Updated: November 26, 2026, 12:02 PM IST
| London
فیڈریشن آف اسٹوڈنٹ اسلامک سوسائٹیز (فوسس) کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ۳۸؍ فیصد سے زائد مسلم طلبہ کو اسلاموفوبیا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سروے کے مطابق کیمپسز میں ہراسانی، نماز کے اوقات میں دشواری اور فلسطین کے معاملے پر اظہارِ رائے کی آزادی پر دباؤ کے باعث طلبہ کی ذہنی صحت اور تعلیمی ماحول شدید متاثر ہو رہا ہے۔
علامتی تصویر۔ تصویر: ایکس۔
فیڈریشن آف اسٹوڈنٹ اسلامک سوسائٹیز (ایف او ایس آئی ایس) کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ہر تین میں سے ایک سے زائد مسلم طالب علم کو یونیورسٹی کی سطح پر اسلاموفوبیا کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ متعدد طلبہ نے ادارہ جاتی مدد حاصل کرنے، اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اپنے سیاسی خیالات کے اظہار میں دشواریوں کی شکایت کی ہے۔ ’’سوالیہ نشان بنتا اپنائیت کا احساس: اعلیٰ تعلیم میں مسلم طلبہ کے تجربات‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی اس رپورٹ میں ملک کے ۶۳؍ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ۷۱۵؍ مسلم طلبہ اور ۲۱؍ یونیورسٹیوں کی اسلامک سوسائٹی کمیٹی کے ۲۶؍ اراکین کی آراء شامل کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں زبانی بدسلوکی اور ہراسانی سے لے کر مذہبی فرائض کی ادائیگی پر پابندیوں اور یونیورسٹی کیمپسز میں فلسطین سے متعلق سرگرمیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک تک کے واقعات کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ ایک طالبہ نے اپنا واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ کیمپس میں اپنے ایک دوست سے ملنے جا رہے تھے تو ایک کار میں سوار لڑکوں نے انہیں نشانہ بناتے ہوئے چلا کر کہا کہ وہ اپنا حجاب اتار دیں اور ’’وہیں واپس چلے جائیں جہاں سے آئے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کیلئے ہندوستان نے UNRWA کو ۲۵؍ لاکھ ڈالر دیے
مجموعی طور پر ۳ء۳۸؍ فیصد شرکاء نے کہا کہ انہیں یونیورسٹی میں ذاتی طور پر اسلاموفوبیا کا تجربہ ہوا ہے۔ مردوں کے مقابلے مسلم خواتین نے اس کی زیادہ شرح رپورٹ کی، جہاں ۱ء۴۲؍ فیصد خواتین نے اسلاموفوبیا کا سامنا کرنے کی بات کہی، جبکہ مردوں میں یہ شرح ۴ء۳۴؍ فیصد رہی۔ اسلاموفوبیا کا سامنا کرنے والے طلبہ میں سے ۳ء ۴۵؍ فیصد نے بتایا کہ اس کا ان کی ذہنی صحت پر درمیانے سے لے کر شدید درجے تک اثر پڑا ہے۔رپورٹ میں ادارہ جاتی شکایات کے نظام پر مسلم طلبہ کے عدم اعتماد پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ اسلاموفوبیا کا تجربہ کرنے والے طلبہ میں سے ۲ء۶۸؍ فیصد نے کہا کہ وہ اس کی شکایت درج کرانے کی پوزیشن میں خود کو محسوس نہیں کرتے، جبکہ تقریباً دو تہائی شرکاء کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ آیا ان کی یونیورسٹی نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدام اٹھایا ہے یا نہیں۔ رپورٹ میں ایک ایسے طالب علم کے تجربے کو بھی نمایاں کیا گیا جس نے اسلاموفوبک رویے کی شکایت کرنے کی کوشش کی تو اسے کہا گیا کہ اگر اسے برطانیہ میں رہنا پسند نہیں ہے تو وہ اپنے وطن واپس چلا جائے۔ رپورٹ کے مطابق، امتیازی سلوک کی شکایت نہ کر پانے اور یونیورسٹیوں کی جانب سے کارروائی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال نے ادارہ جاتی معاونت کے نظام پر طلبہ کے اعتماد کو کمزور کر دیا ہے۔ رپورٹ میں تعلیمی مصروفیات کے ساتھ ساتھ مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مسلم طلبہ کو درپیش مشکلات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ ہر پانچ میں سے ایک سے زائد شرکاء نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی کا ٹائم ٹیبل روزمرہ کی نمازوں اور جمعہ کی نماز کے اوقات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ انہیں دیگر وجوہات کی بنا پر لیبارٹری کلاس سے باہر جانے کی اجازت دی جاتی تھی، لیکن نماز پڑھنے کیلئے باہر جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا۔ ایک اور طالب علم نے رپورٹ کیا کہ میڈیکل اسکول کے سینئر عہدیداروں نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ مسلم طلبہ کو جمعہ کی نماز کیلئے چھٹی مانگتے وقت بار بار رعایتوں کی ضرورت کیوں پڑتی ہے۔ رپورٹ میں دلیل دی گئی ہے کہ یونیورسٹیوں کو متوقع مذہبی ضروریات کو خاص استثنیٰ سمجھنے کے بجائے ان کے مطابق اپنا نظام الاوقات ترتیب دینا چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ پر نئے اسرائیلی حملے، کم از کم۹؍ فلسطینی جاں بحق
رپورٹ میں اظہارِ رائے کی آزادی پر بھی خدشات کا اظہار کیا گیا ہے، جہاں تقریباً ۲ء۶۰؍ فیصد شرکاء نے کہا کہ وہ فلسطین کے معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خوفزدہ یا دباؤ محسوس کرتے ہیں۔ طلبہ نے اسلامی اور فلسطین سے متعلق پروگراموں کی منظوری کے عمل، مظاہروں کی پولیسنگ اور حکومت کی `پریوینٹ ڈیوٹی (جس کا مقصد لوگوں کو دہشت گردی کی طرف مائل ہونے سے روکنا ہے) کے نفاذ میں پیش آنے والی دشواریوں کا ذکر کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یونیورسٹیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کی حفاظت کریں، لیکن خبردار کیا کہ ان ذمہ داریوں کے نتیجے میں غیر مساوی طریقہ کار یا مخصوص برادریوں کی غیر متناسب نگرانی نہیں ہونی چاہئے۔ سروے میں مسلم طلبہ کی نمائندگی کرنے میں اسٹوڈنٹس یونینز اور اسلامک سوسائٹیز کے کردار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سروے میں شامل صرف ۵ء۱۰؍ فیصد مسلم طلبہ نے کہا کہ وہ اپنی اسٹوڈنٹس یونین کی جانب سے بطور مسلمان مکمل نمائندگی محسوس کرتے ہیں، جبکہ ۴ء۱۵؍ فیصد نے کہا کہ انہیں بالکل بھی نمائندگی حاصل نہیں ہے۔ اسلامک سوسائٹی کمیٹی کے اراکین میں سے صرف ۴ء۱۵؍ فیصد نے محسوس کیا کہ اسٹوڈنٹس یونین ان کی اچھی نمائندگی کرتی ہے، جبکہ ۶ء۳۴؍ فیصد نے کہا کہ ان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ محض ۴ء۱۵؍ فیصد اراکین نے بتایا کہ مسلم طلبہ کو متاثر کرنے والے فیصلوں پر ان کی اسلامک سوسائٹی سے باقاعدگی سے مشاورت کی جاتی ہے۔ کمیٹی کے ایک رکن نے کہا کہ ادارہ جاتی مدد تک رسائی مشکل ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان طلبہ کیلئے جن کے ذاتی روابط نہیں ہیں یا جنہیں یہ علم نہیں کہ مدد کہاں سے طلب کی جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں اور اسٹوڈنٹس یونینز کو اسلامک سوسائٹیز کو شراکت دار تسلیم کرنا چاہئے اور مسلم طلبہ پر اثر انداز ہونے والی پالیسیوں پر ان سے باقاعدہ مشورہ کرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: فلسطین اور یورپی یونین کا عام انتخابات کی تیاری کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پراتفاق
اس رپورٹ میں یونیورسٹیوں، اسٹوڈنٹس یونینز، ریگولیٹرز اور حکومت کیلئے کئی سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔ یونیورسٹیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شکایات کے ازالے کے نظام کو بہتر بنائیں، رپورٹنگ سسٹم میں اسلاموفوبیا کا ایک مخصوص زمرہ (کیٹیگری) شامل کریں اور آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی اسلاموفوبیا کی تعریف یا اسلامک سوسائٹیز کی مشاورت سے تیار کردہ اس کے مساوی تعریف کو اپنائیں۔ جمعہ کی نماز کے اوقات کو لازمی تدریسی اوقات سے محفوظ رکھنے، عید کے دنوں میں امتحانات نہ لینے اور دیگر مذاہب کی برادریوں کے برابر فنڈنگ کے ساتھ مذہبی رہنمائی کی خدمات فراہم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ اسٹوڈنٹس یونینز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقررین اور پروگراموں کی منظوری کے اپنے طریقہ کار پر نظرثانی کریں اور اسلامک سوسائٹیز کے ساتھ باقاعدہ مشاورت کا نظام قائم کریں۔ رپورٹ میں آفس فار اسٹوڈنٹس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی رہنما ہدایات میں اسلاموفوبک ہراسانی کا تدارک کرے، جبکہ یونیورسٹیز یوکے اور گلڈ ایچ ای کو چاہئے کہ وہ فوسس اور مسلم طلبہ کے ساتھ مل کر پورے تعلیمی شعبے کیلئے یکساں معیارات مرتب کریں۔ حکومت پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ فنڈنگ کے ذریعے اسلاموفوبیا کی تربیت اور مسلم چیپلنسی کی حمایت کرے اور پریوینٹ کی ہدایات پر نظرثانی کر کے اس بات کو یقینی بنائے کہ مذہبی فرائض کی ادائیگی اور قانونی سیاسی اظہارِ رائے کو انتہا پسندی کی علامت نہ سمجھا جائے۔ فوسس نے کہا کہ یونیورسٹیوں، ریگولیٹرز اور سرکاری اداروں کو اپنی پالیسیوں اور طرزِ عمل کا جائزہ لینا چاہئے اور رپورٹ میں اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ رپورٹ کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ طلبہ کو اپنی تعلیم اور مذہبی فرائض میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہئے اور نہ ہی اپنے تجربات پر آواز اٹھانے کی صورت میں امتیازی سلوک کا خطرہ مول لینا چاہئے۔