وزیر چھگن بھجبل نے کہا پیٹرول کی قلت ہے تو وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ ریاست میں پیٹرول کی کوئی کمی نہیں ہے ۔
چھگن بھجبل۔ تصویر:آئی این این
ایران جنگ کے باعث پچھلے کچھ دنوں سے ریاست میںپیٹرول اور ڈیزل کی قلت ہے۔ کئی پٹرول پمپ پر زبردست بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ کچھ جگہوں پر کہا جا رہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل ختم ہو گیا ہے، اسکے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ اب ریاست کے وزیر برائےرسد وخوراک چھگن بھجبل نےکہا ہے کہ ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کا صرف اتنا ذخیرہ ہے کہ ایک ماہ تک چل سکے۔ حالانکہ بھجبل کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قلت ایک عالمی مسئلہ ہے۔دیگر ممالک کے مقابلے ہندوستان کی صورتحال بہتر ہے۔
چھگن بھجبل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ پیٹرول اور ڈیزل کا مسئلہ عالمی ہے، یہ مسئلہ ممبئی، پونے یا مہاراشٹر کا نہیں ہے۔ امریکہ ایران جنگ نے پوری دنیا کی سپلائی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ یورپ سے لے کر جاپان اور امریکہ تک تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی دوسرے ممالک سے تیل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ چھگن بھجبل نے کہا کہ’’ ہمارے پاس مٹی کے تیل کا بڑا ذخیرہ ہے۔ جہاں بھی کوئی مسئلہ ہے وہاں اہلکار کام کر رہے ہیں لیکن مٹی کا تیل بیچنے کا سلسلہ اب ٹوٹ چکا ہے، اس کاروبار سے لوگ دوسرے کاروبار میں چلے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا جو لوگ مٹی کے تیل کے کاروبار کیلئے لائسنس چاہتے ہوں انہیں ہم لائسنس دیں گے۔ اگر حکومت ہند اس تعلق سے کوئی ضابطہ جاری کرتی ہے تو ہم فراہم کریں گے۔‘‘ بھجبل نے ایک بار پھر پی این جی گیس کنکشن پر زور دیا۔ انہوں نے کہا’’ جن علاقوں میںپی این جی گیس پائپ لائن پہنچ چکی ہے ، وہاں آپ کو ۳۰؍ جون تک کنکشن کیلئے درخواست دینی ہوگی ۔ اگر پائپ لائن ہونے کے باوجود آپ نے کنکشن نہیں لیا تو آپ کو سلنڈر نہیں ملےگا۔ اس لئے ۳۰؍ جون تک درخواست دیں۔‘‘
وزیراعلیٰ کی جانب سے تردید
بھجبل کے بیان کے بعد وزیر اعلیٰ فرنویس نے میڈیا میںبیان دیا کہ ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ افواہوں کی وجہ سے لوگ پریشان ہو رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پیٹرول خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں اس کی وجہ سے پیٹرول پمپ پر ہنگامی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ فرنویس نے کہا کہ لوگ صرف اتنا ہی پیٹرول خریدیں جتنی ضرورت ہو ورنہ بلا وجہ پیٹرول کی قلت پیدا ہوتی ہے۔ بھجبل اور فرنویس کے علاحدہ بیان نے صورتحال اور تشویشناک بنا دیا ہے۔