Inquilab Logo

اعظم خان کے اسکول کو ۷؍ دن میں خالی کرنے کا نوٹس

Updated: November 04, 2023, 12:09 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

بصورت دیگر انتظامیہ نے تحویل میں لینے کا انتباہ دیا ، ذرائع کے مطابق اعظم خان کے مخالف بی جے پی کے ایم ایل اے آکاش سکسینہ نے وزیر اعلیٰ سےشکایت کی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کروڑوں کی اراضی کو ۱۰۰؍روپے کی سالانہ لیز پر ۳۰؍سال کی مدت کےلئے دیا گیا تھا۔

Students can be seen on the premises of Rampur Public School. Photo: INN
رام پور پبلک اسکول کے احاطے میں طلبہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر:آئی این این

سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر محمد اعظم خاں کے خلاف حکومت کی کارروائیوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہاہے۔ یوگی حکومت کی ہدایت پرضلع انتظامیہ نے سابق کابینی وزیرمحمد اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کو زمین خالی کرنے کےلئے ۷؍ دن کا وقت دیا ہے۔ جوہر ٹرسٹ کے زیر انتظام رام پور پبلک اسکول (آر پی ایس) اور سماجوادی پارٹی کے دفتر’دارالعوام‘ کو۷؍ دنوں کے اندر خالی کرنے کے احکامات دئے گئے ہیں۔ احکامات ملتے ہی اراضی سے تجاوزات ہٹانے کے لیے ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
نوٹس کب دیا گیا؟
 تفصیلات کے مطابق اترپردیش حکومت کےایڈیشنل چیف سکریٹری دیپک کمار کا خط یکم نومبر۲۰۲۳ء کو رامپورضلع مجسٹریٹ کو بھیجا گیا،اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے سی ڈی او کی صدارت میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں چیف ڈیولپمنٹ افسر نند کشور کلال سمیت، ایس ڈی ایم صدر جگموہن گپتا، اے ایس پی ڈاکٹر سنسار سنگھ اور ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکول منے علی کو شامل کیا گیا ہے۔ ضلع انسپکٹر آف اسکول کی جانب سے جمعرات کو دیر رات اس سلسلے میں مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کو نوٹس بھیج کر محکمہ تعلیم کی تقریباً۴؍ ہزار مربع فٹ زمین خالی کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ الزامات کے مطابق اعظم خان کا رام پور پبلک اسکول (گرلز ونگ) اور سماجوادی پارٹی کا آفس بھی اسی زمین پر بنایا گیا ہے۔
نوٹس میں کیا کہا گیا ہے؟
ضلع انسپکٹر آف اسکول کی جانب سے جوہر ٹرسٹ کے منتظم کوجاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ’’حکومت کے حکم کے مطابق، آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ نوٹس موصول ہونے کے بعد سے۷؍ دنوں کے اندر رام پور ضلع کے پرانے مرتضیٰ ہائرسیکنڈری اسکول کی عمارت؍زمین کو خالی کرنا یقینی بنائیں ، اس کے علاوہ یہ بھی ہدایت دی جاتی ہے کہ مذکورہ جائیداد میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی،اگر آپ نے مقررہ مدت میں عمارت خالی نہیں کی تو انتظامیہ قبضے میں لے لی گی جس کی تمام تر ذمہ داری آپ کی ہوگی۔‘‘
اس اسکول کا افتتاح ڈمپل یادو نے کیا تھا
واضح رہے کہ رامپور پبلک اسکول کا افتتاح سماجوادی پارٹی کی ایم پی ڈمپل یادو نے کیا تھا۔ذرائع کے مطابق اعظم خان کے کٹر مخالف بی جے پی کے ایم ایل اے آکاش سکسینہ نے اس سےمتعلق وزیر اعلیٰ سےشکایت کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کروڑوں روپے کی اراضی کوصرف ۱۰۰؍روپئے کی سالانہ لیز پر ۳۰؍سال کی مدت کےلئے دیا گیا تھا،اس اراضی پررام پور پبلک اسکول اور سماجوادی پارٹی کا دفتر چلتا ہے۔ آکاش سکسینہ کی شکایت کے بعد جانچ ہوئی اور جانچ رپورٹ میں لیز کی شرائط کی خلاف ورزی بتائی گئی۔جس کے بعد اب حکومت کی ہدایت کے تحت ضلع انسپکٹر آف اسکول نے اعظم خان کے رام پور پبلک اسکول پر نوٹس چسپاں کردیا ہے۔ سات دن میں عمارت کو خالی نہ کرنے کی صورت میں انتظامیہ کی جانب سے اپنی تحویل میں لینے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ جمعرات کو سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کی حمایت میں  کہا تھا کہ ’’اروند کیجریوال ہوں  یا قابل احترام اعظم خاں ، ہو یا پھر سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی ہوں ، اگر وہ عوام کی آواز اٹھائیں گے تو ان پر کیس درج ہوجائے گا۔ یہ سب اس لئے پریشان کئے جارہے ہیں  کیونکہ بی جے پی کو لگتا ہے کہ یہ طاقت بن کر ابھریں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK