بی جے پی اور شیو سینا نے اپنے اپنے گروپ لیڈروں کااعلان کیا۔بی جے پی ممبئی کے صدر امیت ساٹم نے کہا کہ این سی پی (اجیت پوار) بھی اتحاد میں شامل ہوگی۔
شیوسینا (شندے)اور بی جے پی کے نومنتخب کارپوریٹرس بی ایم سی ہیڈکوارٹرز میں۔ تصویر: پی ٹی آئی
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) الیکشن کے نتائج ظاہر ہوئے ۱۶، ۱۷؍ دن گزر چکے ہیں لیکن اب تک میئر ، نائب میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین اور چیئرمین اور دیگر کمیٹیوں کے اراکین کی تقرری کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔دریں اثناء پیر کو میئر الیکشن کیلئے کچھ گہما گہمی نظر آئی اور بی ایم سی انتخابات میں سب سے زیادہ ۸۹؍سیٹیں حاصل کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) اور شیو سینا( شندے) جن کے ۲۹؍ کارپوریٹرس ہیں نے اپنے اپنے کارپوریٹرو ںکی میٹنگ لی اور اس کے بعد بی ایم سی میں گروپ لیڈروں کا تقرر کیا۔اس دوران بی جےپی ممبئی کے صدر ا ور رکن اسمبلی امیت ساٹم نے یہ واضح کیا کہ این سی پی (اجیت پوار) بھی بی جے پی اور شیو سینا ( شندے) کے اتحاد میں شامل ہوگی۔
گنیش کھنکر بی جے پی کارپوریٹروںکے گروپ لیڈر منتخب
امیت ساٹم نے پیر کو بی ایم سی کے ہیڈکوارٹرز میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ دہیسر کے کارپوریٹر گنیش کھنکر کو بی ایم سی میں بی جے پی کے گروپ لیڈر کے طور پر منتخب کیا گیا ہےنیز بی جے پی اور شیو سینا(شندے) کاالگ الگ گروپ کوکن بھون جاکر کمشنر کے پاس رجسٹرڈ ہوں گے۔ تاہم این سی پی (اجیت) شیو سینا کے ساتھ ایک مشترکہ گروپ کو رجسٹر کرے گی۔ واضح رہے کہ گنیش کھنکر نے ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی پراحتجاج کیا تھا۔
’’برسراقتدار تینوں پارٹیاں اقتدار میں شامل ہوں گی ‘‘
بی جے پی ممبئی کے صدر امیت ساٹم نے کہا کہ ’’چونکہ ریاست میں مہا یوتی کی حکومت میں بی جے پی، شیو سینا (شندے) اور این سی پی (اجیت پوار) پارٹیاں ہیں، اسی طرح بی ایم سی میں ہم ساتھ ہی رہیں گے ۔ ہم ذاتی طور پر بی ایم سی الیکشن میں این سی پی لیڈر نواب ملک کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے مخالف تھےلیکن ہمیں این سی پی سے کوئی بیر نہیں ہے۔ اب اس کے ۳؍کارپوریٹرس شیو سینا کے ساتھ ایک گروپ کو رجسٹر کریں گے اور آخر میں این سی پی اس اتحاد کی ایک پارٹی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک نیوز چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے امیت ساٹم نے کہا تھا کہ وہ این سی پی ( اجیت پوار) کے کارپوریٹر کی حمایت نہیں لیں گے۔
امیت ساٹم کے بقول بی ایم سی الیکشن میں بی جے پی کو ۸۹؍ اور شیو سینا (شندے) کو۲۹؍ اس طرح انہیں۱۱۸؍ سیٹیں ملی ہیں جبکہ بی ایم سی کی ۲۲۷؍ نشستیں ہیں جس پر اقتدار کیلئے ۱۱۴؍ کارپوریٹروں کی حمایت کی درکار ہے اور ہمارے پاس درکار تعداد سے ۴؍ کارپوریٹرس زیادہ ہیں اس لئے ہمیں مزید کسی اور کی حمایت کی ضرورت نہیں ہے۔ چونکہ این سی پی ( اجیت پوار) ریاست میں ہمارے ساتھ ہے اس لئے ہم بی ایم سی میںبھی اسے اپنے ساتھ ہی رکھیں گے۔جب امیت ساٹم سے میئر اور نائب میئر کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوں نےاس کا جواب دینے سے گریز کیا،کہا کہ ممبئی کی ترقی ضروری ہے۔
ممبئی کوبدعنوانی سے پاک کریں گے : گنیش کھنکر
بی جے پی کے نئے گروپ لیڈر گنیش کھنکر نے دعویٰ کیا کہ وہ ممبئی کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ وہ ممبئی والوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کو بدعنوانی سے پاک بنائیں گے۔
امئے گھولے شیوسینا (شندے) کے گروپ لیڈر مقرر
شیو سینا ( شندے ) کے سربراہ ایکناتھ شندے کے حکم پر دادر مشرق کے کارپوریٹر اور بی ایم سی کی ہیلتھ کمیٹی کے سابق چیئرمین امئے گھولے کوبی ایم سی میں شیو سینا (شندے) کا گروپ لیڈر منتخب کرنے کا فیصلہ شیوسینا کارپوریٹروں کی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔ شیو سینا لیڈر اور سابق رکن پارلیمان راہل شیوالے نے یہ اطلاع دی ۔
شیوسینا کے نو منتخب کارپوریٹروں کی پیر کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر میں میٹنگ ہوئی جس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راہل شیوالے نے کہا کہ ’’میٹنگ میں ایک قرارداد پیش کی گئی اوربی ایم سی الیکشن میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی کامیابی پر شیوسینا کو مبارکباد دی گئی ساتھ ہی شیو سینا قانونی کارروائی کو مکمل کرے گی اور پیر کی دوپہر کوکن بھون میں کمشنر کے ساتھ گروپ کو رجسٹر کرے گی۔راہل شیوالے نے مزید کہا کہ ’’میونسپل کارپوریشن میں شیوسینا اور بی جے پی اتحاد کی سیٹیں اکثریت سے زیادہ ہے۔ اس لئےہم اقتدار حاصل کرکے اس کا فائدہ اٹھائیں گے۔ تاہم ابھی تک کسی بھی عہدے (میئر، ڈپٹی میئر وغیرہ) کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ‘‘
’’عہدوں پرفیصلہ دیویندرفرنویس اور ایکناتھ شندے کریں گے‘‘
میئر اور ڈپٹی میئر کون ہوگا؟ اور کون کونسے عہدے کس کے حصے میں آئیں گے، اس پر تبصرہ کرنے سے راہل شیوالے نے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اس کا فیصلہ کریں گے۔‘‘
بی جے پی اور شیوسینا پارٹیاں کوکن بھون میں الگ الگ گروپ رجسٹر کریں گی۔ تاہم جب یہ پوچھا گیا کہ کیااین سی پی (اجیت پوار) شیوسینا کے ساتھ گروپ رجسٹر کرے گی؟تو راہل شیوالےنے کہا کہ این سی پی کے ساتھ گروپ کو رجسٹر کرنے کے بارے میں بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔