نلیش رانے نے بی جے پی کارکن کے گھر اسٹنگ آپریشن کرکے نقدی بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا، نتیش رانے نے کارکن سے مل کر تسلی دی
نتیش رانے اور نلیش رانے الگ الگ پارٹیوں میں ہیں۔ تصویر:آئی این این
بدھ کی رات شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی نلیش رانے نے سندھو درگ کے مالون علاقے میں ایک بی جے پی کارکن کے گھر پہنچ کر اسٹنگ آپریشن کیا۔ یہ اسٹنگ آپریشن انہوں نے سوشل میڈیا پر لائیو چلایا جس کی وجہ سے کھلبلی مچ گئی ۔ اسے انہوں نے اپنی طرف سے ’ چھاپے‘ کا نام دیا ۔ جمعرات کو دن بھر میڈیا میں یہ معاملہ چھایا ریا۔ شام کو نلیش رانے کے چھوٹے بھائی اور وزیر نتیش رانے جو خود بھی بی جے پی میں ہیں اس بی جے پی کارکن کے گھر گئے اور اسے تسلی دی۔ ساتھ ہی کہا ’’ اس حمام میں سب ہی ننگے ہیں۔ اگر کسی کے گھر میں پیسے ملے تو اس میں کون سی بڑی بات ہے؟
یاد رہے کہ سندھو درگ میں بی جے پی اور شیوسینا (شندے) آمنے سامنے ہیں۔ یہاں ایکناتھ شندے کی پارٹی نے ادھو ٹھاکرے کی پارٹی سے اتحاد کر رکھا ہے۔ اس لئے شندے سینا اپنی حلیف بی جے پی کو گھیرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی مشن کے تحت بدھ کی رات نلیش رانے مالون علاقے میں بی جے پی کارکن وجے کینا واڈیکر کے گھر پہنچے۔ انہوں نے اپنا موبائل ریکارڈنگ کیلئے آن رکھا تھا اور اسے ’لائیو‘ کر دیا تھا۔ وہ کیناواڈیکر سے باتیں کرتے ہوئے ان کے کمرے میں چلے گئے جہاں پیسوں سے بھرا بیگ رکھا ہوا تھا۔ اسے نلیش رانے نے اپنے طور پر وجے کینا واڈیکر کے گھر پر چھاپہ قرار دیا۔ جمعرات کو انہوں نے میڈیا کے سامنے کہا ’’۲؍ دن قبل ہی یہاں رویندر چوہان ( بی جے پی کے ریاستی صدر) یہاں آئے تھے۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ اپنے ساتھ پیسے لائے ہوں گے۔ ان لوگوں کی ایک میٹنگ بھی ہوئی تھی۔ اسی لئے میں کیمرہ لے کر وجے کینا واڈیکر کے گھر گیا تھا جہاں ۲۵؍ لاکھ روپے رکھے ہوئے ملے۔‘‘ نلیش رانے نے کہا ’’ یہ پیسے ووٹروں میں بانٹنے کیلئے رکھے ہوئے تھے۔ آپ دیکھ لیجئے کہ بی جے پی کس طرح کام کر رہی ہے۔‘‘
اس دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے نے نلیش رانے کے اقدام کو ’نامناسب قرار دیا‘ انہوں نے کہا ’’ مجھے نہیں معلوم نلیش رانے کیا کرنے والے تھے لیکن کسی کے گھر کے بیڈروم تک جانا اور اسٹنگ آپریشن کرنا مناسب نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ سبھی کے اپنے اپنے کاروبار ہوتے ہیں اور اپنے اپنے پیسے ہوتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ یہ پیسے غلط کام کیلئے رکھے ہوں۔ کسی کے گھر میں پیسے رکھے ہوئے ملے ہوں تو اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں ہونی چاہئے۔‘‘
شام کو نلیش رانے کے چھوٹے بھائی نتیش رانے وجے کینا واڈیکر کے گھر پہنچے ۔ انہوں نے کینا واڈیکر کو رتسلی دی کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نتیش رانے نے کہا ’’ ہمارا اپنا بھی کاروبار ہوتا ہے۔ اپنے کاروبار کے سلسلے میں گھر میں پیسے رکھے جاتے ہیں۔ اس میں غلط کیا ہے؟ ہماری پارٹی کی کوئی بدنامی نہ کرے۔ ‘‘ نتیش رانے نے کہا ’’ ہر کسی کا کاروبار ہے، جو قاعدہ ہم پر نافذ ہوتا ہے وہ ان پر بھی ہوتا ہے۔ اس حمام میں سبھی ننگے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ جمعرات کو دن بھر یہ معاملہ میڈیا میں چھایا رہا لیکن اس معاملے میں کوئی ایف آئی آر نہیں ہوئی۔ نلیش رانے نے بھی باضابطہ طور پر اس کی شکایت نہیں درج کروائی۔