اس کے علاوہ داخلہ کیلئےنئی شرائط سے والدین میں تذبذب ،محکمہ تعلیم نے تکنیکی مسائل کاحوالہ دیا۔
پہلے ہی دن ویب سائٹ نہیںچلی ۔تصویر،آئی این این
مہاراشٹر اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی نگرانی میں منگل سے شروع ہونےوالےآر ٹی ای۲۵؍فیصد ایڈمیشن کے آن لائن داخلے کا عمل پہلے ہی دن تکنیکی دشواریوں کی نذر ہوگیا۔متعلقہ ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے اُمیدوار دن بھر پریشان رہے ۔ بعد ازیں محکمہ تعلیم نے تکنیکی دشواریوںکاحوالہ دےکر جلد ازجلد اس کی مرمت کرکے داخلہ کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی اطلاع دی ہے۔
واضح رہےکہ ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن نےتعلیمی سال ۲۰۲۷ء اور ۲۰۲۶ء کیلئے آر ٹی ای کے تحت داخلہ کا عمل۱۷؍فروری سے ۱۰؍ مارچ کےدرمیان کرنےکا اعلان کیاہے لیکن پہلے ہی دن ویب سائٹ کے کام نہ کرنے سے والدین اورسرپرست درخواست نہیں دے سکے۔
مغربی مضافات کے اندھیری میں ایک ادارہ کی جانب سے آرٹی ای داخلہ کیلئے آن لائن درخواست دینےکیلئے منعقدہ کیمپ میں اُمیدوار منگل کی صبح سے اکٹھا ہونے لگے تھے جبکہ داخلہ کاآن لائن عمل دوپہر ۲؍بجے شروع ہونےوالاتھا۔ وقت مقررہ پر متعلقہ ویب سائٹ کے شروع کرنےپر ابتدائی مرحلہ میں نام اور پیدائش کی تاریخ کاکالم پُرکرنےکےبعد لوکیشن کے کالم پر آکر ویب سائٹ رک جارہی تھی۔ یہ سلسلہ کئی گھنٹوںتک جاری رہا۔ جس کی وجہ سے منتظمین نے والدین سے ان کےدستاویزات جمع کرکے انہیں یہ کہہ کر گھر لوٹا دیاکہ ویب سائٹ کے جاری ہونے پر اطلاع دی جائےگی۔
اس تعلق سے دھاراوی میں منعقدہ کیمپ کے انچارج کے نارائنن نےاس نمائندہ کوبتایاکہ ’’امسال داخلہ کی کارروائی میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کی وجہ سے داخلےکے عمل میں پیچیدگیاں پیداہوںگی ۔جس سے عام لوگوں کوبڑی پریشانی ہوگی۔پہلےہی دن آر ٹی ای کی ویب سائٹ کے نہ چلنےسے سیکڑوں لوگ پریشان ہوئے۔ دن بھر لوگ قطارلگاکر ویب سائٹ کے چلنےکےمنتظر رہے۔‘‘انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ اس سلسلے میں جونئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ان پر عمل کرناعام لوگوںکیلئے مشکل ہے۔ درخواست کےساتھ داخلے کیلئےذات، آمدنی، رہائش اورپیدائش کی تاریخ وغیرہ جیسے دستاویزات کو اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیاگیاہے ۔ اس کےعلاوہ والدین کو داخلے کی درخواست کیلئے زیادہ سے زیادہ ۱۰؍ اسکولوں کا انتخاب احتیاط سے کرنا ہوگا۔ کچھ والدین دور دراز کے اسکولوں میں بچوںکاداخلہ کراناچاہتے ہیں لیکن اب گوگل میپس کی بنیاد پر گھر سے اسکول تک کاایک کلومیٹر کافاصلہ متعین کرنےکے بعد ہی اسکول کا انتخاب کرنا ہوگا۔اس طرح کی تکنیکی پابندیوں سے والدین کو بڑی پریشانی ہوسکتی ہے۔چنانچہ محکمہ تعلیم کوان معاملات کو آسان بنانےپر غور کرناچاہئے۔‘‘
اس بارےمیں بی ایم سی محکمہ تعلیم کے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر اور آر ٹی ای داخلہ کےنگراں نثار خان سے استفسارکرنےپر انہوںنے بتایاکہ’’دراصل اس مرتبہ داخلہ کیلئے درخواست دینے کے ساتھ متعلقہ دستاویزات کو اپ لوڈ کرنےکی ہدایت سے ویب سائٹ پر زیادہ لوڈ پڑرہاہے جس کی وجہ سے وہ رک جارہی ہے۔ اس بات کا خدشہ تھا،وہی ہوا۔ ویب سائٹ کی مرمت کاکام جاری ہے۔ جیسے ہی ویب سائٹ ٹھیک ہوجائے گی ، داخلہ کی کارروائی دوبارہ شروع ہوجائے گی۔ اُمیدوار ویب سائٹ دیکھتے رہیں۔‘‘واضح رہےکہممبئی میں۳۲۳؍ اسکولوںمیں ۵؍ہزار ۹۳۹؍ سیٹیوں کیلئے ۱۰؍مارچ تک آن لائن درخواست دی جاسکتی ہے۔