• Thu, 29 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دو ایکا دو...... اس بچے کو ۲۰۰۰؍ تک کا پہاڑہ یاد ہے

Updated: October 29, 2026, 11:06 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاضی کنگ :مدنی اردو ہائی اسکول جوگیشوری میں دوسری جماعت میں زیر تعلیم میران قمررضوانی کی غیر معمولی ذہانت۔

Miran Qamar Rizwani. Photo: INN
میران قمر رضوانی۔ تصویر: آئی این این
یہاں کے مدنی اُردو ہائی اسکول کی دوسری جماعت میں زیر تعلیم میران قمر رضوانی عام سے بچہ بھلے ہی نظر آتا ہو لیکن  نہ یہ بچہ عام ہے اور نہ اس کی صلاحیت عام ہے۔ اس  ۷؍ سالہ بچے کو ۲؍ ہزار تک کےپہاڑہ زبانی یاد ہیں۔ جوگیشوری مشرق میں باندرہ پلاٹ میں رہائش پذیر میران ۳؍سال کی عمر میں لانگ بُک پر باکسیز بنا کر انہیں جوڑنے کی مشق کرتاتھا،بعد میں یہ شوق اس کاجنون بن گیا ۔ اعداد وشمار میں دلچسپی ہونے کی وجہ سے اسے ۲۰۰۰؍ تک کاپہاڑا یاد ہونے کے ساتھ ساتھ اسے لکھنے میں بھی مہارت حاصل ہے۔  روانی سے پہاڑ ے پڑھنے اورلکھنےکیلئے اس نے چند مخصوص فارمولےاور پیٹرن اپنائے ہیں جن کی مدد سےوہ منٹوں میںبڑی تعدادکے پہاڑے لکھ لیتا ہے ۔ اس کیلئے اس نے یوٹیوب پر   پہاڑوں سے متعلق ویڈیوز سے بھی استفادہ کیا ہے۔  میران نے پہاڑے لکھنے اور یادکرنےکی مشق جن فل اسکیپ پیپر س پر کی ہے ، بطور یادگار    انہیں  اس نے گھر کی دیواروں پر  چسپاں کر رکھا ہے تاکہ وقتاً فوقتاً ان کا اعادہ کرسکے۔میران کی اسی  صلاحیت کاامتحان لینےکیلئے نمائندہ انقلاب نے اسے ۹۹۹؍ کاپہاڑا لکھنےکیلئےکہا،جس پراس نے مخصوص پیٹرن کی مدد سے ایک منٹ سے بھی کم وقفےمیں وہ مشکل پہاڑہ بالکل درست لکھ کر ہمیں حیرت زدہ کردیا۔

اور اس کی بہن نظیفہ نے کتاب لکھی ہے

تیسری جماعت کی طالبہ کی یہ کتاب پکوانوں سے متعلق ہے جو امیزون پردستیاب ہے۔

میران کی بڑی بہن نظیفہ جو تیسری جماعت میں مدنی ہائی اسکول میں ہی زیر تعلیم ہے ، کو شروع سے کتابوں کے مطالعہ کاشوق رہا۔ ڈیڑھ سال کی عمرمیں اس نے انگریزی حرف مثلاً اے بی سی ڈی لکھنا شروع کر دیا تھاجبکہ ۴؍ سال کی عمر میں وہ انگریزی کہانیوں کی کتابیں پڑھنے لگی تھی ۔کتابوں کے درمیان پلنے بڑھنے سے اسے کتاب لکھنے کاشوق پیدا ہوا ۔اپنی خواہش کی تکمیل کیلئے اس نے ’’شیف لبوبو اینڈ فرینڈز‘‘ نامی کتاب تحریر کی ہے  جو ۸؍ابواب پر مشتمل ہے ۔ نظیفہ نے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے یہ کتاب لکھی  ہے۔یہ کہانی شیف لبوبو کے مرکزی  کردا ر کے ارد گرد گردش کرتی ہے جو کہ مٹھائیوں کی سرزمین میں رہتا ہے ۔ وہاں اس کی ملاقات ایک پین کیک سواپ نامی کردارسےہوتی ہے ۔ بعدازیں دونوں گہرے دوست بن جاتے ہیں ۔دونوں دوست ہندوستان او ر جاپان کا دورہ کرتے ہیں۔ ان ممالک کےماحولیات اور پکوان پر ریسرچ کرتے ہیں۔

وہ دونوں یہاں کے پکوان خود پکاتے اور کھاتے ہیں۔ آخر میں لبوبو اپنی انتھک محنت سے شیف بننےکی خواہش پوری کرلیتا ہے اور اپنے بنائے ہوئے کیک پر لگی ہوئی ایک خاص ٹوپی بطور انعام حاصل کرتا ہے۔کہانی دوستی ،محنت ، مدد اور کامیابی کا پیغام دیتی ہے۔ ‘‘یہ کتاب امیزون پر کنڈل اور پیپر بیک دونوں شکلوں میں دستیاب ہے اور اس کا باقاعدہ بین الاقوامی آئی ایس بی این نمبر (۸۱۶۳۷۴۳۳۶۰۔۹۷۹) بھی موجود ہے۔ کتاب کالنک :www.amazon.in/dp/B0HNVMMN7Z

والدین کے تاثرات: جوگیشوری (مشرق) باندرہ پلاٹ میں رہائش پزیر ۷؍سالہ میران اور ۹؍سالہ نظیفہ قمررضوانی مدنی اُردوہائی اسکول میں دوسری اور تیسری جماعت میں زیرتعلیم ہیں۔ دونوں بھائی بہن پڑھائی میں ذہین ہیں۔ ان کی تعلیم وتربیت میں والدین کااہم کردار ہے۔ والدین نے شروع سے انگریزی اور اُردو کتابوںکے درمیان ان کی پرورش کی جس کانتیجہ ہے کہ عمران اور نظیفہ روانی سے انگریزی اور اُردو کتابیں پڑھ لیتےہیں۔ دونوں ہی بھائی بہن نے مختلف تعلیمی سرگرمیوں میںمنفرد کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ان دونوںبھائی بہن نے ابتدائی ۲؍سال کولکاتا کے ایک کانوینٹ اسکول میں پڑھائی کی تھی۔ دونوں کےوالدقمر رضوانی اور والدہ رضوانہ بانو کے مطابق ’’ہم نے اپنےدونوں بچوں کو بچپن سے کتابیں پڑھنے کی ترغیب دی۔ انگریزی پڑھنےکی صلاحیت میں اضافہ کیلئے خان اکیڈمی کے کڈس پروگرام سے بھی مدد حاصل کی۔ اسکول کے علاوہ گھر پر ان کی پڑھائی پربھرپور توجہ دی۔

میران اور نظیفہ نے نرسری اور کے جی کی پڑھائی کولکاتا  کے ایک کانوینٹ اسکول سے کی اس لئے دونو ں بچوں نے چھوٹی عمر میں ہی انگریزی پڑھنا شروع کر دیا تھا۔ جس کی وجہ سے نظیفہ کوانگریزی میں کتاب لکھنےمیں بڑی مددملی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK