• Mon, 17 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئی حکومت کی تشکیل کیلئے آج نتیش کا استعفیٰ متوقع

Updated: November 17, 2025, 9:53 AM IST | Javed Akhtar | Patna

بدھ یا جمعرات کو ۱۰؍ ویں مرتبہ حلف لے سکتے ہیں، وزارتوں  میں جے ڈی یو اور بی جےپی کا مساوی حصہ رکھنے کی تجویز، چراغ کو ۲؍ اور مانجھی کو ایک وزارت مل سکتی ہے

Deputy Chief Minister Vijay Kumar Sinha congratulates Nitish Kumar on the victory of NDA. Photo: INN
نائب وزیراعلیٰ وجے کمار سنہا این ڈی اے کی کامیابی پر نتیش کمار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

بہار اسمبلی الیکشن میںحیرت انگیز کامیابی حاصل کرنے کے بعد  این ڈی اے کی ساری توجہ حکومت سازی پر مرکوز ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نئی حکومت کی تشکیل کیلئے آج  (پیر ، ۱۷؍ نومبر کو) گورنر کو اپنا استعفیٰ پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں  نے پیر کو رواں اسمبلی کی کابینہ کی آخری میٹنگ طلب کی ہے۔   پیر کو ہی این ڈی اے کی میٹنگ میں انہیں   قانون ساز پارٹی کا لیڈر چن لئے جانے کا امکان ہے جس کی بنیاد پر وہ گورنر سے ملاقات میں  اگلی حکومت کی تشکیل کیلئے دعویٰ بھی پیش کردیں گے۔   ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق نتیش کمار بدھ یا جمعرات کو ریکارڈ ۱۰؍  ویں بار  بہار کے وزیراعلیٰ  کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔ 
 وزارتوں کی تقسیم پر گفتگو
بی جےپی اور جے ڈی یو نے برابر برابر نشستوں  (۱۰۱-۱۰۱) پر  الیکشن لڑا تھا جس کے بعد جے ڈی یو کے حصے میں ۸۵؍ اور بی جےپی کے حصے میں ۸۹؍ سیٹیں آئی ہیں۔ حکومت سازی کے بعد وزارتوں کی تقسیم کے تعلق سے  این ڈی اے میں  جو ابتدائی تجویز پیش کی گئی ہے وہ یہ ہے کہ بی جےپی اور جے ڈی یو مساوی تعداد میں  وارتیں ملیں  جبکہ چراغ پاسوان کی پارٹی کو کابینہ میں۲؍ نشستیں جبکہ جیتن رام مانچھی اور اپیندر کشواہا کی پارٹی کو ایک ایک وزارت دی جائے۔  بتایا جارہاہے کہ جےڈی یو سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کےعلاوہ ۱۳-۱۴؍ایم ایل اےوزیر بنائے جاسکتے ہیں۔ بی جےپی کوٹے سے۱۵-۱۶؍وزیر بنائے جانے کا امکان ہے  ۔
  میٹنگوں کا سلسلہ دراز
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ پر اتوار کومیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا،جبکہ مرکزی وزیر للن سنگھ اور جے ڈی یو کےکارگزار قومی صدر سنجے جھا مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ دہلی میں میٹنگ میں مشغول رہے۔ اس کے لیے این ڈی اے کی سبھی جماعتوں کی قانون ساز پارٹیوںکی میٹنگ بھی ہورہی ہے۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے کل ہفتہ کو جیتنے والے ایم ایل اے کے ساتھ میٹنگ کی تھی، جبکہ جے ڈی یو نے آج پیر کو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائی ہے۔ بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ پیر کو متوقع ہے۔
 وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کابینہ کی آخری میٹنگ پیر یعنی ۱۷؍نومبر کو بلائی ہے ۔ اس میٹنگ کا واحد ایجنڈا یہ ہے کہ نتیش کمار پیر کو نئی حکومت بنانے کیلئےگورنر کوجاکراپنا استعفیٰ سونپیں گے۔نتیش کمار نے اپنے سبھی نومنتخب ایم ایل اے کو پیر کو پٹنہ میں ہی رہنے کا حکم دیاہے۔
 استعفیٰ کے بعد قانون ساز پارٹی کی میٹنگ
 وزارت علیٰ سے نتیش کمارکے استعفیٰ  کے بعد این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی ۔ این ڈی اے قانون سازیہ پارٹی کی میٹنگ سے قبل جے ڈی یو کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ سی ایم ہاؤس میں ہوگی ۔ اس میںنتیش کمار کو قانون سازپارٹی کا لیڈر منتخب کیاجائےگا۔ اس کے لیے نتیش کمار نے اپنے سبھی نومنتخب اراکین  اسمبلی کو پیر کو لازمی طورپر پٹنہ میں رہنے کا حکم دیا ہے۔ امکان ہے کہ بدھ یا جمعرات کو  نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری ہوگی۔  پٹنہ کے گاندھی میدان میں اس تقریب کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ 
 دہلی میں بی جےپی اور جے ڈی یو کی میٹنگیں
 نئی حکومت کی تشکیل کیلئےاین ڈی اے کی سطح پر دہلی میں بھی اعلیٰ سطحی میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ جے ڈی یو کے کارگزار قومی صدر سنجے جھا اور مرکزی وزیر للن سنگھ وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کے بعد دہلی پہنچ کر وزیر داخلہ کےساتھ میٹنگ کی ۔ این ڈی اے کی اتحادی پارٹی راشٹریہ لوک مورچہ کے سربراہ اوپیندر کشواہا اور ہندوستانی عوام مورچہ کےسربراہ اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کو بھی دہلی میں رہنے کو کہا گیاہے۔ رواں اسمبلی کی مدت۲۲؍ نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔اس سے پہلے نئی حکومت کی تشکیل کی جانی ہے۔بدھ کو نئی حکومت کی تشکیل کے بعد حلف برداری کا امکان ہے۔واضح رہے کہ این ڈی اے نے اس اسمبلی انتخابات میں ۲۰۲؍سیٹوں پر جیت درج کی ہے ۔ بی جے پی۸۹؍ سیٹوں کے ساتھ بہار میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK