میٹرو انتظامیہ ان دونوںلائنوں پر واقع ۳۰؍ اسٹیشنوں پر ۴۷۲؍چھوٹے اسٹال اور ۲۵؍ کمرشیل بلاک کیلئے بولی کے ذریعہ جگہ دے گا
میٹرو اسٹیشنوں پر اسٹال کیلئے آج شام ۶؍بجے تک درخواست دی جا سکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
’مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ‘ (ایم ایم ایم او سی ایل) نے چھوٹے کاروباریوں کو میٹرو لائن ۲؍ اے اور ۷؍ کے اسٹیشنوں پر اسٹال لگانے کا موقع دیتے ہوئے لائسنس حاصل کرنے کیلئے درخواست طلبہ کی ہیں۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ ۱۵؍ نومبر کو شام ۶؍ بجے تک طے کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس مہم کے تحت میٹرو کی ٹکٹوں کے علاوہ دیگر ذرائع سے آمدنی کی کوشش کی جارہی ہے۔
جو لوگ اس میں دلچسپی رکھتے ہیں ہیں انہیں بولی لگاکر ٹینڈر کی کارروائی میں شامل ہونا پڑے گا۔ البتہ سوشل میڈیا پر درخواست کی گئی ہے کہ نوجوانوں اور نئے لوگوں کیلئے ان سب کارروائیوں میں شامل ہونا مشکل ہے اس لئے اس عمل کو آسان بنایا جانا چاہئے۔
ایم ایم ایم او سی ایل نے سوشل میڈیا کے ذریعہ چھوٹے کاروباریوں کو پیغام دیا ہے کہ میٹرو اسٹیشنوں پر طویل مدت کیلئے ریٹیل لائسنس حاصل کرنے کا یہ اچھا موقع ہے۔
میٹرو ۲؍ اے اور ۷؍ اندھیری (مغرب) سے دہیسر (مشرق) اور گنداولی اسٹیشن تک پھیلی ہوئی ہیں اور ان پر ۳۰؍ اسٹیشن ہیں۔ ان اسٹیشنوں پر کُل ۴۷۲؍ کیوسک (چھوٹے موٹے اسٹال جن پر اخبارات، رسالے یا کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جاتی، ہیں۔ ۲۵؍ کمرشیل بلاک اور ریٹیل کی دکانیں لگانے کیلئے کُل ۶۸؍ ہزار ۱۶۶؍ مربع فٹ کی جگہ تجارت کیلئے فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
میٹرو انتظامیہ کے مطابق ان اسٹیشنوں کے علاوہ اس میں مزید توسیع کرکے ایئر پورٹ اور میٹرو کی دیگر ۵؍ لائنوں سے جوڑا جائے گا۔ اس لئے چھوٹے کاروبار کرنے والوں کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ میٹرو اسٹیشنوں پر کاروبار کا انتخاب کر سکیں۔
انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کوئی ایک کیوسک بھی حاصل کرنا چاہتا ہے تو اس کیلئے بھی ماہانہ آمدنی کی کوئی شرط نہیں عائد کی گئی ہے۔ اگر کسی کے پاس کوئی منصوبہ ہے تو وہ اس کے ساتھ رابطہ قائم کرکے آگے بڑھ سکتا ہے۔ البتہ جس کو جگہ فراہم کی جائے گی اس کو دکان کے انتظامات خود کرنے ہوں گی کیونکہ انہیں خالی جگہ فراہم کی جائے گی۔ اطلاع کے مطابق کیوسک کیلئے ۵؍ برسوں کا اور بلاک کیلئے ۱۵؍ برسوں کا لائسنس جاری کیا جائے گا۔
دلچسپی رکھنے والے ۱۵؍ نومبر کی شام ۶؍ بجے تک mahatenders.gov.inویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ کسی کو مزید معلومات حاصل کرنی ہو تو dgmco@mmmocl.co.in پر پوچھ سکتا ہے۔ ایم ایم ایم او سی ایل کے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کے مطابق ۳۵۰۰۱۸۵۴ (۲۲) ۹۱ + پر معلومات کیلئے فون بھی کیا جاسکتا ہے۔