مرکزی وزیر نتن گڈکری کا دعویٰ، کہا ’’ مسلمان ووٹ نہیں دیں گے تب بھی میں ان کی خدمت کرتا رہوں گا‘‘
EPAPER
Updated: October 01, 2023, 11:03 AM IST | Agency | Nagpur
مرکزی وزیر نتن گڈکری کا دعویٰ، کہا ’’ مسلمان ووٹ نہیں دیں گے تب بھی میں ان کی خدمت کرتا رہوں گا‘‘
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے دعویٰ کیا ہے کہ اس بار ان کے کاموں سے متاثر ہو کر مسلم سماج کے ووٹر بھی انہیں بڑی تعداد میں ووٹ کریں گے۔ گڈکری ناگپور میں ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل خبر آئی تھی کہ مرکزی وزیر نے ناگپور میں ایک تقریب کے دوران اعلان کیا ہے کہ آئندہ الیکشن میں وہ اپنی تشہیر نہیں کریں گے نہ ہی اپنے کارکنان کو چائے پانی پلائیں گے۔ جسے ووٹ دینا ہوگا وہ دے گا جسے نہیں دینا ہوگا وہ نہیں دے گا۔
جمعہ ہی کی شام ناگپور کے بعد وہ واشم ضلع میں ایک سڑک کے افتتاح کی خاطر پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ میرے کئے گئے کاموں کو دیکھ کر اس بار مسلمان بھی مجھے بڑے پیمانے پر ووٹ کریں گے۔ اگر انہوں نے ووٹ نہیں دیا تب بھی میں ان کے کام کرتارہوں گا۔ ‘‘ گڈکری نے دعویٰ کیا کہ’’ میں نے کبھی ذات یا سماج کی بنیاد پر تفریق نہیں کی۔غریب کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو ، وہ غریب ہی ہوتا ہے۔‘‘ مرکزی وزیر کا کہنا تھا کہ’’ حکومت بھی بھید بھائو نہیں کرتی ہے۔ ہندوئوں کو جس دام میں گیس کا سلنڈر ملتا ہے، مسلمانوں کو بھی اسی دام میں سلنڈر خریدنا پڑتاہے۔ ‘‘گڈکری نے کہا کہ’’ کورونا کے دوران ناگپور کے تاج باغ علاقے میں مقامی باشندوں کے ساتھ میں نے کئی میٹنگیں کی تھیں ۔ میں نے ان سے کہا میں آر ایس ایس کا کارکن ہوں ۔ میں آپ کی خدمت کرتا رہوں گا چاہے آپ مجھے ووٹ دیں یا نہ دیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ ان دنوں نتن گڈکری ان دنوں اپنی پارٹی میں حاشئے پر نظر آ رہے ہیں۔