سڈکو نے پہلی مرتبہ’پہلے آئیے پہلے پائیے ‘ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کیا، اس اسکیم میں پی ایم آواس یوجنا کے تحت معاشی طور پر کمزور طبقے کیلئے ایک ہزار ۱۱۵؍ اور کم آمدنی والے گروپ کیلئے ۳؍ ہزار ۳۹۳؍ فلیٹ شامل ہیں
سڈکو کی ویب سائٹ پر ایک شخص فلیٹ حاصل کرنے کیلئے فارم پر کر رہا ہے۔ تصویر:انقلاب
اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سٹی اینڈ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (سڈکو) نے ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے(ایف سی ایف ایس)کی بنیاد پر ہاؤسنگ اسکیم شروع کی ہے جس میں نوی ممبئی کے ۵؍ علاقوں میں ۴؍ ہزار۸۰۵؍تیار ’ریڈی ٹو موو‘ مکانات فروخت کئے جارہے ہیں۔
یہ مکانات تلوجہ، دروناگیری، گھنسولی، کھارگھر اور کلمبولی میں واقع ہیں۔ اس اسکیم میں پی ایم آواس یوجنا (پی ایم اے وائی)کے تحت معاشی طور پر کمزور طبقے(ای ڈبلیو ایس)کیلئے ایک ہزار ۱۱۵؍اورکم آمدنی والے گروپ(ایل آئی جی) کیلئے ۳؍ ہزار ۳۹۳؍ فلیٹ شامل ہیں۔ اہل ای ڈبلیو ایس مستفیدین پی ایم آواس یوجنا کے تحت ڈھائی لاکھ روپے کی سبسڈی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔یہ معلومات سڈکو کی جانب سے دی گئی ہے۔ نمائندۂ انقلاب نے ان فلیٹ کی قیمت معلوم کرنے کی کوشش کی لیکن سڈکو انتظامیہ سے بات نہیں ہو سکی۔
معاشی طور پر کمزور طبقے کیلئے کہاں کہاں فلیٹ ہیں؟
معاشی طور پر کمزور طبقے کے لئے نوی ممبئی کے ۴؍ علاقوں میں فلیٹ واقع ہے ان میں درونا گیری (۶۸؍ فلیٹ)،تلوجہ ( ایک ہزار ۲۲؍ فلیٹ)، کھارگھر(۲۰؍ فلیٹ) اور کلمبولی ( ۲؍ فلیٹ ) شامل ہیں۔
کم آمدنی والے گروپ کیلئے کہاں کہاں فلیٹ ہیں
کم آمدنی والے گروپ کیلئے درج ذیل ۵؍ علاقوں میں فلیٹ واقع ہے، ان میں درونا گیری (۳۷۲؍ فلیٹ)،تلوجہ ( ۲؍ ہزار۸۰۸؍فلیٹ)، کھارگھر(۱۱۹؍ فلیٹ) ، کلمبولی ( ۲۲؍ فلیٹ ) اور گھنسولی میں (۲؍ فلیٹ)شامل ہیں۔
فلیٹ کی رقم ادا ہوتے ہی قبضہ دیا جائے گا
اسے’’سنہری موقع‘‘ قرار دیتے ہوئے، سڈکو کے وائس چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر وجے سنگھل نے کہا کہ ’’یہ اسکیم خریداروں کو قرعہ اندازی کے بغیر اپنی مرضی کے یونٹ کو براہ راست منتخب کرنے کی اجازت دیتی ہے۔درخواست دہندگان کو اپنی پسند کا مکان منتخب کرنے کی آزادی ہے اور وہ اپنے خوابوں کا گھر خرید سکتے ہیں۔ چونکہ فلیٹ تیار ہے اس لئے اس کی مکمل رقم ادا ہوتے ہی شہری کو فلیٹ کا قبضہ دے دیاجائے گا۔‘‘
افسر نے زیادہ سے زیادہ شہریوں سے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
اہم سہولیات کے ساتھ نوی ممبئی ایئر پورٹ کے قریب تیار گھر
سڈکو کے مطابق تمام یونٹس مکمل طور پر تعمیر شدہ، ضروری سہولیات سے آراستہ ہیں اور اسٹریٹجک طور پر آنے والے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ(این ایم آئی اے)کے قریب لوکل ٹرین، میٹرو اور ہائی ویز کے ذریعے رابطے کے ساتھ واقع ہیں۔ ایک بار جب کوئی درخواست دہندہ دستاویز کی تصدیق مکمل کر لیتا ہے اور مکمل ادائیگی کر دیتا ہے تو مکان کا فوری قبضہ مل جائے گا۔
آن لائن رجسٹریشن اور الاٹمنٹ ٹائم لائن
سڈکو کے مطابق فلیٹ حاصل کرنے کیلئے متمنی شہری کو سڈکو کی ویب سائٹ :
cidcofcfs.cidcoindia.com
پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔ ویب پورٹل پر پین کارڈ کی مدد سے رجسٹریشن کرنے کی سہولت ہے۔ اسی دوران سڈکو نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ویب پورٹل ہی پر فلیٹ کا سائز اور نرخ جیسی تفصیلات بھی دستیاب ہیں۔
۲۱؍دسمبر تک رجسٹریشن کرنے والے درخواست دہندگان ۲۸؍ دسمبر کو صبح ۱۱؍ بجے سے اپنی پسند کے مکان کا انتخاب شروع کر سکتے ہیں۔ چونکہ الاٹمنٹ پہلے آئیے پہلے پائیے کے حکم کی سختی سے پیروی کرے گی، اس لئےسڈکونے گھر کے متلاشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ترجیحی یونٹ کو محفوظ بنانے کیلئے جلد رجسٹر کریں۔
ہیلپ لائن نمبر بھی جاری لیکن مسلسل مصروف!
سڈکو کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر: ۷۶۶۵۲۲۱۳۵۹؍ بھی جاری کیاگیا ہے جس پر شہریوں کی رہنمائی کرنے کا دعویٰ کیاگیا ہے لیکن نمائندۂ انقلاب نے جب سنیچرکی رات ساڑھے ۷؍ بجے مذکورہ ہیلپ لائن پر رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تو ۱۷؍ منٹ تک یہی آواز آتی رہی ہے کہ کسٹمر کیئر ایجنٹ دیگر لائن پر مصروف ہے اس لئے انتظار کیجئے۔ ۱۷؍ منٹ بعد کال خود ہی منقطع ہو گئی۔
فارم پُر کرنے کی فیس
سڈکو کے مطابق مذکورہ فلیٹ خریدنے کیلئے درخواست گزار کو ۲۳۶؍ روپے (بشمول جی ایس ٹی)ادا کرنے ہوںگے۔کاغذات کی تصدیق ہونے کے بعد درخواست گزار کو اس کے پسند کا فلیٹ چننے کا موقع دیا جائے گا۔