• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیرس اولمپکس سے قبل شہر کی تیز رفتار ریل لائن پر سائبر حملہ، ۸؍ لاکھ مسافر متاثر

Updated: July 26, 2024, 6:24 PM IST | Paris

گزشتہ رات پیرس کی تیز رفتار ریل نیٹ ورک ایس این سی ایف کو سائبر حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران متعدد مقامات پر املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا ہے۔ تاہم، کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ فرانسیسی حکام نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ چند گھنٹوں میں اولمپکس کی افتتاحی تقریبات شروع ہوں گی۔

Waiting for a passenger train at Gare de Montpasare station. Photo: PTI
گارے دی مونپاسارے اسٹیشن پر مسافر ٹرین کا انتظار کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

پیرس میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل یہاں کی تیز رفتار ٹرین سروسیز پر حملہ کیا گیا۔ یہ صرف سائبر حملہ نہیں تھا۔ متعدد مقامات پر املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔فرانسیسی حکام اسے مجرمامہ افعال اور ماحول خراب کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔ یہ ریل نیٹ ورک پیرس کو لندن، انگلش چینل اور بلجیم سے جوڑتا ہے۔ یہی نہیں شہر بھر میں اس کی پٹریوں کا مستحکم نیٹ ورک ہے۔

پیرس پولیس کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ ایس این سی ایف ریلوے لائنس پر راتوں رات ہونے والے حملوں کے بعد پیرس کے ٹرین اسٹیشنوں پر سیکوریٹی بڑھانے کیلئے مزید فورس تعینات کی جائے گی۔ لارینٹ نونیز نے براڈکاسٹر فرانس کو بتایا کہ جمعہ کو مزید پولیس فورس کو پیرس کے تمام اسٹیشنوں پر بھیج دیا گیا ہے کیونکہ شدید رکاوٹوں کے بعد ان علاقوں میں لوگ بھیڑ میں گئے ہیں۔ اس سے قبل فرانسیسی ریلوے کمپنی ایس این سی ایف نے کہا تھا کہ پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل رات بھر اس کی ریل لائنس میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

کمپنی نے ایکس پر کہا کہ ’’ راتوں رات میں ایس این سی ایف پر سائبر حملہ کیا گیا۔ یہی نہیں بلکہ ہماری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کیلئے کئی جگہوں پر جان بوجھ کر آگ بھی لگائی گئی۔‘‘ کمپنی نے نوٹ کیا کہ اس کی تیز رفتار لائن ایل جی وی ساؤتھ ایسٹ متاثر نہیں ہوئی کیونکہ سائبر حملے کو ردک دیا گیا تھا۔ کمپنی نے مزید کہا کہ کچھ روٹس پر تیز رفتار ٹرینیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اس لئے مسافروں سے کہا کہ وہ سفر نہ کریں۔

گارے دو نورد اسٹیشن کے باہر سیکوریٹی اہلکار پہرہ دے رہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

فرانسیسی نشریاتی ادارے بی ایف ایم ٹی وی کے مطابق یورواسٹار کی خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ ادارے نے وضاحت کی کہ ذرائع کے مطابق کچھ شمالی اور مشرقی لائنوں پر ریل لوکیشن کیبنٹ کو نقصان پہنچا اور کیبلز کو آگ لگا دی گئی اور انہیں کاٹ دی گئی۔ اس عمل میں تقریباً ۸؍ لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کا آغاز چند گھنٹوں میں ہوگا، ایسے میں ٹرینوں پر حملہ تشویشناک قرار دیا جارہا ہے۔ فرانسیسی حکام حملہ آور اور حملے کی وجہ جاننے کیلئے تفتیش کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK