Inquilab Logo

کورونا اورلاک ڈائون کے سبب نائٹ اسکولوں کا براحال

Updated: September 28, 2020, 7:39 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

متعدد نائٹ اسکول اور جونیئر کالج کےبندہونےکی نوبت آگئی ہے ۔ نائٹ اسکول کے صرف ۱۰؍تا ۱۵؍فیصد طلبہ ہی آن لائن پڑھائی کررہے ہیں

Online Education - PIC : INN
آن لائن تعلیم ۔ تصویر : آئی این این

کووڈ۱۹؍ اور لاک ڈائون کی وجہ سے گزشتہ ۶؍مہینے سے اسکول بندہیں مگر آن لائن درس و تدریس جاری ہے ۔ حالانکہ مختلف وجوہات کے سبب کم ہی طلبہ آن لائن  پڑھائی کر رہے ہیں۔  اس معاملہ میں نائٹ اسکولوں کابہت براحال  ہے۔ متعدد نائٹ اسکول اور جونیئر کالج کےبندہونےکی نوبت آگئی ہے ۔ نائٹ اسکول کے صرف ۱۰؍تا ۱۵؍فیصد طلبہ آن لائن پڑھائی کر رہے ہیں۔ بعض مرتبہ تو ایسا ہورہاہے کہ ٹیچر ۵؍طلبہ کو لے کر آن لائن پڑھائی شروع کرتے ہیں مگر کچھ دیر بعد تمام طلبہ غائب ہو جاتے ہیں اور ٹیچرتنہاپڑھا رہے ہوتےہیں۔
 ماڈرن نائٹ  ہائی اسکول ممبئی سینٹرل کے ایک ٹیچر کے مطابق ممبئی شہرمیں تقریباً ۱۲۰؍ ایڈیڈ نائٹ اسکول ہیں جن میں سے صرف ۸؍اسکول آ ن لائن پڑھارہےہیں۔ بہت کم طلبہ ہیں جو آن لائن پڑھائی میں حصہ لےرہےہیں۔ نائٹ اسکول میں عموماً ۸؍ویں  سے ۱۰؍ویں جماعت کےوہ طلبہ جو  دن میں ریگولر اسکول میں پڑھائی نہیں کرپاتےہیں یا ڈراپ آئوٹ ہوتے ہیں، داخلہ لیتے ہیں ۔یہ وہ طلبہ ہوتےہیںجن کیلئے پڑھائی سےزیادہ بنیادی ضرورتوںکو پورا کرنا اہم ہوتاہے ۔ ایسی صورت میں ان طلبہ کےسامنے کئی طرح کے چیلنج  ہوتےہیں۔ مالی مشکلات کے سبب یہ طلبہ آن لائن تعلیم سےنہیں جڑپاتےہیں۔ 
 ماہم کے ایک نائٹ اُردومیڈیم اسکول کے انچارج  وسیم عبدالستار  نے بتایاکہ ’’ نائٹ اسکولوں کی حالت دن بدن گرتی جا رہی ہے ۔ کئی نائٹ اسکول بندہوگئے ہیں۔ لاک ڈائون سے نائٹ اسکولوںکاحال اور براہوگیاہے۔ ہمارے اسکول میں ۸؍ سے ۱۲؍ویں جماعت میں کل ۱۷۵؍طلبہ ہیں جن میں سے ۱۰۰؍طلبہ فی الحال موجودہیں مگر ان میں سے صرف ۲۰؍طلبہ آن لائن پڑھائی میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کی مختلف وجوہات ہیں۔ بعض مرتبہ توایسا ہوتاہےکہ اساتذہ۵؍طلبہ کےساتھ آن لائن پڑھائی کا آغازکرتے ہیں مگر کچھ ہی دیر میں یہ تمام غائب ہو جاتےہیں اورٹیچر تنہا پڑھا رہےہوتےہیں  ۔جون سے ستمبر تک  عموماً ۲۰۔۳۰؍  داخلے ہوجاتے ہیں مگر امسال صرف ۳۔۴؍ داخلے ہی ہوئے ہیں۔ اس سے اندازہ  لگایاجاسکتاہے کہ نائٹ اسکول کاکیاحال ہے ۔اگر یہی سلسلہ دراز رہاتو نائٹ اسکولوں کا کیا  ہوگا سمجھ سےباہر ہے۔‘‘
 پیوپل انگلش ہائی اسکول بائیکلہ کے انچارج شریف شیخ نے بتایاکہ ’’اس میں شبہ نہیں ہےکہ لاک ڈائون سے نائٹ اسکولوں میں طلبہ کی حاضری متاثرہوئی ہے مگر اس کےباوجود کچھ اسکولوںمیں طلبہ کوآن لائن طریقے سے پڑھایاجارہاہے ۔ ہمارے اسکول کے ۵۰؍فیصد طلبہ آن لائن پڑھائی کر رہے ہیں۔‘‘ 
 نائٹ اسکولوںکے علاوہ نائٹ کالجوںکابھی حال براہے۔ شہرکےایک قدیم نائٹ کالج کے پرنسپل نے بتایاکہ ’’ لاک ڈائون کی وجہ سے کام کاج بری طرح متاثر ہے  جس کی وجہ سے بے روزگاری عام ہوگئی ہے ۔ایسےمیں نائٹ کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے فیس کی ادائیگی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ہمارے نائٹ  ڈگری کالج میں داخلے کیلئےہر سال ۳؍میرٹ لسٹ لگتی تھی مگر امسال صرف ایک لسٹ لگی ہے۔ گزشتہ سال تک کچھ طلبہ داخلے سے محروم رہ جاتےتھےمگر امسال سب کو داخلہ مل گیاہے ۔ ہمارے کالج کے بیشتر طلبہ دن میں جاب کرتےہیں لیکن کووڈکی وجہ سے کچھ طلبہ کی ملازمت منسوخ ہو گئی ہے ۔ جن طلبہ نے داخلہ لیاہے ان میں سے صرف ۶۰؍ فیصد ریگولر کلاس میں شامل ہو رہےہیں۔ متعدد طلبہ فیس ادانہیں کرسکیں ہیں۔ ہم نے ان طلبہ کی فیس کم کردی ہے اورانہیں مہلت بھی دی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK