Inquilab Logo

’’مجھے پارٹی نے اوبی سی سماج کی ریلی میں شرکت کی اجازت نہیں دی ‘‘

Updated: November 19, 2023, 11:57 AM IST | Agency | Mumbai

پنکجا منڈے کا بھجبل کی ریلی میں شریک نہ ہونا موضوع بحث، پوسٹر میں تصویر بھی تھی لیکن خاتون لیڈر نہیں پہنچیں۔

Pankaja Munde. Photo: INN
پنکجا منڈے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کے سب سے بڑے اوبی سی لیڈر گوپی ناتھ منڈے کی بیٹی پنکجا منڈے کا جالنہ میں ہوئی او بی سی ریلی سے غیر حاضر رہنا اس وقت موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ این سی پی لیڈر چھگن بھجبل کی ایما پر جمعہ کو مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے کے آبائی ضلع جالنہ میں ان کے گائوں کے قریب ہی او بی سی سماج کی ریلی منعقد کی گئی تھی جس میں مہاراشٹر کے تقریباً تمام او بی سی لیڈر پہنچے تھے۔ کانگریس کے وجے وڈیٹی وار بی جے پی کے گوپی چند پڈلکر اور اوبی سی سماج کی تنظیموں کے لیڈران اس میں شامل تھے لیکن پنکجا منڈے جو کہ اس وقت بی جے پی سے ناراض ہیں اور گزشتہ دنوں اپنے طور پر ریلیاں نکال کر او بی سی سماج کو متحد کرنے کی کوشش کر چکی ہیں وہ غیر حاضر تھیں ۔
اس موقع پر چھگن بھجبل نے ریلی میں خاص طور پر پنکجا منڈے کے والد کو یاد بھی کیا۔ بھجبل نے کہا ’’ آج یہاں تمام او بی سی لیڈر موجود ہیں لیکن سب سے بڑے لیڈر گوپی ناتھ منڈے یہاں نہیں ہیں ۔ وہ ہوتے تو آج او بی سی سماج پر یہ وقت ہی نہیں آتا۔ ‘‘ البتہ انہوں نے پنکجا منڈے کا نام نہیں لیا۔ پنکجا منڈے نے بعد میں اس ریلی کے تعلق سے کہا کہ وہ اس میں شریک ہونا چاہتی تھیں لیکن ان کی پارٹی نے انہیں اسکی اجازت نہیں دی۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل پنکجا منڈے سے ملاقات کرنے والے بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے بھی او بی سی لیڈر ہیں ۔ وہ بھی اس ریلی میں دکھائی نہیں دیئے۔ بی جے پی کی نمائندگی کے طور پر اس ریلی میں گوپی چند پڈلکر تھے جو دھنگر سماج سے تعلق رکھتے ہیں حالانکہ دھنگر سماج کا شمار او بی سی زمرے میں نہیں ہوتا۔ قیاس لگایا جا رہا ہے کہ جمعرات کو باونکولے نے جو پنکج سے ملاقات کی تھی وہ اسی لئے کی تھی کہ انہیں ریلی میں شریک ہونے سے روکا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK