عام آدمی پارٹی کے لیڈر کی جانب سےپوجا کمیٹی کو نصیحت، کہا’’اس سے پہلے کسی وزیر اعظم نے ایسا نہیں کیا۔‘‘
EPAPER
Updated: September 11, 2025, 12:34 PM IST | Agency | New Delhi
عام آدمی پارٹی کے لیڈر کی جانب سےپوجا کمیٹی کو نصیحت، کہا’’اس سے پہلے کسی وزیر اعظم نے ایسا نہیں کیا۔‘‘
عام آدمی پارٹی دہلی اکائی کے صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بنگالی برادری کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد دہلی میں رہتی ہے اور ہر سال دہلی کے مختلف علاقوں جیسے چترنجن پارک ، روہنی ، دوارکا ، گریٹر کیلاش وغیرہ میں ایک عظیم الشان درگا پوجا کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ درگا پوجا کے انعقاد کیلئے پوجا کمیٹیوں کو حکومت کے مختلف محکموں سے اجازت لینا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کچھ دن پہلے دہلی کی تمام درگا پوجا کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگ کی تھی اور ان سب سے بڑے بڑے وعدے کیے گئے تھے کہ محکموں سے اجازت لینے میں حکومت کی طرف سے پورا تعاون کیا جائے گا ، سنگل ونڈو سسٹم بنایا جائے گا اور پوجا کمیٹیوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سی پوجا کمیٹیوں سے بات کی ہے اور میں یہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ درگا پوجا کے انعقاد میں پچھلی حکومت کے دور میں جو نظام موجود تھا ، موجودہ بی جے پی حکومت نے اس نظام کو مکمل طور پرختم کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درگا پوجا کمیٹیاں ایک محکمے سے دوسرے محکمے میں گھوم رہی ہیں اور پوجا کمیٹیوں کو حکومت کی طرف سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے ۔ صرف یہی نہیں ، زیادہ حساس بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے درگا پوجا میں درگاکے مجسمے کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر لگانے کا حکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے پہلے وزیر اعظم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سے پہلے ملک میں کئی وزرائے اعظم رہ چکے ہیں ، لیکن آج تک کسی بھی ریاست کے وزیر اعلیٰ نے ایسا حکم نہیں دیا کہ درگا پوجا میں درگا کے مجسمے کے قریب وزیر اعظم کی تصویر لگائی جائے ۔ سوربھ بھاردواج نے کہاکہ دہلی میں بہت بڑے پیمانے پر درگا پوجا کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ ہر درگا پوجا کے انعقاد کا بجٹ۵۰؍ لاکھ سے لے کرایک کروڑ روپے تک ہے اور اتنے بڑے پیمانے پر درگا پوجا کے انعقاد میں دہلی حکومت کے تعاون کے نام پر صرف۱۲۰۰؍ یونٹ مفت بجلی دی جا رہی ہے ۔ پوجا کمیٹیاں جو۵۰؍ لاکھ روپے خرچ کر کے درگا پوجا کا اہتمام کر سکتی ہیں ، کیا وہ۱۲۰۰؍ یونٹ بجلی برداشت نہیں کر سکتیں ؟
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اپنی تقریر میں کہا تھاکہ چونکہ وزیر اعظم کا یوم پیدائش آ رہا ہے ، اس لیے پوری دہلی میں سیوا پکھواڑہ شروع کیا جائے اور تمام درگا پوجا میں درگاکے مجسمے کے ساتھ وزیر اعظم کی تصویر رکھی جائے ۔ ہمارا وزیر اعظم کی سالگرہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ریکھا گپتا ، اگر آپ چاہیں تو وزیر اعظم کی سالگرہ دھوم دھام سے منائیں لیکن درگا پوجا میں درگا کی مورتی کے ساتھ وزیر اعظم کی تصویر لگانا بالکل غلط ہے۔