Inquilab Logo

کورونا کے معاملات میں اضافے سے لوکل ٹرینیں بند کرنے کی خبریں بے بنیاد

Updated: April 01, 2021, 12:36 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل اورویسٹرن ریلوے نے عام مسافروں کوسفر سے روکنے کی خبروں کی بھی تردید ، کہا : اب تک ریاستی حکومت یا ریلوےبورڈ کی جانب سے زبانی یا تحریری طورپرایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی ہے اورکوئی آرڈربھی نہیں دیا گیا ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

کورونا کے معاملات میں اضافےکی وجہ سے لوکل ٹرینیں بند کرنے یا عام مسافروں کو لوکل ٹرین میںسفر سے روکنے کی خبریں گشت کررہی ہیں اورکہا جارہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر پہلے کی طرح لوکل ٹرینیں بند کردی جائیں گی لیکن ریلویز نے ایسی خبروں کی تصدیق نہیںکی ہے۔ اس تعلق سے نمائندۂ انقلاب نے سینٹرل اورویسٹرن ریلوے کے افسران سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایا کہ اب تک ریاستی حکومت یا ریلوےبورڈ کی جانب سے زبانی یا تحریری طورپرایسی کوئی بات چیت نہیںہوئی ہے اورکوئی آرڈربھی نہیں  دیا گیا ہے۔اس لئے یہ خبریں بے بنیاد ہیں ۔معمول کے مطابق سینٹرل ، ویسٹرن اور ہاربر  لائنوں پرلوکل ٹرینیں چلائی جارہی ہیںاورلاکھوں  افراد سفر کرتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچ رہے ہیں۔  واضح ہوکہ اس وبا کے شدت اختیار کرنےکےسبب لوگوں میںخوف ہے اور وہ آپس میںبھی اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہتے ہیںکہ لوکل ٹرینیں پہلے کی طرح بند کردی جائیں گی ۔ کچھ یہ بھی کہتے ہیںکہ ۲؍اپریل سے بند کی جائیںگی ۔  سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوشیواجی ستار نے یہ بھی کہا کہ ’’ ۲؍اپریل یا ۳؍اپریل سے لوکل ٹرینیں بند کرنے خبریں عام کی جارہی ہیں لیکن ایسا لوگ اپنےطور پرکہہ رہے ہیں۔ اب تو لوگ اپنے طور پراس طرح کی باتیں اندازے سے اس لئے بھی کرتے رہتے ہیں کہ ہوسکتا ہے سچ ہوجائے ۔حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے ۔ ہاں، یہ ضرور ہےکہ کورونا کےمعاملات میںاضافے کے سبب کووڈ ۱۹؍ کی ہدایات کی خلاف ورزی یا اسے نظر اندازکرنے والوں کے خلاف سختی بڑھانے کوکہا گیا ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’ چونکہ ابھی کورونا کی شدت ہے اس لئے لوکل ٹرینیں ریاستی حکومت کی سفارش سے شروع کی گئی ہیں اور اسی کے بنائے اورطے کردہ اوقات میںعام مسافروں کوسفر کی اجازت دی گئی ہے اس لئے اگرریاستی حکومت کی جانب سے کوئی اور فیصلہ کیا جاتا ہے تواس سے مسافروں کو آگاہ کروایا جائے گالیکن ابھی مسافروں کویہ سمجھ لینا چاہئے کہ ریاستی حکومت یا ریلوے بورڈ یا وزارت ریل کی جانب سے لوکل ٹرینیں بند کرنے یاعام مسافروں کو سفر سے روکنے کاکوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK