• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ معاملے پر امریکی کارکنوں کا آئی سی سی سے ٹرمپ اور روبیو کے گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ

Updated: November 12, 2026, 6:31 PM IST | Washington

ٹیکس پیئر الائنس اگینسٹ جینوسائیڈ (TAAG) نے کہا کہ اس نے دی ہیگ میں آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کے دفتر میں غزہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے حلف نامے جمع کرائے ہیں۔ اس نے عینی شاہدین کے بیانات، وسل بلوئر (مخبر) کی گواہیاں، ویڈیو شواہد اور اسرائیل کیلئے امریکی فوجی، مالی، سفارتی اور سیاسی حمایت سے متعلق دستاویزات بھی پیش کئے ہیں۔

Donald Trump and Marco Rubio. Picture: X
ڈونالڈ ٹرمپ اور مارکو روبیو۔ تصویر: ایکس

امریکہ کے ایک عوامی گروپ کے ارکان اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی وکلاء نے بدھ کے روز بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ، وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام کے خلاف تحقیقات کرے اور ان کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کرے۔ انہوں نے ان پر ”غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم میں مدد اور اعانت فراہم کرنے“ کا الزام عائد کیا ہے۔

ٹیکس پیئر الائنس اگینسٹ جینوسائیڈ (TAAG) نے کہا کہ اس نے دی ہیگ میں آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کے دفتر میں غزہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے حلف نامے جمع کرائے ہیں۔ اس نے عینی شاہدین کے بیانات، وسل بلوئر (مخبر) کی گواہیاں، ویڈیو شواہد اور اسرائیل کیلئے امریکی فوجی، مالی، سفارتی اور سیاسی حمایت سے متعلق دستاویزات بھی پیش کئے ہیں۔ اس فائل میں امریکی ٹراما سرجن ڈاکٹر فیروز سدھوا، جو دو بار غزہ میں کام کر چکے ہیں اور غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے سابق مینیجر ڈیوڈ میکنتوش کی گواہیاں بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: گریٹا تھنبرگ کی COP31 میں شرکت، عالمی لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بنایا

درخواست جمع کرائے جانے کے بعد اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ (اسپیشل ریپورٹر) فرانسسکا البانیز نے دی ہیگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی کا مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی قانون ہی ہمارے پاس موجود آخری پرامن ہتھیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”قانونی ذرائع موجود ہیں۔ جس چیز کی کمی ہے وہ انہیں استعمال کرنے کی سیاسی جرأت ہے۔“ وفد نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری عہدیدار بین الاقوامی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور نسل کشی کی مالی اعانت، اسلحہ کی فراہمی اور مدد کرنے والوں کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے۔

آئی سی سی نے ان الزامات پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں سنایا ہے۔ پراسیکیوٹر کو درخواست جمع کرانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ عدالت تحقیقات شروع کرے گی یا وارنٹ طلب کرے گی۔ امریکہ روم اسٹیٹیوٹ (Rome Statute) کا فریق نہیں ہے، جس کے تحت آئی سی سی کا قیام عمل میں آیا تھا اور وہ امریکی و اسرائیلی شہریوں پر عدالت کے دائرہ اختیار کو مسترد کرتا ہے۔ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی جیل میں غزہ کے معروف ڈاکٹر کی جان کو خطرہ، ۱۴؍ کلو وزن کم ہوگیا

واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر ۲۰۲۴ء میں، آئی سی سی نے اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔ ان الزامات میں بھوک کو جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شامل تھا۔ جولائی میں، روبیو نے کہا تھا کہ ”اگر ضرورت پڑی تو امریکی انتظامیہ اس عدالت کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی۔“ واشنگٹن نے آئی سی سی کے ججوں اور پراسیکیوٹرز کے ساتھ ساتھ البانیز پر بھی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور ان کے اقدامات کو ”ناجائز اور بے بنیاد“ قرار دیا ہے۔

اکتوبر ۲۰۲۳ء سے غزہ پر مسلط کردہ جنگ میں ۷۴ ہزار ۶۰۰ سے زائد فلسطینی شہید اور تقریباً ایک لاکھ ۷۶ ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ علاقے کا تقریباً ۹۰ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK