Updated: July 19, 2026, 6:09 PM IST
| New York
اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ممدانی پر اپنی میئر کی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے دشمنی بھڑکانے اور سرخیاں بٹورنے کا الزام لگایا۔ ڈینن نے مزید کہا کہ اگر کسی کو گرفتار کیا جانا چاہئے تو وہ خود ممدانی ہیں۔
بنجامن نیتن یاہو اور ظہران ممدانی۔ تصویر: ایکس
نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ان کے پاس ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس دوران، محصور علاقے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے کیلئے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے جنگی مجرم ٹھہرائے گئے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا قانونی اختیار ہے یا نہیں۔ ممدانی کے اس اعلان پر اسرائیلی خیمے کی طرف سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انادولو نےغزہ نسل کشی پر مبنی ’’غزہ ٹرائیلوجی‘‘ ثبوت اکٹھا کرنےکیلئے آئی سی سی پراسیکیوٹر کو پیش کی
سنیچر کو شائع ہوئے ایک انٹرویو میں ممدانی نے ’دی نیویارک ٹائمز‘ کو بتایا کہ ان کا ماننا ہے کہ وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ’دی ہیگ‘ (نیدرلینڈز کا شہر جہاں آئی سی سی کا صدر دفتر ہے) میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ”نیتن یاہو جنگی مجرم ہیں جن پر آئی سی سی کی طرف سے فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔“ ممدانی نے اعتراف کیا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ آیا ان کے پاس نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ (NYPD) کو کسی غیر ملکی لیڈر کو حراست میں لینے کا حکم دینے کا اختیار ہے، لیکن وہ شہر کی قانونی ٹیم کے ساتھ اس معاملے پر سرگرمی سے بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”نیویارک شہر میں قانون مجھے جو بھی کرنے کی اجازت دے گا، ہم وہی کریں گے۔“
یہ بھی پڑھئے: مستقبل کی فلسطینی ریاست خطرہ میں، ۲؍ ممالک کی سابق سربراہوں کا انتباہ
یاد رہے کہ آئی سی سی نے ۲۰۲۴ء میں جاری کردہ ایک وارنٹ میں کہا تھا کہ اس کے پاس اس بات پر یقین کرنے کیلئے معقول وجوہات ہیں کہ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے حماس کے حملے کے بعد غزہ میں اسرائیل کی فوجی جارحیت سے متعلق مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کیلئے نیتن یاہو ذمہ دار ہیں۔ ممدانی، جو اس سے قبل بھی اسرائیل کو ”نسل پرست حکومت“ (apartheid regime) قرار دے چکے ہیں، ماضی میں یہ عہد کر چکے ہیں کہ وہ عدالت کو مطلوبہ لیڈران، نیتن یاہو اور روسی صدر ولادیمیر پوتن، کے خلاف آئی سی سی کے گرفتاری کے وارنٹ نافذ کرنے کیلئے این وائی پی ڈی (NYPD) کو بھیجیں گے۔ واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے نیویارک میں واقع صدر دفتر میں ستمبر میں جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں بڑی تعداد میں عالمی لیڈران شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل غزہ کے بچوں کو روز مرہ کے معمول کے طور پر قتل کر رہا ہے: رپورٹ
اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے ممدانی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرنے کیلئے ایکس کا سہارا لیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے ایک پوسٹ میں انہوں نے ممدانی پر اپنی میئر کی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے دشمنی بھڑکانے اور سرخیاں بٹورنے کا الزام لگایا۔ ڈینن نے لکھا کہ ”اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نیویارک آئیں گے، فخر کے ساتھ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور دنیا کے سامنے کھڑے ہو کر اسرائیل کا سچ بیان کریں گے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو گرفتار کیا جانا چاہئے تو وہ خود ممدانی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل، نیتن یاہو نے ممدانی پر حماس کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے نیویارک کے ایک ریڈیو شو میں کہا تھا کہ ”میرا خیال ہے کہ ممدانی خفیہ طور پر امریکہ سے نفرت کرتے ہیں۔“