اہم دینی اورعصری موضوعا ت پر تقریریں ہوں گی۔ ہندوستان اور بیرون ملک سے اسلامی اسکالرز، مذہبی رہنما، پیشہ ور افراد ، معلمین، طلبہ، خواتین اور علم کے متلاشیوں سمیت ہزاروں افراد کےشریک ہونے کی توقع،۲۷؍نومبرکوخواتین ، ۲۸؍اور ۲۹؍نومبرکو مردحضرات کیلئے اجتماع ہوگا۔
سنی دعوت اسلامی کے اجتماع کی تیا ریوں کا ایک منظر۔ تصویر:انقلاب
سُنّی دعوت اسلامی (ایس ڈی آئی ) کا ۳۴؍واں سالانہ بین الاقوامی ۳؍روزہ اجتماع جمعہ ۲۷؍نومبر سے اتوار ۲۹؍نومبر کے درمیان آزاد میدان (سی ایس ایم ٹی ) پر منعقد کیا جا ر ہاہے ۔ اجتماع میں ہندوستان اور بیرون ملک سے اسلامی اسکالرز، مذہبی رہنما، پیشہ ور افراد ، معلمین، طلبہ، خواتین اور علم کے متلاشیوں سمیت ہزاروں افرادکے جمع ہونے کی توقع ہے ۔ یہ اجتماع روحانی افزودگی، مذہبی تعلیم اور عصری سماجی چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کا مقصد مذہبی گفتگو کے ساتھ علم، اخلاقی طرز عمل، ہمدردی، سماجی ذمہ داری اور انسانیت کی خدمت کو اپنانے کی ترغیب دینا ہے ۔ اجتماع کا کلیدی پیغام انسانیت سے متعلق آپ ؐکے نظریے پر مبنی ہے ۔اس اجتماع میں نبی اکرمؐکی تعلیمات اور مثالی زندگی کےاوصاف بیان کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق، مساوات ، انسانیت کی خدمت ، انسانی وقار، انصاف اور انسانی ہمدردی کے پیغام کو عام کیاجائے گا۔ یہ اجتماع امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ اجتماع کے اختتام پر پوری انسانیت کی سلامتی اور خوشحالی کیلئےاجتماعی دعا کی جائےگی۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور: ریشم باغ میدان میں ملک کا پہلا اے آئی پر مبنی اسمارٹ بیت الخلاء شروع
پہلے دن جمعہ ۲۷؍نومبر کو دوپہر ۳؍ سےرات ۱۰؍بجے تک خواتین کااجتماع ہوگا۔ یہ اجتماع خواتین کو اسلامی تعلیمات کے بارے میں اپنی سوچ کووسیع کرنے، اپنے حقوق، کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں جاننے اور صالح خاندانوں کی پرورش کیلئے ضروری علم اور اخلاقی طور پر درست معاشرے کی تعمیر میں اپنا رول نبھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
سنیچر ۲۸؍ نومبر اور اتوار ۲۹؍نومبر کو صبح ۱۰؍بجے سے رات ۱۰؍بجے تک مرد حضرات کیلئے اجتماع منعقد کیا جائے گاجس میں ہندوستان کے علاوہ بیرون ِ ملک کے ممتاز اسلامی اسکالرز اور مذہبی رہنما مذہبی گفتگو کرنےکے علاوہ اسلامی عقائد اور نماز پڑھنے کا صحیح طریقہ بتائیں گے۔ علمی خطابات کے علاوہ، مذہبی، سماجی اور عصری مسائل کو حل کرنے کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کی جائیں گی۔
ایس ڈی آئی کے سربراہ مولانا شاکر نوری نے اجتماع سے متعلق اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سوشل میڈیا سے ہماری زندگی تیزی سے متاثرہورہی ہے۔ ان کی وجہ سے انسانی تعلقات اور خاندانی روابط بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔ والدین کے پاس بچوں کیلئے اور بچوں کے پاس والدین کیلئے وقت نہیں ہے ،میاں بیوی بھی ایک دوسرے کو وہ توجہ اور وقت نہیں دے پا رہے جو ایک مضبوط خاندان کیلئے ضروری ہے۔ اس کے ساتھ اخلاقی زوال، بے چینی، ذہنی دباؤ اور معاشرتی مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں انسان کو صحیح رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ غلط راستوں سے بچ سکے اور اپنی زندگی کو بہتر بنا سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’ہمارے اجتماع کا مقصد دین کی روشنی میں انسان کو زندگی کے عملی مسائل کا حل بتانا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو ایسی رہنمائی فراہم کی جائے جس کے ذریعے وہ اپنے ایمان و کردار کو مضبوط بنا سکیں، اپنے خاندانی تعلقات بہتر کر سکیں اور اپنی دنیاوی زندگی بھی سکون، توازن اور اطمینان کے ساتھ گزار سکیں ۔ اسی مقصد کے تحت مختلف علاقوں سے ممتاز علمائے کرام اور ماہرین اس اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں، وہ قرآن و سنت کی روشنی میں انسان کو ایک پُرسکون، متوازن، بااخلاق اور بامقصد زندگی گزارنے کے اُصول سمجھانے کی کوشش کریں گے۔‘‘