سی آئی آئی کے گلوبل اکنامک پالیسی فورم سے وزیرمالیات نرملا سیتارمن کا خطاب،کہاکہ بڑے اعلانات جولائی ۲۰۲۴ءکے عام بجٹ میں ہوں گے۔
EPAPER
Updated: December 08, 2023, 1:27 PM IST | New Delhi
سی آئی آئی کے گلوبل اکنامک پالیسی فورم سے وزیرمالیات نرملا سیتارمن کا خطاب،کہاکہ بڑے اعلانات جولائی ۲۰۲۴ءکے عام بجٹ میں ہوں گے۔
عبوری بجٹ کے متعلق مرکزی وزیر نرملاسیتارمن نے کہا ہے کہ اس میں بڑے اعلانات نہیں ہوں گے، اس کے لئے جولائی ۲۰۲۴ء میں پیش ہونے والے مکمل بجٹ کا انتظار کرنا ہوگا۔ وزیرمالیات کے اس بیان سے پرکشش اعلانات کی توقع رکھنے والے افرادکو مایوسی ہاتھ لگی ہے۔جمعرات کو دہلی کے پرگتی میدان پر منعقد ہونے والے سی آئی آئی گلوبل اکنامک پالیسی فورم ۲۰۲۳ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمالیات نے یہ بات کہی ہے۔
نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ’’میں آپ کی امیدیں نہیں توڑنا چاہتی لیکن یہ سچ ہے کہ یکم فروری ۲۰۲۴ءکوجوبجٹ پیش کیا جائیگا وہ صرف ’ووٹ آن اکاؤنٹ‘ پر ہوگا۔کیونکہ اس وقت ہم انتخابات کی تیاریوں میں ہوں گے۔ اسلئے نئی حکومت کے تشکیل پانے تک سرکاری اخراجات کو پورا کرنے کیلئے عبوری بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اس میں بڑے اعلانات نہیں ہوں گے۔ آپ کو اس کے لئے عام بجٹ کا انتظار کرنا ہوگا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’انتخابات کے وقت (ووٹ آن اکاؤنٹ میں ) کوئی بڑا اعلان نہیں ہوتا ، اس لئے آپ کو نئی حکومت آنے اورجولائی ۲۰۲۴ء میں اگلا مکمل بجٹ پیش ہونے تک انتظار کرنا ہوگا۔‘‘
جولائی میں نئی حکومت عام بجٹ پیش کرے گی
وزیر مالیات نے یہ واضح کردیا ہے کہ بجٹ میں بڑے اعلانات کے لئے اگلے سال تک کے مکمل بجٹ تک انتظار کرنا ہوگا۔ چونکہ لوک سبھا انتخابات اگلے سال(۲۰۲۴ء میں ) اپریل مئی میں ہونے والے ہیں ۔ انتخابات کے نتائج کے بعد مرکز میں نئی حکومت بنے گی اور یہ نومنتخبہ حکومت ۲۵۔۲۰۰۲۴ء کا مکمل بجٹ پیش کرے گی۔ وہ اپنی پالیسی کے حساب سے انکم ٹیکس کے موجودہ قوانین میں تبدیلی کرنے کے ساتھ نئی اسکیموں کا اعلان کرسکتی ہے۔
۲۰۱۹ء کےعبوری بجٹ میں کیا تھا؟
دھیان رہے کہ اس سے قبل کے عبوری بجٹ میں ایسا نہیں تھا۔ تب ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل مودی حکومت نے عبوری بجٹ پیش کیا تھا اس میں پرکشش اعلانات کی جھڑی لگادی گئی تھی۔ پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا لانچ کرنے کا اعلان اس وقت کے کارگزار وزیرمالیات پیوش گوئل نے کیا تھا۔ جس میں کسانوں کو تین قسط میں سالانہ ۶؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسکے علاوہ ٹیکس دہندگان کو بڑی راحت دی گئی تھی۔ ٹیکس رعایت کیلئے ’اسٹینڈرڈ ڈِڈکشن‘ کی حد کو ۴۰؍ ہزار روپے سے بڑھاکر ۵۰؍ ہزار روپے کردیا گیاتھا۔
لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پرکشش اعلانات ممکن
چونکہ ۲۰۲۴ء میں لوک سبھا انتخابات ہونے جارہے ہیں ۔ مودی حکومت لگاتار تیسری بار سرکار بنانے کا ہدف لے کر چل رہی ہے۔ ایسے میں رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے یہ مانا جارہا ہے کہ عبوری بجٹ میں پرکشش اعلانات کئے جاسکتےہیں۔ اس حوالے سے ماہرین معاشیات کا بھی اندازہ ہے کہ عبوری بجٹ میں کئی پرکشش اسکیمیں اور اعلانات شامل ہوسکتے ہیں۔