بی جے پی نے مدھیہ پردیش سے امیدوار بنایا، متنازع تصاویر وائرل ہونے کا کوئی اثر نہیں ہوا، کابینہ میں برقرار رہیں گے۔
EPAPER
Updated: October 29, 2026, 10:51 AM IST | Agency | New Delhi
بی جے پی نے مدھیہ پردیش سے امیدوار بنایا، متنازع تصاویر وائرل ہونے کا کوئی اثر نہیں ہوا، کابینہ میں برقرار رہیں گے۔
بی جے پی نے راجیہ سبھا کے ضمنی انتخاب کے لئے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کو ایم پی سے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ یعنی ان کے مرکزی وزیر برقرار رہنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ گزشتہ دنوں جنسی درندہ ایپسٹین کے ساتھ ان کی متعدد تصاویر وائرل ہونے کے بعد یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ بی جے پی ان سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہے گی لیکن پارٹی نے انہیں ایک مرتبہ پھر راجیہ سبھا کا امیدوار بناکر واضح کردیا ہے کہ اسے ایسی متنازع تصاویر یا پوسٹس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے ان کے نام کو منظوری دے دی ہے۔ اس ضمنی انتخاب کے ذریعہ مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کی ایک خالی سیٹ پُر کی جائے گی۔
ہردیپ سنگھ پوری فی الحال مرکزی حکومت میں وزیر ہیں۔یہ راجیہ سبھا سیٹ سابق مرکزی وزیر ایل مروگن کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی وزیراعظم کےحلقے کی سیٹیں ہار گئی!
الیکشن کمیشن نے اس سیٹ پر ضمنی انتخاب کرانے کا پروگرام جاری کیا ہے۔ ضمنی انتخاب کیلئے ۱۲؍ نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ۲؍ نومبر ہے۔ اس انتخاب میں ایم پی کے اراکین اسمبلی راجیہ سبھا کے رکن کا انتخاب کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ہردیپ پوری مودی حکومت میں۲۰۲۱ء سے وزیر برائے پٹرولیم ہیں۔ وہ وزیر برائے شہری ترقیات بھی رہ چکے ہیں۔ آئی ایف ایس افسر رہے ہردیپ پوری جنوری۲۰۱۴ء میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے لیکن ان کے تعلق سے ایپسٹین تنازع کے بعد یہ قیاس لگائے جارہے تھے کہ انہیں فوری استعفیٰ دینے تو نہیں کہا جائے گا لیکن ایسے ہی کسی موقع پر انہیں کابینہ سے ہٹادیا جائے گا لیکن بی جے پی نے ایسا کچھ نہیں کیا بلکہ ہردیپ پوری کو ٹکٹ دے کر ان کی سیٹ برقرار رکھی۔