• Sat, 27 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اب خالی بستر، ایمبولنس اور اوپی ڈی کی معلومات میونسپل پورٹل پر دستیاب ہوگی

Updated: September 27, 2025, 10:38 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

شہریوں کی سہولت کیلئے کوپر اسپتال میں پائلٹ پروجیکٹ متعارف کرایاگیا۔دیگر میونسپل اسپتالوںمیں بھی جلد یہ اسکیم نافذکی جائے گی۔

Queue for case papers at Cooper Hospital. Photo: INN
کوپراسپتال میں کیس پیپر کیلئے قطار۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )نے مریضوں کی سہولت کیلئے ولے پارلے میں واقع کوپر اسپتال میں ایک نیاپائلٹ پروجیکٹ متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے اسپتال اور طبی خدمات سے متعلق مختلف معلومات آن لائن حاصل کی جاسکےگی۔میونسپل اسپتالوں میں خالی بستروں کی دستیابی، اوپی ڈی کس وقت تک جاری رہے گا اور اسپتال میں ایمبولنس دستیاب ہے یا نہیں ، اگر نہیں ہے تو کس وقت ایمبولنس  دستیاب ہونے کی اُمید ہے ۔ اس طرح کی ساری معلومات اب میونسپل پورٹل اور چیٹ بوٹس کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔ یہ معلومات جمعرات کو کوپر اسپتال میں منعقدہ میٹنگ کے دوران شہری انتظامیہ کے محکمہ صحت کے ڈپٹی کمشنر شرد اُگھاڈے اور نائر اسپتال کےڈین سنجے موہیتے نے دی ۔ فی الحال یہ پائلٹ پروجیکٹ کوپر اسپتال میں متعارف کرایا گیاہے ۔واضح رہے کہ کوپر اسپتال میں اس پائلٹ پروجیکٹ کے کامیاب ہونے کے بعد دیگر بی ایم سی اسپتالوں میں اسے متعارف کرایاجائے گا۔ 
 مذکورہ میٹنگ میں کوپر اسپتال کے مختلف مسائل مثلاً مریضوں کو چوہے کے کاٹنے کا معاملہ، `بالا صاحب ٹھاکرے ٹراما کیئر کے مختلف مسائل اور دیگر اسپتالوں میں خدمات اور سہولیات، افرادی قوت کی دستیابی، زیرو نسخہ اسکیم اور مستقبل میں بہترین طبی خدمات فراہم کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
 خیال رہے کہ کوپر اسپتال کی بدنظمیوں اورکمیوں سے متعلق گزشتہ دنوں متعدد شکایتیں سامنے آئی تھیں جس کے بعد ان کی جانچ اور انہیں دور کرنےکیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ فی الحال ان شکایتوں کو دور کرنےکیلئے متعدد اقدامات جاری ہیں  جس کی وجہ سے اسپتال میں صاف صفائی کے علاوہ طبی خدمات ، سہولیات اور افرادی قوت وغیرہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کو یہاں مریضوں کارجسٹریشن کائونٹر صبح ساڑھے ۷؍بجے اور اوپی ڈی صبح ۸؍بجے شروع ہوا۔ ان محکموں میں معمول کے مطابق افرادی قوت ہونے سے مریضوں کی پریشانیوںمیں کمی آئی ہے ۔ علاوہ ازیں مختلف ڈپارٹمنٹ میں مرمت اور پینٹنگ وغیرہ کا کام بھی شروع ہوگیا ہے ۔ 
 اطلاع کے مطابق کوپر اسپتال میں مذکورہ پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد بی ایم سی کے دیگر اسپتالوں (نائر ،کے ای ایم اور سائن) میں یہ پروجیکٹ متعارف کرایا جائے گا ۔ اس سسٹم کے ذریعے مریضوں کے ریکارڈ اور ان کی طبی معلومات کو اپ ڈیٹ رکھا جا سکتا ہے ۔ اگر مریض کا کیس پیپر گم ہو جائے تب بھی ڈاکٹر کی ریکارڈ کردہ معلومات اس سسٹم میں موجود رہے گی ۔  یہ اطلاع بھی موصول ہوئی ہے کہ کوپر اسپتال میں آئندہ ۳؍مہینوں میں کیموتھیراپی سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ اس کیلئے اجازت حاصل کر لی گئی ہے جبکہ نائر کینسر اسپتال کی ۱۰؍ منزلہ عمارت کی ۶؍ منزلوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ بقیہ تعمیراتی کام  اکتوبر ۲۰۲۶ء تک مکمل ہو نے کاامکان ہے۔
 زیرو پرسکرپشن ا سکیم کے بارے میں بتایا گیا ہےکہ اس میں متعدد تکنیکی مسائل ہیں، جن کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس لئے یہ اسکیم ابھی تک تمام اسپتالوں میں نافذ نہیں ہوسکی ہے جبکہ اس کا ۶۰؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK