• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شارجہ کی خطاطی نمائش میں رامپور رضا لائبریری کے نادر قرآنی فن پارے شامل

Updated: November 12, 2026, 7:04 PM IST | Sharjah

ابنِ مقلہ اور یاقوت مستعصمی سے منسوب قرآنی خطاطی کے نادر نمونے شارجہ کی ’بِمیزان‘ نمائش میں پیش کیے گئے، جہاں عربی رسم الخط کے تاریخی ارتقا اور اسلامی فنون کے تحفظ کو اجاگر کیا گیا۔

Rampur Raza Library. Image: X
رامپور رضا لائبریری۔ تصویر: ایکس

 

ہندوستان کے تاریخی علمی و ثقافتی ادارے رامپور رضا لائبریری کے نادر قرآنی فن پاروں کی تصاویر شارجہ میں منعقدہ بین الاقوامی خطاطی نمائش کا حصہ بنائی گئی ہیں۔ ان میں سورۂ بقرہ کی آیات کی وہ خطاطی شامل ہے جو معروف خطاط ابنِ مقلہ سے منسوب ہے، جبکہ سورۂ فاتحہ کی خطاطی یاقوت مستعصمی سے منسوب کی گئی ہے۔ ان تاریخی نمونوں کی شمولیت نے ہندوستان کے قدیم کتب خانوں میں محفوظ اسلامی فنون اور قرآنی خطاطی کے ورثے کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یہ فن پارے شارجہ کے ’ہاؤس آف وزڈم‘ میں منعقدہ ’بِمیزان: نقطے سے معنی تک‘ (In Due Measure: From Dot to Meaning) نامی نمائش میں پیش کیے گئے ہیں۔ یہ شارجہ کے ۱۲؍ ویں خطاطی اجتماع کا حصہ ہے، جس کا مرکزی موضوع ’میزان‘ یعنی توازن ہے۔ نمائش کا افتتاح ۱۱؍ نومبر کو ہوا، جس میں شارجہ کے محکمۂ ثقافت کے چیئرمین عبداللہ بن محمد العویس، ثقافتی امور کے ڈائریکٹر محمد ابراہیم القصیر اور دیگر ثقافتی و فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے: مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی کی مالیگاؤں آمد، تکمیل درس قرآن کے جلسے سے خطاب 

نمائش میں رامپور رضا لائبریری و میوزیم کی جانب سے فراہم کردہ تصاویر کے ذریعے قرآنی خطاطی کے دو بڑے تاریخی ناموں کے کام سے روشناس کرایا گیا ہے۔ ابنِ مقلہ سے منسوب نمونوں میں سورۂ بقرہ کی آیات کے ساتھ سورۂ فاتحہ کی خطاطی بھی شامل ہے، جبکہ یاقوت مستعصمی سے منسوب سورۂ فاتحہ کا نمونہ بھی پیش کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شارجہ کی ’ہولی قرآن اکیڈمی‘ نے یاقوت مستعصمی کے قرآنی نسخے کی ایک نقل اور ابنِ بَوّاب اور یاقوت مستعصمی کے قرآنی مخطوطات کے صفحات کی بازتخلیق شدہ تصاویر بھی فراہم کی ہیں۔ یوں نمائش میں مختلف ادوار کے ممتاز خطاطوں کے اسلوب اور ان کے فنی اثرات کا تقابلی مطالعہ ممکن بنایا گیا ہے۔ نمائش کا بنیادی تصور عربی حروف کی ساخت، تناسب اور ترتیب کو سمجھنا ہے۔ اس کے پانچ حصوں میں نقطے سے حرف، حرف سے لفظ اور لفظ سے جملے تک خطاطی کے فنی سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں نقطے کو حروف کے حجم اور پیمائش کی بنیادی اکائی کے طور پر سمجھایا گیا ہے۔ دوسرے حصے میں حروف کی ساخت، خم، طوالت اور باہمی تناسب پر توجہ دی گئی ہے، جبکہ تیسرے حصے میں الفاظ کی تشکیل اور حروف کے درمیان جگہ کے استعمال کو موضوع بنایا گیا ہے۔ چوتھے حصے میں جملوں کی خطاطی اور تحریر کے مفہوم کے درمیان تعلق دکھایا گیا ہے۔ آخری حصے میں معاصر خطاطی کے تجربات پیش کیے گئے ہیں، جن میں روایتی اصولوں کو نئے فنی انداز میں برتا گیا ہے۔

 

اس نمائش میں تاریخی کتابوں اور خطاطی کے نمونوں کے ساتھ عملی اور تعلیمی سرگرمیوں کا بھی انتظام ہے۔ ’ڈاٹ اینڈ پین ٹیبل‘ پر آنے والے افراد مختلف سائز کے نقطے بنا کر حروف کے تناسب کو سمجھ سکتے ہیں۔ خط نویسی کی میز پر خطاط علی الحمادی کی ویڈیو رہنمائی کے ساتھ حروف لکھنے کی مشق بھی کرائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ابنِ مقلہ کی زندگی اور خطاطی میں ان کے کردار پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کردہ تعارفی ویڈیو اور خطاط خالد الجلاف کی جانب سے نقطے کی پیمائش میں اہمیت سے متعلق تعلیمی مواد بھی دکھایا جارہا ہے۔ بچوں اور نوجوانوں کے لیے ورکشاپس اور فنّی سرگرمیاں بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کرینہ کپور کو قرآنی آیات والا لاکٹ پہننے پر نوٹس

 

رامپور رضا لائبریری ہندوستان کے اہم ترین تاریخی کتب خانوں میں شمار ہوتی ہے۔ اتر پردیش کے شہر رامپور میں قائم اس ادارے کی بنیاد ۱۷۷۴ء میں نواب فیض اللہ خان نے رکھی تھی۔ ہندوستان کی وزارتِ ثقافت کے مطابق لائبریری میں عربی، فارسی، پشتو، سنسکرت، اردو، ہندی اور ترکی سمیت مختلف زبانوں کے تقریباً ۱۷؍ ہزار مخطوطات محفوظ ہیں، جبکہ اس کے ذخیرے میں تقریباً ۶۰؍ ہزار مطبوعہ کتابیں بھی شامل ہیں۔ یہ ادارہ ہند اسلامی علوم، فنون، مصوری، موسیقی اور خطاطی کے تاریخی ذخیرے کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

شارجہ کی یہ نمائش ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب عربی خطاطی کو محض خوب صورت تحریر کے بجائے ایک مکمل تاریخی، علمی اور فنی روایت کے طور پر نئی نسلوں سے متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ رامپور رضا لائبریری کے محفوظ قرآنی نمونوں کی تصاویر کی شمولیت اس بات کی بھی علامت ہے کہ ہندوستان کے تاریخی کتب خانے اسلامی تہذیب کے مشترکہ علمی ورثے کے تحفظ میں سرحدوں سے آگے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK