صارفین کو جلد سواری حاصل کرنے کے نام پر اضافی رقم ادا کرنے کی ترغیب دینے کے معاملے میں مرکزی صارفین تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے) نے آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اولا کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 5:00 PM IST | Mumbai
صارفین کو جلد سواری حاصل کرنے کے نام پر اضافی رقم ادا کرنے کی ترغیب دینے کے معاملے میں مرکزی صارفین تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے) نے آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اولا کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔
صارفین کو جلد سواری حاصل کرنے کے نام پر اضافی رقم ادا کرنے کی ترغیب دینے کے معاملے میں مرکزی صارفین تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے) نے آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی اولا کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ اتھارٹی نے کمپنی پر ۱۰؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے اسے متنازعہ سہولت فوری طور پر بند کرنے اور ۱۵؍ دن کے اندر تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حکم ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو جاری کیا گیا۔اتھارٹی نے اولا کی جانب سے صارفین کو ڈرائیور کی جانب سے بکنگ قبول کیے جانے سے پہلے اضافی رقم بطور ٹِپ یا ایڈ آن ادا کرنے کی ترغیب دینے کے طریقۂ کار کو گمراہ کن اشتہار، غیر منصفانہ تجارتی عمل اور صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق کمپنی کی ایپ پر سواری کی بکنگ کے دوران صارفین کو یہ پیغام دکھایا جاتا تھا کہ اضافی ٹِپ دینے سے جلد سواری حاصل کرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو پہلے ۱۰؍ سے ۴۰؍ روپے تک کی مقررہ رقم ادا کرنے کے اختیارات دیے جاتے تھے، جبکہ بعد میں یہ رقم بڑھتی گئی اور صارفین اپنی جانب سے ۴۹۹؍ روپے تک اضافی ادائیگی بھی کرسکتے تھے۔اولا کی دلیل مسترد، اعداد و شمار نے بھی سوالات کھڑے کیےاولا نے اپنے دفاع میں کہا تھا کہ اضافی رقم کی ادائیگی مکمل طور پر رضاکارانہ تھی اور اس کی پوری رقم ڈرائیور کو منتقل کی جاتی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:فلم’’گن ماسٹر جی ۹‘‘ میں اپارشکتی کھرانہ خونخوار ویلن بنے
کمپنی کے مطابق اس سہولت کا مقصد ان ڈرائیورس کو سواری قبول کرنے کی ترغیب دینا تھا جنہیں مسافر تک پہنچنے کے لیے زیادہ فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی کہا کہ اضافی رقم ادا کرنے سے سواری کی فوری تصدیق کی ضمانت نہیں دی جاتی۔تاہم سی سی پی اے نے کمپنی کی دلیل کو قبول نہیں کیا۔ اتھارٹی نے اولا کے اپنے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی میں اضافی رقم کے ساتھ کی گئی بکنگ میں صرف تقریباً ۳۲؍ فیصد درخواستیں قبول کی گئیں، جبکہ بغیر اضافی رقم والی بکنگ کی منظوری کی شرح ۶۸؍ فیصد تھی۔ اسی طرح بنگلورو میں اضافی رقم کے ساتھ بکنگ قبول کیے جانے کی شرح تقریباً ۳۹؍ فیصد رہی، جبکہ بغیر اضافی رقم والی درخواستوں میں یہ شرح ۶۸؍ فیصد تھی۔
اتھارٹی کے مطابق یہ اعداد و شمار کمپنی کے اس دعوے کی تائید نہیں کرتے کہ اضافی رقم دینے سے سواری جلد ملنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔صارفین پر نفسیاتی دباؤ ڈالنے کا الزامسی سی پی اے نے اولا کی ایپ پر دکھائے جانے والے پیغامات اور ادائیگی کے اختیارات کو ’کنفرم شیمنگ‘ نامی ممنوعہ ڈجیٹل طریقۂ کار قرار دیا ہے۔ اس کے تحت صارفین کو نفسیاتی دباؤ میں لاکر کوئی اضافی ادائیگی کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ کسی ڈرائیور کی جانب سے بکنگ قبول کیے جانے سے پہلے ٹِپ مانگنا عام طور پر دی جانے والی ٹِپ سے مختلف ہے، کیونکہ روایتی طور پر ٹِپ کسی خدمت کی تکمیل کے بعد اس کی قدر دانی کے طور پر دی جاتی ہے۔اتھارٹی نے کمپنی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی ایپ، ویب سائٹ اور دیگر ڈجیٹل پلیٹ فارمز سے ایسے تمام پیغامات، اشاروں، مقررہ اضافی رقوم اور انٹرفیس ڈیزائن کو فوری طور پر ہٹائے جو صارفین کو پہلے سے طے شدہ کرایے کے علاوہ کوئی بھی اضافی رقم ادا کرنے پر اکساتے یا نفسیاتی دباؤ ڈالتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:مالدیپ: اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے داخلے پر مستقل پابندی کی تیاری
اس پابندی کا اطلاق ٹِپ، ایڈ آن یا اضافی کرایے سمیت کسی بھی نام سے وصول کی جانے والی رقم پر ہوگا، جب تک سفر مکمل نہ ہوجائے۔صارفین کے تحفظ کے قوانین پر عمل لازمیمرکزی صارفین تحفظ اتھارٹی نے اولا کو صارفین کے تحفظ کے قانون ۲۰۱۹ء، ڈجیٹل ڈارک پیٹرنز سے متعلق ۲۰۲۳ء کی رہنما ہدایات اور گمراہ کن اشتہارات کی روک تھام سے متعلق ۲۰۲۲ء کے ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ کمپنی کو ۱۰؍ لاکھ روپے کا جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ حکم موصول ہونے کے ۱۵؍ دن کے اندر تعمیلی رپورٹ جمع کرانی ہوگی۔اس کارروائی کو آن لائن ٹیکسی خدمات فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کے لیے ایک اہم ضابطہ جاتی قدم قرار دیا جارہا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ صارفین کو پہلے سے طے شدہ کرایے کے علاوہ اضافی رقم ادا کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے گمراہ کن پیغامات یا نفسیاتی دباؤ کا استعمال صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آسکتا ہے۔