ممدانی سے وہائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے بدھ کی شام اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’’نیویارک سٹی کے کمیونسٹ میئر ظہران کوامے ممدانی نے ملاقات کی درخواست کی ہے۔ ہم نے اتفاق کیا ہے کہ یہ ملاقات جمعہ ۲۱؍ نومبر کو اوول آفس میں ہو گی۔ مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔‘‘ واضح رہے کہ ظہران ممدانی نیویارک شہر کے پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی میئر بنے ہیں۔ انہوں نے سستی رہائش اور سماجی خدمات پر مرکز ترقی پسند مہم چلاتے ہوئے اس ماہ کے انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو اور ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا کو شکست دی۔
انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے ۳۴؍ سالہ ڈیموکریٹ سوشلسٹ ممدانی کو بار بار نشانہ بنایا اور انہیں ’’کمیونسٹ‘‘ قرار دیا۔ ٹرمپ نے کومو کی حمایت کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ ممدانی کی جیت کی صورت میں وہ نیویارک کے وفاقی فنڈز میں کمی کر سکتے ہیں۔انہوں نے یہ جھوٹا دعویٰ بھی کیا کہ وہ ممدانی کو ملک بدر کر سکتے ہیں حالانکہ ممدانی ۲۰۱۸ء میں امریکی شہری بن چکے ہیں۔

انتخابات کے بعد ٹرمپ نے نرم لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ممدانی ’’کچھ کام کر سکتے ہیں‘‘، جو حالیہ ریاستی انتخابات میں ریپبلکنز کے نقصان کے بعد ان کے رویے میں ممکنہ تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ ممدانی نے اس ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ وہ ٹرمپ سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں، لیکن کسی بھی ایسی ملاقات سے انکار کریں گے جو ’’نیو یارکرز کے مفاد کے خلاف‘‘ ہو۔ ان کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ ملاقات کا بندوبست کرنے کیلئے رابطے کئےگئے ہیں۔ بدھ کو ٹرمپ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اور بیان میں طے شدہ ملاقات کی دوبارہ تصدیق کی گئی، جس میں انہوں نے ممدانی کا پورا نام استعمال کرتے ہوئے ’’کوامے‘‘ کو اقتباس کے نشانات میں لکھا۔ ٹرمپ نے ملاقات کو ’’طویل انتظار‘‘ قرار دیا اور اسے سیاسی ماحول میں ایک نادر مکالمے کا موقع کہا۔

یہ بھی پڑھئے: ٹیکساس کے گورنر مسلم دشمنی کو ہوا دے رہے ہیں: امریکی مسلم شہری حقوق گروپ

خیال رہے کہ ظہران ممدانی، جو جنوری میں باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالیں گے، اپنی فتح کی تقریر میں کہہ چکے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ نیویارک ملک کو دکھائے کہ ’’صدر کو کیسے شکست دی جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ شہر کو ’’ٹرمپ پروف‘‘ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم وہ کسی کے ساتھ بھی، بشمول صدرکام کرنے کیلئے لیکن اس سے نیویارک کے شہریوں کو فائدہ پہنچنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK