Updated: May 29, 2024, 9:34 PM IST
| Jerusalem
امریکی سیاستداں نکی ہیلی نے اسرائیل کےدورے کے درمیان مشرقی اسرائیل کے ایک فوجی اڈے کا دورہ کیا اور لبنان پر داغے جانے والے کئی میزائلوں میں سے ایک پر دستخط کرتے ہوئے لکھا کہ ’’انہیں ختم کردو، امریکہ اسرائیل سے محبت کرتا ہے۔‘‘ ہیلی کی اس حرکت کو ایکس پر تنقیدوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی رفح میں جارحیت کے بعد بھی امریکہ مسلسل اسرائیل کا تعاون کر رہا ہے۔
نکی ہیلی کو میزائل پر دستخط کرتےہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔تصویر: ایکس
اقوام متحدہ میں سابق امریکی ایمبیسیڈر اور رپبلکن صدارتی امیدوار نکی ہیلی نے مشرقی اسرائیلی میں فوجی اڈے کا دورہ کیا اور لبنان کیلئے میزائل پر دستخط کرتے ہوئے لکھا کہ ’’انہیں ختم کردو۔‘‘وہ تصویر، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، میں نکی ہیلی کو میزائل پر دستخط کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’انہیں ختم کر دو! امریکہ ہمیشہ اسرائیل سے محبت کرتا ہے۔‘‘
اسرائیلی ثقافتی ورثہ کے وزیر امیچائے الیاہو نے نکی ہیلی کی دستخط کرنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور لکھا کہ دنیا میں ایسے لوگ ہیں جو ترقی کے جھوٹ اور جھوٹی ترقی کے مندروں سے اندھے نہیں ہوتے۔ نکی ہیلی سب سے اہم لوگوں میں سے ایک ہے۔
علاوہ ازیں اسرائیلی پارلیمنٹ کے ممبر ہنوچ ملڈ وسکی نے کہا کہ ’’مجھے نکی ہیلی پسند ہیں۔ وہ اسرائیل کی حقیقی دوست ہیں۔‘‘اسرائیل کے چینل ۱۳؍ کے رپورٹر ، الموگ بوکر، نے بھی ایکس پر نکی ہیلی کا ویڈیو پوسٹ کیا ہے اور لکھاہے کہ ’’یو این کی سابق امبسیڈر نکی ہیلی اسرائیل کو ایک واضح پیغام کے ساتھ حزب اللہ کو میزائل بھیج رہی ہیں جس پر لکھا ہے ’’انہیں ختم کردیں، امریکہ اسرائیل سے محبت کرتا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مہاتما گاندھی کو اُن پر فلم بننے سے قبل تک کوئی نہیں جانتا تھا: مودی کا دعویٰ
یدیوتھ احرونوت اخبار کے مطابق نکی ہیلی کی یہ تصویر اسرائیل کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنے کیلئے اسرائیل کے دورے کے درمیان لی گئی ہے۔ اخبار نے کل شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کی ایک بستی کے دورے کے دوران ہیلی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، جنہوں نے کہا کہ ’’میڈیا میں جو کہا جا رہا ہے اسے نہ سنیں بلکہ میں آپ کو یہ یقین دہانی کرواتی ہوں، امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہمیں مضبوط اسرائیل کی ضرورت ہے اور اسرائیل صرف تب ہی مضبوط ہو گا جب امریکہ اسرائیل کا مکمل تعاون کرے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: موساد کے چیف نے جنگی جرائم کی تحقیقات پر آئی سی سی پراسیکیوٹر کو دھمکی دی
اسرائیل کے رفح پر مسلسل حملوں کے درمیان نکی ہیلی کی اس حرکت کو ایکس ، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مذمت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں اسرائیلی فوج نے رفح میں ۶؍ قتل عام کئے ہیں جس کے نتیجے میں ۷۵؍ افراد ہلاک جبکہ ۲۸۴؍ زخمی ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں محصور خطے میں ۳۶؍ ہزار فلسطینی جاں بحق جبکہ ۸۰؍ ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اب تک فلسطینی خطے میں ۱۰؍ ہزار سے زائد فلسطینی ملبےتلے دبے ہوئے ہیں۔