Inquilab Logo Happiest Places to Work

این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کی دستخط کردہ چمڑے کی جیکٹ نیلامی کیلئے پیش

Updated: July 07, 2026, 10:08 PM IST | New York

مصنوعی ذہانت کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت رکھنے والے این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کی مشہور سیاہ چمڑے کی جیکٹ نیلامی کیلئے پیش کی گئی ہے۔ اس تاریخی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم نوجوان اختراع کاروں کی سرپرستی اور فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

The black leather jacket has become part of Jensen Hwang`s identity. Photo: INN
سیاہ چمڑے کی جیکٹ جینسن ہوانگ کی شناخت کا حصہ بن چکی ہے۔ تصویر: آئی این این

اگرچہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کو عموماً فیشن آئیکن نہیں سمجھا جاتا لیکن ان میں سے کئی اپنی مخصوص طرزِ لباس کی وجہ سے فوراً پہچان لئےجاتے ہیں۔ اسٹیو جابزکی سیاہ ٹرٹل نیک شرٹ ہو یا جینسن ہوانگ کی سیاہ چمڑے کی جیکٹ، یہ لباس ان کی ذاتی شناخت اور برانڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔ اب انہی مشہور لباسوں میں سے ایک نیلامی کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ این ویڈیا (NVIDIA) کے سی ای او جینسن ہوانگ کی وہی اصل سیاہ چمڑے کی جیکٹ، جسے وہ برسوں سے مختلف مواقع پر پہنتے آئے ہیں، Sotheby`s کی نیلامی میں ۱۷؍جولائی تک فروخت کیلئے رکھی گئی ہے۔ یہ کوئی نقل یا نمونہ نہیں بلکہ ہوانگ کی اصل جیکٹ ہے، جس کے اندر ان کے دستخط بھی موجود ہیں، اور اس کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ایک فلاحی مقصد کیلئے استعمال کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: میکرون ہر جگہ دھوپ کا چشمہ کیوں پہن رہے ہیں؟ سوشل میڈیا میں قیاس آرائیاں

جینسن ہوانگ کی پہچان سیاہ چمڑے کی جیکٹ
فوربز کے مطابق تقریباً۱۶۹ء۲؍ ارب ڈالر کے مالک جینسن ہوانگ اکثر سیاہ چمڑے کی جیکٹ میں نظر آتے ہیں۔ ان کا یہ آل بلیک انداز کئی برسوں سے مذاق، طنز اور انٹرنیٹ میمز کا موضوع بھی بنتا رہا ہے، مگر یہی لباس ان کی شخصیت کی علامت بھی بن گیا ہے۔ یہ جیکٹ معروف فیشن برانڈ ٹام فورڈ کی تیار کردہ ہے، جس کی متوقع نیلامی قیمت۴۰؍ ہزار سے۶۰؍ ہزار امریکی ڈالر کے درمیان رکھی گئی ہے۔ اسی برانڈ کی نئی جیکٹ عام طور پر۵؍ ہزار سے۹؍ ہزار ڈالر میں فروخت ہوتی ہے۔ یہ جیکٹ۲۰۲۳ءمیں تائی پے میں منعقدہ ہون ہائی ٹیک ڈے کی تقریب کے دوران جینسن ہوانگ نے پہنی تھی۔ اس کے اندر ان کے دستخط بھی موجود ہیں، جس سے اس کی تاریخی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ 
سوتھبیز کی کیٹلاگ میں اس جیکٹ کو ’’جینسن جیکٹ‘‘کا نام دیتے ہوئے لکھا گیا ہے:’’مستقبل اُن لوگوں کے ہاتھوں تعمیر ہوتا ہے جو دوسروں سے پہلے نامعلوم راستوں پر چلنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ یہ صرف ایک جیکٹ نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کی شناخت ہے جو سب سے پہلے کسی نئے خیال پر یقین کرتا ہے۔ یہ جینسن ہوانگ کے قائدانہ انداز، خلوص، اختراع، ثابت قدمی، جرات اور خوش مزاجی کی علامت ہے، اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انقلاب میں ان کے وژن کی نمائندگی کرتی ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: حماس کا غزہ میں اپنی حکومت کے خاتمے کا اعلان

آمدنی کہاں خرچ ہوگی؟
اس جیکٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام رقم ایج انسٹی ٹیوٹ (Edge Institute) کو دی جائے گی۔ لانگ جرنی وینچرز (Long Journey Ventures) کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس مہم کے ذریعے نوجوان اختراع کاروں کیلئےفیلوشپس، گرانٹس اور تحقیقی رہائشی پروگراموں کی مالی معاونت کی جائے گی۔ 
چمڑے کی جیکٹ سے وابستگی
جینسن ہوانگ کا چمڑے کی جیکٹ پہننے کا شوق کوئی نئی بات نہیں۔ روایتی سوٹ اور ٹائی پہننے والے سی ای اوز کے برعکس انہوں نے منفرد انداز اپنایا۔ وہ کم از کم۲۰۱۳ء سے اس طرزِ لباس میں عوامی تقریبات میں نظر آ رہے ہیں، جو وقت کے ساتھ ان کی مستقل شناخت بن گیا۔ بینزنگا (Benzinga) کے مطابق، ہوانگ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ چمڑے کی جیکٹ پہننے کا مشورہ انہیں ان کی اہلیہ اور بیٹی نے دیا تھا۔ انہوں نے ایک موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ (Reddit) پر خود کو مزاحیہ انداز میں ’’چمڑے کی جیکٹ والا آدمی‘‘ بھی کہا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی محکمۂ انصاف کا اڈانی کے خلاف کیس ختم کرنے کا دفاع، کہا کیس ’سفارتی تنازع‘ کا باعث بن سکتا ہے

سی ای اوز کی یادگار اشیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت
ٹیکنالوجی کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے سی ای اوز سے وابستہ اشیا اکثر قیمتی یادگاروں (Collectables) میں شمار کی جاتی ہیں۔ اس فہرست میں اب جینسن ہوانگ بھی شامل ہو گئے ہیں، جہاں پہلے ہی اسٹیو جابز، ایلون مسک اوروارن بفٹ جیسے نام موجود ہیں۔ 
قیمتی یادگاریں 
مارچ ۲۰۲۴ءمیں منعقدہ آر آر آکشن (RR Auction) میں اسٹیو جابز کا دستخط شدہ بزنس کارڈ ایک لاکھ۸۱؍ ہزار۱۸۳؍ امریکی ڈالر میں فروخت ہوا، جو کسی آٹوگراف شدہ بزنس کارڈ کی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ بزنس کارڈ ایپل کے پہلی نسل کے سیل بند۴؍ جی بی آئی فون سے بھی زیادہ قیمت میں فروخت ہوا، جس کی نیلامی ایک لاکھ ۴۷؍ ہزار۲۸۶؍ امریکی ڈالر میں ہوئی۔ اسی نیلامی میں ایلون مسک کا دستخط شدہ بزنس کارڈ بھی فروخت ہوا، جس کی قیمت ۳۹؍ ہزار۲۳۸؍ڈالر رہی، حالانکہ اس کی ابتدائی متوقع قیمت صرف ۲۵۰۰؍ ڈالر تھی۔ اگرچہ اکثر لوگ اسٹیو جابز اور ایلون مسک کا موازنہ کرتے ہیں، لیکن جینسن ہوانگ کا نام نسبتاً کم لیا جاتا ہے۔ تاہم، نوجوان اختراع کاروں کی مدد کیلئے اپنی مشہور جیکٹ نیلام کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں ان کا اثر و رسوخ اور اہمیت کسی سے کم نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK