Inquilab Logo

ڈھائی سوسالہ جشن کے موقع پرمجگاؤں ڈاک نے۲؍الیکٹرک کشتیاں متعارف کرائیں

Updated: May 15, 2024, 7:00 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سولرالیکٹرک ہائبرڈ کشتیاں نوی ممبئی ، ایلیفینٹا اور جے این پی اے تک چلائی جائیں گی۔ کشتی خدمات جون سے شروع ہونے کی امید ہے۔

Maritime Board approval is awaited to start electric boat services. Photo: INN
بجلی سے چلنے والی کشتی کی خدمات شروع کرنے کیلئے میری ٹائم بورڈ کی منظوری کا انتظار ہے۔ تصویر : آئی این این

ممبئی کے شہریوں کیلئے ۲؍الیکٹرک کشتیاں متعارف کرائی گئی ہیں جو  اپنی نوعیت کی پہلی کشتیاں ہیں۔ ان کے ذریعے ممبئی سے نوی ممبئی، ایلیفینٹا  کیوز اور جواہر لال نہرو پورٹ اتھاریٹی (جے این پی اے) تک سفر کیا جاسکے گا۔کشتی خدمات جون سے شروع ہونے کی امید ہے۔
ان کشتیوں کو منگل کو مرکزی ڈیفنس سیکریٹری گری دھر ارامانے نے مجگاؤں ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ (ایم ڈی ایل) کی ۲۵۰؍ ویں سالگرہ  کے جشن کے موقع پرمتعارف کرایا۔ ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق الیکٹرک کشتی چلانے کی قیمت ڈیزل کی کشتی کا تقریباً دسواں حصہ ہے اور اس کی دیکھ بھال کے اخراجات نمایاں طور پر کم ہیں۔ ایک کشتی میں۲۴؍ افراد سفر کرسکیں گے۔ فیول سیل الیکٹرک فیری کا نام ’سوچی‘ ہے۔ ایم ڈی ایل کے ترجمان نے کہاکہ  جدید ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی کشتیوں سے صوتی اورفضائی آلودگی نہیں ہوگی۔ان کشتیوں کے آپریٹر بھارت فریٹ گروپ کے بانی اور منیجنگ پارٹنر سہیل کزانی نے بتایا کہ ایم ڈی ایل مکمل طور پر الیکٹرک اور لگژری کلاس پیسنجر کشتیوں کی تیاری پر کام کر رہا ہے اور ان کی رہنمائی کر رہا ہے۔ اس ماہ کے آخر تک کشتیوں کی حتمی ترسیل متوقع ہے اور مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کی منظوری ملتی ہے تو جون میں ان کشتیوں کو چلانے کی کارروائی  شروع ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: چمبور:آچاریہ کالج کا مسلم طلبہ کے ساتھ متعصبانہ رویہ!

بارش کے موسم کے دوران کشتیاں نوی ممبئی سے فیری وارف، ایلیفینٹا اور جے این پی اے کے ڈومیسٹک ٹرمنل تک چلیں گی۔اپنی ۲۵۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر مجگاؤں ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ (ایم ڈی ایل )نے تقریبات کا  سلسلہ منعقد کیا ہے جس میں ممبئی پورٹ اتھاریٹی سے حاصل کی گئی ملحقہ اراضی کو شامل کرنا، `اروانا  نامی ایک پروٹو ٹائپ دیسی آبدوز کا آغاز، سولر الیکٹرک ہائبرڈ بوٹ متعارف کرانا،ایم ڈی ایل کے یادگاری سکہ کا اجراءاور دن بھر تکنیکی سیمیناراس میں شامل ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی گری دھر ارامانے نے ایم ڈی ایل کو مبارکبادپیش کی۔ 
مجگاؤں ڈاک کی تاریخ ۱۷۷۴ء کی ہے جب برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی کے بحری جہازوں کیلئے مجگاؤں، ممبئی میں ایک چھوٹی سی گودی تعمیر کی گئی تھی جو بعد میں ایک بڑے گروپ میں تبدیل ہوئی جسے آج مجگاؤں ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ کے نام سے جانا جاتا ہے۔۱۹۶۰ء میں حکومت ہند نے   جنگی جہازوں کی ترقی کے پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے اس یارڈ کو وزارت دفاع کے تحت پی ایس یو کے طور پر شامل کرلیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK