گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کی جینتی پرمہاراشٹر پبلک سیفٹی قانون مخالف سنگھرش سمیتی ، مہاوکاس اگھاڑی اور سماجی تنظیموں نے امن مارچ نکالا۔
EPAPER
Updated: October 03, 2025, 10:59 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کی جینتی پرمہاراشٹر پبلک سیفٹی قانون مخالف سنگھرش سمیتی ، مہاوکاس اگھاڑی اور سماجی تنظیموں نے امن مارچ نکالا۔
گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کی جینتی پرجمعرات کو مہاراشٹر پبلک سیفٹی قانون مخالف سنگھرش سمیتی، مہاوکاس اگھاڑی اور سماجی و رفاہی تنظیموں کی جانب سے فورٹ میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے سے منترالیہ کے قریب گاندھی جی کے مجسمے تک امن مارچ نکالا گیا۔ ریلی کے دوران ’باپو تیرے دیش میں ذات پات کا جھگڑا نہیں چلے گا ، ووٹ چورو گدی چھوڑو، باباصاحب کے دیش میں ذات پات اور دھرم کا جھگڑا نہیں چلے گا، پبلک سیفٹی قانون رَد کرو، بابا صاحب امر رہے اور ہندوستان کا سمویدھان زندہ باد‘ وغیرہ نعرے بلندکئے گئے۔
’’یہ وقت متحد ہوکرحالات کے مقابلے کا ہے ‘‘
ریلی میں شامل ممبئی کانگریس کی صدر اوررکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نےکہاکہ’’ آج کے دن ہم سب یہ حلف لیتے ہیں اور عہد کرتے ہیںکہ ہم دیش سے نفرت کا خاتمہ کریںگے،متحد رہیںگے، سمویدھان کی حفاظت کیلئے ہر طرح کی قربانی دیں گے اور گاندھی کے نظریات کوعام کریں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ آج وہ طاقتیں اقتدار میں ہیں جنہوںنےدیش کی آزادی کیلئے کچھ نہیں کیا ،وہ سمویدھان بدلنے کا بھی خواب دیکھ رہی ہیں،ایسی طاقتوں کو ہمیں مل جل کرجواب دینا ہوگا اوربابا صاحب کے سمویدھان کی حفاظت کرنی ہوگی کیونکہ اسی میں ہمارے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔‘‘
راکھی جادھو ( ممبئی صدر، این سی پی شردپوار) نے کہاکہ’’ گاندھی جینتی ہرسال ہمیں ایک نئی طاقت دیتی ہے کہ ہم سمویدھان بچانے، نفرت کی سیاست کرنے اور ایک ہی نظریہ تھوپنے کا خواب دیکھنے والوں کیخلاف ایک ہوجائیں ۔موجودہ حالات میں اس پیغام کی کہیں زیادہ ضرورت ہےاورمتحد ہوکر ہی حالات کا مقابلہ کیا جاسکتاہے ۔‘‘
’’عوام کے حقوق چھیننے والا قانو ن تھوپا گیا ہے‘‘
سی پی آئی لیڈر پرکاش ریڈی نے کہاکہ ’’گاندھی اور لال بہادر شاستری کی جینتی پر ہم سب یہ عہد کرتے ہیں کہ فرنویس سرکار نے آئین مخالف اورعوام کے حقوق سلب کرنے والا پبلک سیفٹی کے نام پر جو قانون تھوپا ہے ، اسے ہم سب رد کراکر دم لیںگے۔ یہ قانون جمہوریت کا قتل ہے کیونکہ اس میں حق وانصاف کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو کچل دینا ، انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دینا، اس کابنیادی مقصد ہے مگر ہوّا یہ کھڑا کیاجارہا ہے کہ یہ عوام کی بہتری کے لئے لایا گیا ہے ۔‘‘
مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی ممبئی کے صدر شیلندر کامبلے نے کہاکہ ’’ریلی میںشامل ہوکر ہم سب یہ عہد کرتے ہیںکہ نہ تو حکومت سے ڈریں گے اور نہ جھکیںگے بلکہ آئین کی حفاظت کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے ۔ فرنویس حکومت نے عوام کی آواز دبانے اور احتجاج کوروکنے کیلئے جو قانون تھوپا ہے، اسے کسی طرح قبول نہیںکیا جاسکتا۔یہ قانون نکسل واد کوختم کرنے کا نہیںبلکہ اس کی آڑ میںحق وانصاف کی آوازگھونٹنے کی حکومت کی مذموم کوشش ہے۔‘‘
سچن اہیر (ایم ایل سی ،شیوسینا ادھو ٹھاکرے) نے کہاکہ’’ ہم سب ایک ہوکرمقابلہ کریںگے اورعوام کے حقوق سلب کرنے کی تمام کوششوں کوناکام بنائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی تفریق، نفرت اور بھید بھاؤ کی سیاست کے خلاف متحد ہو کرہم سب اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔‘‘شیتکری کامگار پکش کے لیڈر ایڈوکیٹ راجو کورڈے نےکہاکہ ’’گاندھی جی اورلال بہادر شاستری کی جینتی محض تقریب کا موقع نہیں ہوتا ہے بلکہ اس موقع پرہم سب اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ جن خطوط پر ان شخصیات نے ملک کوچلایا، آگے بڑھایا اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے جو خواب انہوں نے دیکھا تھا، اسے ہم سب مل جل کر شرمندۂ تعبیر کریں گے اورکسی کے ساتھ نا انصافی یا بھیدبھاؤ نہیں ہونے دیں گے۔ ‘‘