پونے اور کوکن کے کچھ علاقوں میں بھی درجۂ حرارت بڑھ گیا، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ باہر نکلنے کی تلقین۔
EPAPER
Updated: March 06, 2026, 10:53 AM IST | Pune
پونے اور کوکن کے کچھ علاقوں میں بھی درجۂ حرارت بڑھ گیا، شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ باہر نکلنے کی تلقین۔
مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھنے لگی ہے جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ممبئی اور کوکن خطے کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ان علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران ریاست میں درجہ ٔحرارت میں مزید اضافہ اور کچھ اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شدید دھوپ کے دوران باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھئے: اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد: بحث کے وقت اوم برلا اراکین کے درمیان بیٹھیں گے
اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں سب سے زیادہ گرمی ودربھ کے ضلع اکولہ میں ہے۔ یہاں درجۂ حرارت ۳۸ء۸؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جبکہ دھولیہ میں سب سے کم درجۂ حرارت ۱۳ء۵؍ ڈگری درج کیا گیا ہے۔ کوکن خطے میں دن بھر گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ پونے میں بھی درجہ حرارت معمول سے تقریباً دو ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوریگاؤں پارک علاقے میں شہر کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت ۳۷؍ ڈگری سیلسیس درج ہوا جبکہ شیواجی نگر میں مسلسل دو دن سے درجہ حرارت ۳۵؍ ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران میں پھنسے کشمیریوں کو واپس لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں: عمر عبداللہ
گزشتہ چند دنوں کے دوران مہاراشٹر کے تقریباً تمام اضلاع میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی گرمی کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ ممبئی اور تھانے میں بھی جمعرات کے روز تپش اچانک بڑھ گئی۔ یہاں بھی درجۂ حرارت ۲۹؍ ڈگری سے اوپر چلا گیا ۔ حالانکہ کچھ دنوں قبل یہاں ٹھنڈک تھی۔ لوگوں کو دھوپ میں مشروبات کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ عام طور پر دھوپ اور گرمی کا موسم مارچ کے وسط سے شروع ہوتا ہے لیکن اس سال فروری کے آخر ہی سے ریاست میں گرمی کا ماحول شروع ہو گیا تھا۔