Inquilab Logo Happiest Places to Work

نرملا سیتا رمن کی ہدایت، عوام کو انکم ٹیکس دفتر کے چکر نہ لگوائیں

Updated: July 27, 2026, 6:04 PM IST | Mumbai

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس کا کام صرف ٹیکس وصول کرنا نہیں بلکہ عوام کو دفاتر کے چکر لگوائے بغیر ان کے مفاد میں کام کرنا بھی ہے۔ عام شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے بروقت خدمات فراہم کرنا محکمہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

Nirmala Sitharaman.Photo:INN
نرملا سیتارمن۔ تصویر:آئی این این

 مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن  نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس کا کام صرف ٹیکس وصول کرنا نہیں بلکہ عوام کو دفاتر کے چکر لگوائے بغیر ان کے مفاد میں کام کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے بروقت خدمات فراہم کرنا محکمہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’حالات کیسے بھی ہوں، میں پُرسکون رہنے کی کوشش کرتی ہوں‘‘


ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی کے  نریمن پوائنٹ  میں محکمہ انکم ٹیکس کی نئی ۱۳؍ منزلہ عمارت  آئیکر سندھو کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے سرکاری محکموں کے ’سست‘ رویے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی لاپروائی کے باعث سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضے اور تجاوزات ہو جاتے ہیں، اس لیے تمام افسران کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھانی چاہئیں۔
نرملا سیتا رمن نے بتایا کہ جس زمین پر یہ نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے، وہ ۱۹۷۳ء سے محکمہ انکم ٹیکس کے پاس تھی، لیکن طویل عرصے تک استعمال نہ ہونے کی وجہ سے وہاں غیر قانونی قبضے ہو گئے تھے۔ انہوں نے اس معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری املاک کا تحفظ متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے۔ وزیر خزانہ نے عمارت کی تعمیر کے دوران مختلف منظوریوں کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک طاقتور سرکاری محکمہ بھی منظوری حاصل کرنے کے لیے اتنا وقت اور مشکلات برداشت کرتا ہے تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک عام شہری کو کتنی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہوگا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ عوام کی مشکلات کو سمجھیں اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کریں۔
نرملا سیتا رمن نے واضح کیا کہ وہ افسران سے قوانین توڑنے یا کسی کے لیے خصوصی رعایت دینے کا مطالبہ نہیں کر رہیں، لیکن یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ اس ملک میں لوگوں کو اپنا جائز حق حاصل کرنے کے لیے بھی بہت زیادہ جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔انہوں نے ممبئی اور نوی ممبئی میں انکم ٹیکس افسران کے سرکاری رہائشی مکانات کے مسئلے پر بھی توجہ دینے کا وعدہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً نصف افسران کو سرکاری رہائش کی سہولت میسر نہیں، جس کی وجہ سے انہیں روزانہ طویل فاصلے طے کر کے دفتر آنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ہند امریکہ تجارتی معاہدہ کی جلد تکمیل کی کوشش پھر تیز


وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے سرکاری سطح پر زمین کی منتقلی کو ترجیح دیں گی اور اس عمل کو تیز کرنے میں ہر ممکن تعاون کریں گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس کے بعد کے تمام مراحل، جیسے ضروری منظوری حاصل کرنا، تعمیراتی کام، سینٹرل  پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ رابطہ، اور ٹھیکوں و ٹینڈرز کا عمل، محکمہ انکم ٹیکس کے افسران کو خود مکمل کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK