لداخ میں ’ایچ آئی اے ایل‘ کا جائزہ لینے کے بعد اس کیلئے یوجی سی کی منظوری کی سفارش کی، دیگر تعلیمی اداروں میں بھی اس ماڈل کو آزمانے کا مشورہ۔
سونم وانگ چُک ۲۶؍ ستمبر سے جیل میں بند ہیں۔ تصویر:آئی این این
لداخ کے ماہرتعلیم اور سماجی کارکن سونم وانگ چُک جو لداخ کو ریاستی درجہ دینے کے مظاہرہ کے دوران تشدد پھوٹ پڑنے کی وجہ سے مودی حکومت کے عتاب کا شکار اور جیل میں بند ہیں،ان کے قائم کردہ ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹیوز(ایچ آئی اے ایل) کی کارکردگی کی پزیرائی کرتےہوئے پارلیمانی کمیٹی نے اسے ’’غیر معمولی‘‘ قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارلیمانی پینل نے اس ادارہ کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی ) کی منظوری دینے اور اس ماڈل کو ملک کے دیگر تعلیمی اداروں میں بھی آزمانے کا مشورہ دیا ہے۔
اس ہفتے کے اوائل میں پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ کی سربراہی والی کمیٹی نے ایچ آئی اے ایل کو اب تک یوجی سی کی منظوری نہ ملنے پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔ کمیٹی نے یہ سفارش کی ہے کہ وزارتِ تعلیم ایچ آئی اے ایل کے ماڈل کا باریک بینی سے مطالعہ کرے اور غورکرے کہ اسے ’’سینٹر آف انوویشن اِن ایجوکیشن ‘ یا دیگر اقدامات کے ذریعے دیگر تعلیمی مراکز میں کیسے نافذ کیا جاسکتاہے۔
تعلیم، خواتین، نوجوانوں اور کھیلوں سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’لداخ کے اسڈی دورہ میں کمیٹی ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹیوز میں تعلیمی، تحقیقی اور کاروباری نظام سے بے حد متاثر ہوئی، خاص طور پر مقامی سماجی، ثقافتی اور ماحولیاتی تناظر میں تجرباتی تعلیم کے کامیاب نفاذ نے اسے متاثر کیاہے۔‘‘ کمیٹی نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ یو جی سی نے اب تک اسے منظوری نہیں دی اور یہ معاملہ کئی برسوں سے زیرِ التوا ہے۔ کمیٹی نے اپنے مشاہدہ میں کہا ہے کہ ایچ آئی اے ایل نے مقامی افراد پر زبردست اثر ڈالا ہے اور آئس اسٹوپا اور مقامی افراد کی شمولیت کے ساتھ دیگر سرگرمیوں کے ذریعے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ سونم وانگ چُک کو۲۶؍ ستمبر کو سخت قومی سلامتی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیاگیا تھا اور تب سے وہ جیل میں ہی ہیں۔ اس کے بعد لداخ انتظامیہ نے ان کے ادارہ کودی گئی زمین کا الاٹمنٹ منسوخ کر دیا نیز خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرکے ایف سی آر اے کے تحت دیاگیا اس کا غیر ملکی چندہ حاصل کرنے کا ختیار بھی ختم کردیا گیا۔