ممبرا کوسہ کی ۱۷؍ غیر قانونی عمارتوں کی انہدامی کارروائی اب تک مکمل نہ کرنے پر بھی سوال۔
EPAPER
Updated: September 25, 2025, 10:40 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ممبرا کوسہ کی ۱۷؍ غیر قانونی عمارتوں کی انہدامی کارروائی اب تک مکمل نہ کرنے پر بھی سوال۔
تھانے شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ تھانے کے مجا واڑہ علاقے میں حکومت کی زمین پر بنائی گئی ۳؍ غیر قانونی عمارتوں اور ایک بار اینڈ ریسٹورنٹ کے خلاف داخل کی گئی عرضداشت کا جائزہ لینے کے بعد بامبے ہائی کور ٹ کی ۲؍ رکنی بنچ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عمارتوں اور بیئر بار کو منہدم کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔
نیرج کباڑی نامی شخص نے داخل کردہ عرضداشت کے ذریعہ الزام لگایا کہ مجا واڑہ میں اے بی اور سی ونگ پر مشتمل تین فلک بوس عمارتیں سرکاری زمین پر غیر قانونی طریقہ سے بنائی گئی ہیں اور انہیں سابق مقامی کارپوریٹر بھوشن بھوئیر نے اپنی سرپرستی میںاپنی بیویوں کے نام سے بنایا ہے ۔ یہی نہیں اس زمین پر ایک غیر قانونی موگمبو بیئر بار اینڈ ریسٹورنٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔کورٹ کو یہ بھی بتایا گیا کہ جنوری ۲۰۲۵ء میں پولیس کے تحفظ میں کارروائی کا حکم بھی دیا گیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
مذکورہ بالا معاملہ کا جائزہ لینے کے بعد دو رکنی بنچ کے جسٹس گریش کلکرنی اور جسٹس آرتی ساٹھے نے انتہائی حیرت اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ غیر قانونی تعمیرات کا یہ ایک اور ایسا سنگین مسئلہ عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ہے جس نےضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ ایسا کیسے اور کیونکر ممکن ہوا کہ ایک کارپوریٹر سرکاری زمین پر ایک دو نہیں بلکہ تین فلک بوس عمارت تعمیر کرلے اور کوئی کارروائی نہ کی گئی ہو۔ایسا لگتا ہےکہ میونسپل کارپوریشن غیر قانونی عمل کو برقرار رکھنے ہی میں دلچسپی رکھتی ہے اور غیر قانونی تعمیرات سے اپنی آنکھیں موند لینا چاہتی ہے۔‘‘
کورٹ نےیہ بھی کہا کہ ’’ ممبرا کوسہ کی ۱۷؍ غیر قانونی عمارتوں کی انہدامی کارروائی کے وقت تمام ہی غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں منہدم کرنے کا فرمان جاری کیا تھا تو پھر اسےاب تک منہدم کیوں نہیں کیا گیا ہے؟‘‘ اس پر کارپوریشن کی جانب سے وکیل رام آپٹے نے عوامی مداخلت کا عذر پیش کیا تھا جسے کورٹ نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔کورٹ نے مذکورہ معاملہ میں ایک ہفتے میں مکینوں کو نوٹس جاری کرنے اور ۱۵؍ دنوں میں بجلی اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے اور بعد میں پولیس کے تحفظ میں کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔