انتظامیہ کے مطابق اب غیر قانونی بینراور پوسٹر آویزاں کرنے پر فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: October 03, 2025, 11:16 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
انتظامیہ کے مطابق اب غیر قانونی بینراور پوسٹر آویزاں کرنے پر فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔
میونسپل کارپوریشن نے فلائی اووروں، میٹرو کالموں اور عوامی مقامات پر بینر و پوسٹر لگانے والوں کو سختی سے خبردار کیا ہے۔
کارپوریشن کی جانب سے جگہ جگہ بینر نصب کرکے واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ اگر کسی نے بلا اجازت ہورڈنگ، پوسٹر یا بینر آویزاں کیا تو اس کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر اور انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر وکرم دراڈے کی ہدایت پر خصوصی مہم کے تحت متعدد غیر قانونی ہورڈنگز اور بینر ہٹا دیئے گئے ہیں۔ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ شہر کی سڑکوں، فلائی اووروں اور عوامی مقامات کو بدنما ہونے سے بچانا ضروری ہے، اسی لئے غیر قانونی بینربازی کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔
اس سلسلےمیں شہریوں اور سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر واقعی بھیونڈی کو صاف اور خوبصورت بنانا ہے تو کارپوریشن کو سیاسی دباؤ اور جانبداری سے آزاد ہوکر سب کیخلاف یکساں کارروائی کرنی ہوگی۔ بڑے سیاسی جلسوں اور طاقتور لیڈروں کے بینرز پر بھی وہی سختی دکھائی جائے جو عام شہریوں پر کی جاتی ہے۔ شہریوں نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی بینر لگانے والوں سے جرمانہ وصول کرکے اسے صفائی، ماحولیات اور شہری سہولیات پر خرچ کیا جائے۔ذرائع کے مطابق کارپوریشن بینر اور پوسٹر لگانے کا نیا ٹھیکہ کسی پرائیویٹ کمپنی کو دینے کی تیاری کر رہی ہے تاکہ ریونیو میں اضافہ ہو لیکن اگر اس عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری نہ رکھی گئی تو یہ شہر کے ماحول اور شہری اعتماد کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اس ضمن میں میونسپل کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پردیسی نے انقلاب کو بتایا کہ یہ حکم نامہ پربھاگ سمیتی کے سربراہ کے دائرے میں آتا ہے۔ پربھاگ افسر اپنے علاقے میں غیر قانونی بینر پوسٹر لگانے والوں پر قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔