اب آئی آر سی ٹی سی پر ’ریگریٹ‘ یعنی بکنگ بند کا پیغام نہیں دیکھنا پڑےگا۔
عام طور پر ریلوے ۱۵۰؍ سے زائد ویٹنگ لسٹ ٹکٹ نہیں دیتی مگر اب اضافی کوچ لگا کر زیادہ سے زیادہ مسافروں کو جگہ فراہم کی جائےگی۔ تصویر: آئی این این
دیوالی اور چھٹھ پوجا پر گھر جانے والے مسافروں کیلئے ’ناردرن ریلوے‘ نےبڑی خوشخبری دی ہے۔اس کے مطابق اب آئی آر سی ٹی سی (انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن) پر ٹکٹ بک کراتے وقت مسافروں کو’’ریگریٹ‘‘ یعنی بُکنگ بندکا پیغام نہیں دیکھنا پڑے گا۔ریلوے نے تقریباً۳۰؍ لاکھ اضافی برتھ بڑھا دی ہیں۔
مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو دیکھتے ہوئے ناردرن ریلوے نے اُن ٹرینوں میں کوچ بڑھانے کا عمل شروع کر دیا ہے جہاں ریگریٹ اسٹیٹس آنے کا امکان تھا۔چیف پبلک ریلیشن آفیسر ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے بتایا کہ ریگریٹ اسٹیٹس کو ختم کرنے کیلئے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے، جسے فی الحال اچھا رسپانس مل رہا ہے۔کہیں کہیں ٹکٹ بکنگ میں کچھ تکنیکی پریشانیاں آ رہی ہیں، جن پر کام کیا جا رہا ہے۔اب تک ٹرینوں میں۳؍ ہزار اضافی کوچ جوڑے جا چکے ہیں، اور ضرورت پڑنے پر یہ تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تہواروں کے دوران خصوصی ٹرینیں اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ اور پوروانچل کے مختلف شہروں کیلئے چلائی جا رہی ہیں۔جیسے جیسے اسپیشل ٹرینوں کا اعلان ہوتا ہے، ان کاشیڈول بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ عام طور پر ریلوے میں ۱۵۰؍ سے زیادہ ویٹنگ لسٹ والے ٹکٹ فروخت نہیں ہوتے ، بلکہ بُکنگ بند کر دی جاتی ہے۔لیکن تہواروں کے موسم میں بُکنگ کے ضوابط میں نرمی لاتے ہوئے، ریلوے نے اضافی کوچ لگا کر ریگریٹ اسٹیٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جن ٹرینوں میں ٹکٹ کی مانگ بہت زیادہ ہے، ان میں کوچ بڑھائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو ٹکٹ بُک کرنے کا موقع مل سکے اورویٹنگ لسٹ مسافروں کو بھی راحت ملے۔