• Tue, 03 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آگ بجھانے کے کام میں رکاوٹ بننے والی گاڑیو ں کے مالکان پر کارروائی کا انتباہ

Updated: February 03, 2026, 11:26 AM IST | Mumbai

میونسپل کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ اگر آگ بجھانے اور راحتی کاموں میں رکاوٹ بنتی ہے تو گاڑیوں کے مالک کے خلاف کیس درج کرایاجائے گا۔

Illegally parked rickshaws in Kandivali obstructed the path of the fire brigade vehicle. Picture: INN
کاندیولی میں غیرقانونی طریقے سےکھڑے رکشے فائربریگیڈ کی گاڑی کی راہ میں رکاوٹ بن گئے تھے۔ تصویر: آئی این این
کئی مرتبہ دیکھا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں   بے ترتیبی سے گاڑیاں کھڑی کردی جاتی ہیں جن کی وجہ سے  ہنگامی حالات میں  فائربریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے کام میں رکاوٹیں پیدا ہو جاتی ہیں جس سے جانی اور مالی نقصان ہوتا ہے  ۔ اس کے پیش نظرمیونسپل کمشنر بھوشن گگرانی اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر  ڈاکٹر  اشونی جوشی نے متنبہ کیا کہ  اگر آگ یا ایمرجنسی کے دوران  کھڑی کی گئیں گاڑیاں رکاوٹ بنتی ہیں توایسی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف   پولیس اسٹیشن میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی جائے گی۔  یہ ہدایات میونسپل کمشنر کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ کے بعد دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں  شہری انتظامیہ کی جانب سے ضروری احکام بھی جاری کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں پیر کو بی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن  (بی ایم سی )   کے فائر ڈپارٹمنٹ  کا کام  شہریوں، جانوروں، پرندوں اور املاک کو آتشزدگی اور دیگرآفات اور حادثات سے بچانا ہے۔ آگ بجھانے اور بچاؤ کے کام کو موثر طریقے سے انجام دینے کیلئےفائر ڈپارٹمنٹ جدید آلات سے لیس گاڑیوں اور ماہر اہلکاروںکے ساتھ فوری راحت پہنچانے کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ جاتا ہے۔
تاہم پچھلے کچھ برسوں سے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ سڑکوں کے کنارے گاڑیاں غیر قانونی طور پر اور بے ترتیبی سے کھڑی کردی  جاتی ہیں جن کی وجہ سے جائے حادثہ تک پہنچنے میں   رکاوٹ پیش آتی ہے جس    سے بروقت آگ بجھانے اور بچاؤ کے کام کو انجام دینے میں سخت مشکلات پیش آتی ہیں ۔ اس کام کو موثر طریقے سے انجام دینے میں ناکامی کی وجہ سے  جان و مال کے نقصان میں  اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس لئے یہ  بہت سنگین معاملہ ہے۔
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ اگر آگ یا آفت   پر جان اور املاک  کا نقصان ہوتا ہے اور یہ پایا جاتا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے کھڑی کی گئی گاڑیاں آگ بجھانے اور بچاؤ کے کاموں میں رکاوٹ بنی ہیں تو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ متعلقہ فائر بریگیڈ گاڑی کے افسر یا ملازم کو  آگ بجھانے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد گاڑیوں کی تصاویر لے کر اس کے رجسٹریشن نمبر کے ساتھ    شکایت درج کروائے۔میونسپل کمشنر نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں بے ترتیبی سے کھڑی نہ کریں اور بی ایم سی کو تعاون دیں۔
ممبئی کے چیف فائر آفیسر رویندر امبولگیکر نے کہاکہ بی ایم سی کی اس کارروائی کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ ممبئی فائر ڈپارٹمنٹ کو بھی   شہریوں کی جانب سے غیر قانونی پارکنگ کی شکایات موصول ہوں گی۔لہٰذااگر شہری اس طرح کی غیر قانونی پارکنگ کی شکایت کرتے ہیں تو فائر عملے کو ایسی   ہدایات دی گئی ہیںکہ وہ متعلقہ پولیس اسٹیشن، محکمہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکمہ کے دفتر کو مناسب کارروائی کرنے کیلئےکہہ دیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ممبئی فائر ڈپارٹمنٹ کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شکایت کنندہ کو اس تعلق سے مطلع بھی کرے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK