Inquilab Logo Happiest Places to Work

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کا احتجاج، کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

Updated: July 22, 2026, 10:35 AM IST | New Delhi

کھرگے نے میڈیا سے کہا کہ ملک میں انارکی ہے، اپوزیشن کو ایوان میں بولنے نہیں دیا جا رہا ہے، پون کھیڑا کا امیت شاہ سے ایوان میں بیان کا مطالبہ کیا۔

Mallikarjun Kharge trying to make his point in the Rajya Sabha. Photo: INN
راجیہ سبھا میں اپنی بات رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے۔ تصویر: آئی این این

طلبہ پر پولیس کے کریک ڈاؤن کیخلاف اپوزیشن نے منگل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست احتجاج کیا۔اس کی وجہ سے اسپیکر کو کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ دونوںایوانوں کی کارروائی اب بدھ کی صبح۱۱؍ بجے دوبارہ شروع ہوگی۔

لوک سبھا میںاسپیکر کی کرسی پر بیٹھے دلیپ سیکیا نے بار بار اراکین پارلیمان سے اپنی نشستوں پر بیٹھنے، ایوان کا وقار برقرار رکھنے اور رول۳۷۷؍ کے تحت کارروائی چلنے دینے کی اپیل کی تاہم اپوزیشن کے اراکین نے ان اپیلوں کو نظرانداز کیا اور ایوان کے وسط (ویل) میں احتجاج جاری رکھا۔ جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ 

یہ بھی پڑھئے: غیرقانونی قبضہ جات کی نگرانی کیلئے جدید تکنیک استعمال ہوگی

کچھ یہی کیفیت راجیہ سبھا میں بھی دیکھنے کو ملی۔ وہاں بھی دو بار کے التوا کے بعد دوپہر دو بجے ایوان کی کارروائی ایک بار پھر شروع ہوئی لیکن   اپوزیشن اراکین کھڑے ہو کر نیٹ پیپر لیک، مظاہرین طلبہ پر پولیس کارروائی اور دیگر امور پر بحث کا مطالبہ کرنے لگے۔ نائب چیئرمین ہری ونش نے انہیں اپنے طور پر سمجھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ایوان کی صورتحال اور اپوزیشن کی برہمی کو دیکھتے ہوئے ہری ونش کو بھی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ 

ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس سربراہ  ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ایوان میں بولنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بحث کرنے کا موقع دیا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس بات پر گفتگو ہو کہ آخر طلبہ پر لاٹھی چارج کیوں کیا گیا؟ حکومت خود اُکسا رہی ہے تاکہ ملک میں انارکی پیدا ہو اور پھر لاٹھی چارج کیا جائے، مارا پیٹا جائے اور ڈرا دھمکا کر انہیں جیل میں ڈال دیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ یہ انارکی عوام یا اپوزیشن نہیں بلکہ خود حکومت پھیلا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مدھیہ پردیش اسمبلی میں یکساں سول کوڈ بل پاس، سلیکٹ کمیٹی میں بھیجنے کا اپوزیشن کا مطالبہ مسترد

اس دوران راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا نے پارٹی کی طرف سے مطالبہ کیا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حاضر ہو کر اس معاملے پر تفصیلی وضاحت پیش کریں ۔ انہوں نےکہا کہ دونوں ایوانوں میں طلبہ سے متعلق اہم مسائل پر سنجیدہ بحث کرائی جانی چاہئے۔ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے بھی بحث کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK