Inquilab Logo

آزاد میدان میں عام آدمی پارٹی کی یکروزہ بھوک ہڑتال

Updated: April 08, 2024, 10:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پارٹی کے لیڈران نے اروند کیجریوال کی گرفتاری کےخلاف پر امن احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہرکیا۔ کہا :شکست کے ڈرسے بی جے پی بوکھلاگئی ہے۔

Aam Aadmi Party workers during a one-day hunger strike. Photo: INN
یکروزہ بھوک ہڑتال کے دوران عام آدمی پارٹی کے کارکنان۔ تصویر: آئی این این

عام آدمی پارٹی ( آپ ) کے عہدیداروں، ورکروں اور حامیوں نے اتوار کو آزاد میدان میں کیجریوال کیلئے یکروزہ بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ اروند کیجریوال کے حامیوں نے بغیر پانی اور کھانے کا یکروزہ دھرنا نہ صرف ممبئی اور ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر تقریباً ۵۰؍ مقامات پردیاہے۔ عام آدمی پارٹی کے کارگزار صدر نے اعلان کیا ہےکہ جب تک اروند کیجریوال کو رہا نہیں کیاجاتا تب تک اس طرح کا پُرامن احتجاج جاری رہے گا۔ آزاد میدان میں کئے گئے احتجاج میں مہاراشٹر کے انقلابی شاعروں نے حب الوطنی کے گیت اور موسیقی پیش کی۔ 
مظاہرین میں شامل میں عام آدمی پارٹی ممبئی کے کارگزار صدر روبن ماسکرینہاس نے بتایا کہ ’’ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے ڈر سے بی جےپی پوری طرح سے بوکھلاگئی ہے اور اس نے پہلے عام آدمی پارٹی کو سیاسی طور پر زیر کرنے کی کوشش کی۔ جب یہ ممکن نہیں ہوا تو ہمارے لیڈروں کو جھوٹے معاملے میں غیر قانونی طریقے سے گرفتار کیا جارہا ہے اور جیل بھیجا جارہا ہے لیکن ہماری پارٹی زمینی سطح کی پارٹی ہے اور زمین پر احتجاج کر کے پروان چڑھی ہے اس لئے ہم بی جے پی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والے نہیں ہیں۔ جب دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کوغیر قانونی طریقےسے گرفتار کیا گیا تو پورے ملک اور پوری دنیا میں اس گرفتاری کے خلاف تنقید کی گئی اور بے چینی پھیل گئی ہے۔ پوری دنیا سےجمہوریت پسند شہریوں کی جانب سے کیجریوال کو ہمدردی اور حمایت مل رہی ہے جس سے بی جے پی کو محسو س ہونے لگا ہےکہ اس کے پاپ کا گڑھا بھر چکا ہے۔ ‘‘انہوں نے کہاکہ ’’ پی ایم ایل اے کے تحت سپریم کورٹ کی طرف سے عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو باقاعدہ ضمانت ملنا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور ای ڈی کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔ بی جےپی عام آدمی پارٹی کو سیاسی طور پر شکست نہیں دے سکتی ہے اسی لئے یہ ساری سازش رچی گئی ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ ہم زمینی حقیقت دیکھ رہے کہ عوام مودی کے جھوٹ اور نفرت کی سیاست سے عاجز آچکے ہیں اور عوام کی عام آدمی پارٹی اور اپوزیشن پارٹیوں کو بھرپور حمایت مل رہی ہے جس سے مودی جی کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ ‘‘
پارٹی کے ممبئی کے جنرل سیکریٹری پائس ورگیز نے کہا کہ’’دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ہندوستان کے ہردلعزیز لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ ان کی قیادت کو وسیع حمایت حاصل ہے۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں شکست ہوگی۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’اروند کیجریوال کی گرفتاری ان کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور ہمارے ملک کے جمہوری تانے بانے پر سیدھا حملہ ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’عام آدمی پارٹی کے لیڈروں، اراکین اور حامیوں کے ساتھ مقامی شہریوں اور پیشہ ور فنکاروں کے ساتھ جو جمہوریت اور انصاف کے ساتھ ہماری وابستگی کا اظہار کرتے ہیں، ظلم اور جبر کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کے لئےآزاد میدان میں ہمارے ساتھ شامل ہوئے۔ ان کی موجودگی اور حمایت انمول ہے جو جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کے لئے ہمارے اتحاد اور عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ دنیا بھر میں ہندوستانی، زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ افراد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کیلئے دعا کر رہے ہیں کہ انہیں برائی کے خلاف لڑنے اور ملک میں جمہوریت کو بچانے کی طاقت عطا کرے۔ ‘‘
عام آدمی پارٹی ممبئی کے عہدیدار صدر سندیپ کٹکے نے کہا کہ ’’بی جے پی اور مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پوری طرح سے بدعنوان ہیں۔ الیکٹورل بانڈ گھوٹالے نے ہفتہ وصولی اور بی جے پی کے ذریعے چلائے جانے والے لین دین کے ریکٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ہم آئین کو بچانے کیلئے لڑیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK