آن لائن کلاسیزکے لئے تمام بی ایم سی اسکولوں کے اساتذہ کو سبھی طلبہ کے والدین کے موبائل فون میںخان اکیڈمی کلاسیز کا رجسٹریشن کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2025, 2:04 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
آن لائن کلاسیزکے لئے تمام بی ایم سی اسکولوں کے اساتذہ کو سبھی طلبہ کے والدین کے موبائل فون میںخان اکیڈمی کلاسیز کا رجسٹریشن کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
بی ایم سی محکمہ تعلیم نے ششم تا دہم جماعت کے طلبہ کیلئے انٹر نیٹ کے ذریعہ خان اکیڈمی کے توسط سے سائنس اور علم ریاضی کی جدید کلاسیز شروع کی ہیں ۔ اس تعلق سے تمام بی ایم سی اسکول کے ٹیچروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو ان کے والدین یا ان کے ذاتی موبائل پر خان اکیڈمی کی آن لائن کلاسیز میں رجسٹرڈ کرائیں تا کہ طلبہ اسکول کے علاوہ ایک طے شدہ دن اور وقت میں علم ریاض اور سائنس کی تعلیم حاصل کرسکیں ۔ بی ایم سی کے تعلیمی اعتبار سے اٹھائے گئے قدم سے بڑی تعداد میں طلبہ بھی اس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تاہم بعض طلبہ تکنیکی مسائل یا ڈیوائس کی عدم دستیابی کے سبب اس کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں ۔ بی ایم سی محکمہ تعلیم نے دہم جماعت میں زیر تعلیم طلبہ کو خان اکیڈمی کی آن لائن کلاسس سے مستفید کرانے کے ساتھ اب ششم تا نہم جماعت کے طلبہ کو بھی علم ریاضی اور سائنس کے مضامین میں پختگی پیدا کرنے اور فیضیاب کرنے کے مقصد سے تین سال کے لئے مفت کلاسس مہیا کرائی ہے۔ اس سلسلے میں جہاں ایک طرف ممبئی اور ریاست کے تمام اسکولوں کے اساتذہ کو طلبہ کے والدین کے موبائل پر خان اکیڈمی کی آن لائن کلاسس میں رجسٹرڈ کرانے کی ذمہ داری دی ہے، وہیں دوسری طرف والدین سے ہفتہ میں دو بار جمعرات اور جمعہ کو ریاضی اور سائنس کی کلاسس باقاعدہ جوائنٹ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
اس ضمن میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نثار خان نے جہاں مذکورہ خان اکیڈمی کی آن لائن کلاسیز سے ایک لاکھ ۱۲؍ ہزار بچوں کے رجسٹرڈ کئے جانے کی اطلاع دی، وہیں اب تک ۶۱؍ ہزار سے زائد بچوں کے باقاعدہ جمعرات اور جمعہ کو ۸؍ تا ۱۰؍ بجے کلاسیز جوائنٹ کرنے اور مستفیض ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’طلبہ کو سائنس اور ریاضی میں پختگی پیدا کرنےاور انہیں فیض پہنچانے کے مقصد سے ۳؍ سال ۲۰۲۵ء تا ۲۰۲۸ءتک کے لئے مفت کلاسیز کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ تاہم انٹر نیٹ یا تکنیکی مسائل کے سبب بعض طلبہ اس سے مستفیض نہیں ہو پارہے ہیں، اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے بعد کوئی ٹھوس لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ ‘‘
موصولہ اطلاع کے مطابق خان اکیڈمی پلیٹ فارم کے ذریعہ ’گنتی گرووار ‘ کے نام سے بی ایم سی محکمہ تعلیم کے اٹھائے گئے اس قدم کو والدین نے بھی سراہا ہے لیکن ساتھ ہی تکنیکی مسائل، موبائل نہ ہونے یا پھر انٹر نیٹ کی سہولت کے فقدان کے سبب کئی طلبہ کے اس سے محروم رہنے کی شکایت بھی کی ہے۔ بعض والدین نے اسکول کی سطح پر اساتذہ سے ان مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اسکول ہی میں اکسٹرا کلاسیزکا نظم کرکے طلبہ کو خان اکیڈمی کی کلاسس سے مستفیض کرائے جانے کی اپیل بھی کی ہے۔ بعض والدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف والد کے پاس موبائل فون ہونے اور ان کے کام پر چلے جانے کے سبب طلبہ ان کلاسیز کا فائد ہ نہیں اٹھا پارہے ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تین سال تک بی ایم سی اسکولوں کے ایس ایس سی میں زیر تعلیم طلبہ ہی اس سے مستفیض ہورہے تھے۔ وہیں اب ریاستی محکمہ تعلیم نے بی ایم سی کی ششم تا نہم جماعت کے طلبہ کو بھی خان اکیڈمی کی مفت آن لائن کلاسس میں رجسٹرڈ کرادیا ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ خان اکیڈمی کی آن لائن کلاسیز میں طلبہ کو ان کی جماعت اور مضامین کے اعتبار سے آن لائن سوالات دیئے جاتے ہیں جو انہیں حل کرنا ہوتا ہے۔ اگر کوئی طالب علم سوال کا جواب دینے میں ناکام ہورہا ہوتا ہے یا اسے سوال حل کرنے میں دشواری پیش آرہی ہو تو وہ اسی پورٹل پر ویڈیو کی شکل میں موجود سوال کو سمجھ کر اور سن کر اسے حل کرنے کی مشق کر سکتا ہے۔