• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ کے اومکیش جادھو نے ۶؍بار ایم پی ایس سی میں کامیاب ہوکر تاریخ رقم کی

Updated: November 12, 2025, 1:52 PM IST | ZA Khan | Nanded

ہنگولی میںڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے اومکیش نے ’کلاس ون آفیسر‘ کے خواب کو پورا کرنے کیلئے ایم پی ایس سی امتحان۲۰۲۴ء دیا اور۵۴؍ واں رینک حاصل کیا۔

Omkesh Jadhav. Photo: INN
اومکیش جادھو۔ تصویر:آئی این این
یہاں کے باصلاحیت نوجوان اومکیش جادھو نے مسلسل محنت، ہمت اور حوصلے کے دَم پر ایم پی ایس سی امتحان میں اس بار بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس طرح اس نوجوان نے ۶؍ بار اس مشکل امتحان میں کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اومکیش کی یہ غیر معمولی کامیابی ریاست بھر کے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کیلئے ایک بڑی مثال بن گئی ہے۔
اومکیش جادھو شہر کےسڈکو علاقے کے رہنے والے ہیں۔ان کے والد اُتم راؤ جادھو ضلع پریشد اسکول میں معلم ہیں، جبکہ والدہ سُمن جادھو خاتون خانہ ہیں، انہوں نے بھی ہر قدم پر اومکیش  کا ساتھ دیا۔ اومکیــش اس وقت ہنگولی ضلع پریشد میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ موجودہ سرکاری ملازمت کے باوجود ان کا خواب ایک بڑا افسر بننے کا تھا، اسی لئے انہوں نے ۲۰۱۹ء سے ایم پی ایس سی امتحان کی پڑھائی سنجیدگی سے تیاری جاری رکھی ۔اومکیش نے پونے میں رہ کر بغیر کسی کوچنگ کلاس کے ’سیلف اسٹڈی‘ کی ۔ پہلی مرتبہ۲۰۲۰ء میں اس نوجوان نے پہلی بار امتحان دیا جس میں اس کا رینک۱۲۶؍ آیا، تاہم انہیں تقرری نہیں مل سکی۔ ناکامی کے باوجود اُنہوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔ ۲۰۲۱ءمیں لیبر آفیسر کے عہدے پر ان کا انتخاب ہوا،۲۰۲۲ء  میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر بنے، جبکہ۲۰۲۳ء اور ۲۰۲۴ء میں بھی وہ کامیاب ہوئے۔ ہنگولی میں موجودہ خدمات کے دوران انہوں نے۲۰۲۴ء کی ایڈمنسٹریٹو آفیسر امتحان میں ریاست بھر میں۵۴؍ واں رینک حاصل کیا، جس کا نتیجہ پچھلے دنوں  جاری ہوا۔
اومکیــش جادھو نے ثابت کیا کہ محنت، مستقل مزاجی اور خود اعتمادی کے ساتھ کوئی بھی خواب حقیقت بن سکتا ہے۔ وہ مستقبل میں گروپ ڈویلپمنٹ آفیسر، جی ایس ٹی میں اسسٹنٹ کمشنر یا انڈسٹریز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیسے اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے کی امید رکھتے ہیں۔اومکیش کی ابتدائی تعلیم ناندیڑ ضلع کے نائیگاؤں تعلقہ کے جنتا ہائی اسکول سے ہوئی،جونیئر کالج کی تعلیم نوودیا ودیالیہ میں مکمل کی، جبکہ انجینئرنگ کی ڈگری پونے کے ڈی وائی پاٹل انجینئرنگ کالج سے حاصل کی۔ ان کی مسلسل کامیابیوں پر خاندان سمیت عوامی حلقوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ والدین نے کہا کہ بیٹے کی اس شاندار کامیابی نے ان کی خوشی دوگنی کر دی ہے۔اومکیش جادھو نے طلبہ کو پیغام دیا ہے کہ’’ ناکامی سے گھبرانے کی بجائے مسلسل کوشش کرتے رہیں، کامیابی ایک دن ضرور ملتی ہے۔ ‘‘ان کے اس حوصلہ افزا سفر کی ہر سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK