ایف ڈی اے کے کمشنر نے دیہی علاقوں میں بھی کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، کاروباریوں کے درمیان ہلچل
EPAPER
Updated: June 16, 2026, 7:51 AM IST | buldhana
ایف ڈی اے کے کمشنر نے دیہی علاقوں میں بھی کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، کاروباریوں کے درمیان ہلچل
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے نئے کمشنر تکا رام مُنڈ ےکا خوف کاروباریوں پر اس قدر طاری ہے کہ وہ معائنے کیلئے ان کی آمد کی خبر سنتے ہی دکانیں بند کر کے بھاگ جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ تبادلوں کا ریکارڈ قائم کر چکے تکارام منڈے نے پوری ریاست میں سخت کارروائی شروع کی ہے۔ ان کے سخت رویے کا اس قدر خوف ہے کہ محض اس افواہ پر کہ تکارام مُنڈے معائنہ کیلئے آ رہے ہیں چند منٹوں میں بازاروں میں دکانوں پر تالا لگا کر کاروباری بھاگ کھڑے ہورہے ہیں۔ اس کی تازہ مثال ضلع بلڈانہ میں دیکھنے کو ملی۔
اطلاع کے مطابق بلڈانہ کے مہکر تعلقہ کے سب سے بڑے بازار ڈونگاؤں میں، سوشل میڈیا پر ایک پیغام وائرل ہوا کہ ایف ڈی اے کا باس ( کمشنر) معائنہ کیلئے آئے گا۔ اس ایک پیغام سے تاجروں میں خوف پیدا ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے منٹوں میں پورا بازار بند ہو گیا۔ کارروائی کے خوف سے کرانہ اور مٹھائی کی دکانیں، پان اسٹال اور ہوٹل والے فوری طور دکانیں بند کر کے علاقے سے فرار ہو گئے۔ خبر ہے کہ تکارام مُنڈے کے حکم پر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اب اپنی توجہ دیہی علاقوں پر بھی مرکوز کر دی ہے۔ اس کارروائی کے خوف سے کئی چھوٹے بڑے تاجر، ہوٹل والے اور کرانہ اور مٹھائی کے دکاندار اپنی دکانیں بند کر کے فرار ہونے میں ہی عافیت سمجھ رہے ہیں۔ خصوصاً ملاوٹ اور غیر قانونی کاروبار کرنے والے تاجر بہت خوفزدہ ہیں اور کارروائی کے خوف سے اپنے کاروبار بند رکھنے کو ترجیح دی ہے۔سب سے زیادہ گھبراہٹ پان اسٹال والوں میں ہے جو غیر قانونی گٹکا، پان مسالہ اور تمباکو کی مصنوعات فروخت کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ تکارام مُنڈے نے ریاست میں غیر قانونی گٹکا اور پان مسالہ کی فروخت پر روک لگانے کیلئےانتظامیہ کو واضح احکامات دیئے ہیں کہ گٹکے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث بڑے مافیا سے لے کر چھوٹے پان ٹپری چلانے والوں تک سب کے خلاف مکوکا کے تحت کارروائی کی جائے۔ منڈے کے اس فیصلے سے ریاست میں پھیلے غیر قانونی گٹکے کے کاروبار کو بڑا دھچکا لگا ہے اور گٹکا مافیا سکتے میں ہے۔ اس کے علاوہ ادویات کی فروخت کے نام پر مریضوں کا مالی استحصال روکنے کیلئے ایف ڈے اے کمشنرنے اعلان کیا ہے کہ کوئی بھی اسپتال مریضوں یا ان کے لواحقین کو اسپتال کے احاطے میں موجود فارمیسی سے ادویات خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے ایک باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے اور سخت وارننگ دی گئی ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کےلائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔