سیکوریٹی ضرورتوں اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ریاست میں ۵۲؍ اہم شخصیات کو بلٹ پروف جیکٹ فراہم کئے گئے ہیں جن میں ایک بھی مسلم نام نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: August 25, 2026, 12:20 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
سیکوریٹی ضرورتوں اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ریاست میں ۵۲؍ اہم شخصیات کو بلٹ پروف جیکٹ فراہم کئے گئے ہیں جن میں ایک بھی مسلم نام نہیں ہے۔
اترپردیش میں اہم سیاسی شخصیات اور دیگر وی آئی پیز کی سیکورٹی کیلئے حکومت کی جانب سے بلٹ پروف جیکٹ فراہم کئےجانے کے معاملہ نے سیاسی رنگ اختیار کرلیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ،سیکوریٹی ضرورتوں اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر یو پی میں ۵۲؍ اہم شخصیات کو بلٹ پروف جیکٹ فراہم کئے جانے کی اطلاعات ہیں، جن میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی سمیت حکمراں اور اپوزیشن دونوں جماعتوں کے لیڈر شامل ہیں، تاہم مسلم لیڈروں کا کہنا ہے کہ جاری کی گئی فہرست میں ایک بھی مسلم سیاسی شخصیت کا نام شامل نہ ہونا افسوسناک ہے اور یہ حکومت کے جانب دارنہ رویہ کوظاہرکرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی کے اسمبلی اسپیکر پر قومی ترانے کا احترام نہ کرنے کاالزام، کانگریس کی سخت تنقید
اس معاملے پر ’انقلاب‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے مسلم لیڈروں نے حکومت کے فیصلے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف ماب لنچنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور کئی معاملات میں مسلمانوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق جن مسلم لیڈروں کو خطرہ لاحق ہے، انہیں بھی ان کی سیکوریٹی ضرورت کے مطابق تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ اگر دیگر لیڈروں کو زیڈ پلس یا دیگر زمروں کی سیکورٹی دی جاسکتی ہے تو خطرے سے دوچار مسلم لیڈروں کو بھی سیکورٹی فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سلسلے میں عدالت کے احکامات بھی موجود ہیں، لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت سے مسلمانوںکیلئےزیادہ امید رکھنا مشکل ہے۔ وہیں کانگریس کے قومی سکریٹری شاہنواز عالم نے بھی اس معاملے پر حکومت کے رویے پر سوال اٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تمل ناڈو میں ہر خاندان کو سالانہ تین ایل پی جی سلنڈر مفت ملیں گے
انہوں نےکہا کہ فہرست میں کئی ایسے افراد شامل ہیں جو براہ راست انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں ہیں لیکن وہ آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہیں، اسلئےحکومت انہیں یہ سب سہولیات دے کر ان کیلئےماحول بناتی ہے۔ مسلم سیاسی لیڈروں کو نظرانداز کئے جانے پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں شامل نام نہاد مسلم لیڈروں کو بھی بی جے پی اپنا لیڈر نہیں مانتی۔جہاں تک اپوزیشن کے مسلم لیڈروں کا سوال ہے، وہ تو خود بی جے پی حکومت کے نشانے پر ہیں۔
واضح رہے ایک ایسی بلٹ پروف جیکٹ کی قیمت جو اسالٹ رائفل کی گولیوں کے برسٹ کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ۱۰؍ لاکھ روپئے سے زیادہ کی بتائی جاتی ہے۔