Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

رقم جمع نہ کرنے پر ویٹنگ لسٹ والے عازمین کوموقع

Updated: February 14, 2025, 11:23 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

آخری تاریخ کو ۱۴؍ دن گزرچکے ہیں اور اب بھی سیکڑوںعازمین نے رقم جمع نہیں کرائی ہے۔ ویٹنگ لسٹ کنفرم کرنے کی کارروائی آئندہ ہفتے سے شروع کی جائے گی ۔ریاستی حج کمیٹی میں پاسپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ ۱۸؍فروری ہے۔

Hundreds of pilgrims have not deposited the money till now due to unknown reasons and problems. Photo: INN
سیکڑوں عازمین نے نامعلوم وجوہات اور مسائل کے سبب اب تک رقم جمع نہیں کرائی ہے۔ تصویر: آئی این این

رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ کو ۱۴؍دن گزرچکے ہیں اور اب بھی کئی سو عازمین نے رقم جمع نہیں کرائی ہے۔ ایسے عازمین کے نام منسوخ کرکے ویٹنگ لسٹ کو کنفرم کرنے کی کارروائی آئندہ ہفتے سے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے شروع کی جائے گی۔ مرکزی کمیٹی کی جانب سے ۲؍ لاکھ ۷۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے کےلئے تیسری مرتبہ تاریخ میں توسیع کرنے کے ساتھ یہ اعلان کیا گیا تھا کہ عازمین ذہن نشین کرلیں کہ اب مزیدتوسیع نہیں کی جائے گی۔ اس اعتبار سے ۳۱؍ جنوری ۲۰۲۵ء آخری تاریخ تھی، اس کےباوجود سیکڑوں عازمین نے نا معلوم کن وجوہات اورمسائل کی بناء پر اب تک رقم نہیں جمع کرائی ہے۔ 
 اس سے قبل کچھ عازمین کی جانب سے ریاستی حکومت کوخطوط لکھ کراپنے مسائل بیان کرتے ہوئے مزیدمہلت مانگی گئی تھی لیکن اب اس کی بھی گنجائش نہیں رہ گئی ہے۔ اسی لئے اب ان کا نام کاٹ دیاجائے گا اوران کی جگہ اپنی باری کے منتظر عازمین کوموقع دیاجائے گا۔ 
’’ویٹنگ لسٹ والے عازمین کو بھی تو کچھ موقع دینا ہے‘‘
 حج کمیٹی آف انڈیا کے ایک سینئرافسر سے استفسار کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’ اب مزیدموقع نہیں دیاجائےگا۔ ویسے بھی وقت کم رہ گیا ہے اس لئےبقیہ ویٹنگ لسٹ کنفرم کی جائے گی۔ یہ کارروائی اگلے ہفتےسے شروع کی جائے گی۔ ‘‘ حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی بتایاگیا کہ ’’ اب زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے کیونکہ رمضان المبارک سےقبل کئی مراحل کوطے کرنا ہے۔ عیدالفطر کے کچھ دن کے بعد عازمین کی روانگی کے ایام آجاتے ہیں۔ پھر ویٹنگ لسٹ والے عازمین کوبھی تو کچھ موقع دینا ہے تاکہ وہ سفرِ حج خرچ کا انتظام کرسکیں۔ اس لئے رقم جمع نہ کرانے والے عازمین کی جگہ دوسروں کوموقع دینے کا عمل جلد شروع کیاجائے گا۔ منتخب عازمین کویہ شکایت کا موقع نہیں ہوگا کہ انہیں وقت نہیں دیا گیا، انہیں خاطر خواہ وقت ملا اورمتعدد مرتبہ توسیع کی گئی پھر بھی توجہ نہ دینا عازمین کا سہوہے۔ اس کے علاوہ مرکزی اورریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر کسی عازم کا مسئلہ ہے، اسے مالی مسئلہ درپیش ہےیا کوئی بیماری وغیرہ ہے تو وہ فوری طورپروجہ بتاکر نام واپس لے لے تاکہ ویٹنگ لسٹ والے عازمین کوموقع مل سکے۔ ‘‘
 حج کمیٹی کے افسر سے یہ پوچھنے پر ملکی سطح پر کتنے ہزارعازمین نےرقم جمع نہیں کروائی ہے توانہوں نے کہاکہ’’ ہزارو ں نہیں یہ تعداد سیکڑوں میں ہے، جب ان کی جگہ ویٹنگ لسٹ والے عازمین کوموقع دیا جائے گا تواسے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پربھی ڈال دیا جائے گا۔ ‘‘ 
 پاسپورٹ جمع کرانے کیلئے ۱۸؍فروری تک موقع
  ریاستی سطح پراب تک ۱۰؍ہزار سے زائد عازمین نےپاسپورٹ جمع کروائے ہیں جبکہ منتخب ہونے والے عازمین کی تعداد ۱۹؍ہزار سے زائد ہے۔ بقیہ عازمین کو پاسپورٹ جمع کرانے کےلئے ۱۸؍ فروری تک موقع دیا گیا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کومطلع کیاجارہا ہے کہ وہ جلد سےجلد یہ عمل پورا کرلیں تاکہ ا ن کے لئے کوئی مسئلہ نہ ہو۔ ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیوافسر جہانگیر خان کے مطابق ’’یہ کام تیزی سے جاری ہے اورعازمین کی جانب سے بھی توجہ دی جارہی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ مقررہ تاریخ تک یہ عمل پورا ہوجائے گا۔ ‘‘ انہو ں نےیہ بھی کہاکہ’’ عازمین کی سہولت اوران کوموقع دینے کیلئے جتنی گنجائش ممکن ہے، حج کمیٹی آف انڈیا کی گائیڈ لائن کے مطابق وہ ریاست کے عازمین کودی جارہی ہےاورعازمین اس سے استفادہ بھی کررہے ہیں۔ امید ہے کہ تمام کام وقت پرہوگا۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK