گزشتہ ۶۰؍ دن میں ملک بھر میں ایسے فاسٹیگ کے ذریعے تقریباً ۵ء۶۷؍کروڑ روپے کا لین دین ہوا۔
سالانہ فاسٹیگ کے صارفین بڑھ رہے ہیں. تصویر: آئی این این
قومی شاہراہوں کے ٹول پلازہ پر آمد و رفت کو آسان بنانے کیلئے سالانہ فیس کے ساتھ فاسٹیگ صارفین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور ۲؍ ماہ کے دوران یہ تعداد ۲۵؍ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ سرکاری اطلاع کے مطابق پچھلے۶۰؍ دن میں ملک بھر میں ایسے فاسٹیگ کے ذریعے تقریباً ۵ء۶۷؍کروڑ روپے کا لین دین ہوا اور۲۵؍ لاکھ صارفین کی وجہ سے یہ تاریخی ریکارڈ حاصل ہوا۔ یہ اسکیم۱۵؍ اگست کو شروع کی گئی تھی۔ فاسٹیگ سالانہ پاس قومی شاہراہ کے صارفین کو ایک آسان اور کفایتی سفر کا آپشن فراہم کرتا ہے اور یہ تقریباً۱۱۵۰؍ ٹول پلازہ پر قومی شاہراہوں اور نیشنل ایکسپریس ویز پر قابل قبول ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے آمد و رفت آسان ہو رہی ہے اور صارفین کو سالانہ پاس کے لیے ایک ہی بار فیس ادا کرنے میں دشواری نہیں ہو رہی ہے۔ اس کے ذریعے فاسٹیگ کو بار بار ریچارج کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک سال کی مدت یا۲۰۰؍ ٹول پلازہ کراسنگ کیلئے۳؍ ہزار روپے میں یہ پاس حاصل کیا جا سکتا ہے اور یہ پاس تمام غیر تجارتی گاڑیوں کیلئے نافذ ہے جن کے پاس فعال فاسٹیگ موجود ہے۔ راج مارگ یاترا ایپ یا این ایچ اے آئی ویب سائٹ کے ذریعے ایک بار فیس ادا کرنے کے بعد، گاڑی سے منسلک موجودہ فاسٹیگ پر ۲؍ گھنٹے کے اندر سالانہ پاس فعال ہو جاتا ہے۔